روشن راستہ - 4

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی


روشن راستہ (4)
 سنڈے ایکسپریس 20 نومبر 2016ء 


سائنس و ٹیکنالوجی کی بے انتہا ترقی کے باوجود لاتعداد افراد کے جسمانی، ذہنی، نفسیاتی، جذباتی اور روحانی مسائل میں  اضافہ ہوا ہے۔ مسائل کے حل اور بیماریوں  سے شفاء   پانے کے لے جدید طریقوں  کے ساتھ ساتھ صدیوں  قدیم کئی طریقے بھی انسانوں  کے لیے نہایت مفید اور موثر ہیں ۔ ان میں  روحانی علاج، طب نبوی، طب یونانی، کلر تھراپی، پیراسائیکلوجی اور دیگر متبادل طب Alternative Therapies شامل ہیں۔

 معروف اسکالر ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی  اپنے  کالم  ’’روشن  راستہ  ‘ میں  قارئین کے مختلف مسائل اور امراض پر  اپنی رائے ، مشورہ  اور حسبِ ضرورت متبادل طب سے علاج پیش کریں  گے۔



بھابیوں کے طعنے


سوال: ہم چار بہنیں اور تین بھائی ہیں۔ سب شادی شدہ ہیں۔ ہماری ایک بہن شادی کے تین سال بعد بیوہ ہوگئی۔ اس کے شوہر ایک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس کا ایک بیٹا ہے۔ حادثے کے چند ہفتوں بعد ہی اس کے سسرال والوں کے رویوں میں تبدیلیاں آنے لگی تھیں۔ عدت کے بعد ہمارے والد اپنی بیٹی اور نواسے کو اپنے ساتھ لے آئے۔ والد پہلے ہی بیمار تھے اس پر بیٹی کا غم، چند ماہ بعد ہارٹ اٹیک میں ہمارے والد کا انتقال ہوگیا۔ جب تک ابا جان حیات تھے گھر میں ہماری بہن اپنے بیٹے کے ساتھ آرام سے رہ رہی تھی۔ ابا جان کے انتقال کے چند ہفتوں بعد ہماری بھابیوں نے اس بہن کو مختلف حیلوں بہانوں سے روکنا ٹوکنا شروع کردیا۔ ہماری امی نے کچھ مزاحمت کی، اپنے بیٹوں کو سمجھایا لیکن ہمارے بھائیوں کی اپنی بیویوں کے سامنے نہ چل سکی۔  اب صورت حال یہ ہے کہ ہماری بیوہ بہن اپنے ماں باپ کے گھر میں بھی خود کو نظر انداز کردہ اور Unwanted محسوس کرتی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ مجھے کوئی اچھی ملازمت مل جائے تو بھابیوں کے طعنوں سے کچھ جان چھوٹے لیکن اس کی تعلیم صرف انٹر تک ہے اسے کوئی اچھی ملازمت کیسے مل پائے گی۔ میرے شوہر کہتے ہیں کہ اس کی دوسری شادی کروادی جائے  لیکن اس کے لیے ہماری نظر میں کوئی اچھا رشتہ نہیں ہے۔
محترم عظیمی صاحب۔۔۔۔۔۔۔! برائے کرم اس کے لیے دعا فرمائیں اور ہمیں اللہ کا کلام بتائیں کہ اس کا کسی اچھی جگہ رشتہ ہوجائے جو اسے بیٹے کے ساتھ قبول کرلے۔
(ج۔ م۔ لاہور)

جواب: میری دعا ہے کہ آپ کی بھابیوں کے دل میں نرمی آئے اور وہ اپنی دکھی نند کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آئیں۔ دعا ہے کہ آپ کے بھائیوں کو بھی اپنی بہن کے سر پر ہاتھ رکھنے کی توفیق ملے۔
عشاء کی نماز کے بعد 101 مرتبہ سورہ بقرہ (2) کی آیت نمبر 163گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اس بہن کے لیے اچھی جگہ رشتہ طے ہونے اور خوش و خرم ازدواجی زندگی کے لیے دعا کریں۔ اپنی بہن سے کہیں کہ وہ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسم یا وھاب کا ورد کرتی رہیں۔
یہ عمل کم از کم نوے روز تک جاری رکھیں۔ ناغہ کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔

برادری میں شادی 


سوال:ہماری برادری میں آپس میں ہی رشتے کرنے کا رواج کئی نسلوں سے چلا آرہا ہے۔ بچے ابھی چھوٹے ہی ہوتے ہیں کہ خاندان کے بزرگ ان کے رشتے طے کردیتے ہیں۔ پہلے ہمارے ہاں لڑکوں اور لڑکیوں کو تعلیم دلوانے کا رواج بھی نہیں تھا۔ لڑکے کوئی ہنر سیکھتے یا کاروبار کرتے۔ گزشتہ تیس پینتس سال سے لڑکوں نے تعلیم حاصل کرنا شروع کی لیکن ابھی بھی کئی لڑکے تعلیم  میں دلچسپی نہیں لے رہے۔  اب برادری کی کئی لڑکیاں بھی تعلیم کے لیے کالج اور یونیورسٹی جارہی ہیں۔ برادری یا خاندان  کے بزرگوں کی جانب سے کیے جانے والے کئی  رشتوں پر اب نوجوان نسل کو اعتراضات ہونے لگے ہیں۔  کچھ لڑکوں نے بزرگوں کے دباؤ پر خاندان میں شادی تو کرلی لیکن کچھ عرصہ بعد اپنی پسند سے ایک شادی اور کرلی۔ عجیب بات ہے کہ بزرگوں کے طے کردہ رشتوں سے انکار کیا جائے تو برادری بائیکاٹ کی دھمکی دیتی ہے لیکن اگر برادری میں کوئی صاحب  ایک شادی برادری سے باہر بھی کرلیں تو انہیں کوئی کچھ نہیں کہتا۔ ایسی کئی خواتین جن کے شوہر دوسری شادی کرچکے ہیں اپنے شوہر کی محبت کے لیے ترسی ہوئی بیٹھی ہیں۔ یہ تو مردوں کی بات ہوئی لیکن لڑکوں کے لیے خاندان سے باہر شادی برادری میں قطعی برداشت نہیں کی جاتی۔
اب مسئلہ یہ ہے کہ میری چھوٹی بہن نے اچھے نمبروں کے ساتھ بی ایس سی کرلیا ہے۔ اس کا رشتہ جس لڑکے سے طے ہوا ہے وہ آٹھویں تک بمشکل پڑھ پایا۔ اس کے بعد اس نے اپنے والد کے ساتھ دکان پر جانا شروع کردیا۔ ہمیں پتہ چلا ہے کہ اس لڑکے کے دوست بھی اچھے نہیں ہیں۔ پہلے یہ سگریٹ پیا کرتا تھا اب سنا ہے کہ نشہ بھی کرنے لگا ہے۔ ہم سب بہن بھائیوں کو ہمارے والد نے اعلیٰ تعلیم دلوائی ہے۔ ہماری بہن اور اس  کے منگیتر کے مزاج میں بھی بہت فرق ہے۔ ہماری بہن کہتی ہے کہ اس کے ساتھ وہ خوش نہ رہے سکے گی۔ اس کا کہنا ہے کہ بھلے برادری میں ہی رشتہ طے کیا جائے لیکن کسی پڑھے لکھے اور اچھی صحبت والے لڑکے کے ساتھ طے کیا جائے۔ واقعی یہ رشتہ بہت بے جوڑ ہے۔ لیکن ہم برادری کے رواج کی وجہ سے مجبور ہیں۔ ہمارے والد نے اس رشتے کے بے جوڑ ہونے کی بات برادری کے بزرگوں سے کی ہے۔ اس معاملے پر غور اور فیصلے کے لیے بڑے اگلے مہینے بیٹھیں گے۔
(س۔ل۔ملتان)

جواب: برادری یا خاندان میں ہی شادی کرنا برصغیر بلکہ کئی عرب ممالک میں بھی صدیوں پرانا رواج ہے۔ صرف مسلمانوں میں ہی نہیں دیگر مذاہب کے ماننے والوں میں بھی یہ رواج ہے۔ اس رواج کے تحت بے جوڑ شادیوں میں بھی عورتیں گزارا کر ہی لیتی تھیں۔ اب اکیسویں صدی میں کئی جگہ اس رواج کی مزاحمت ہورہی ہے۔ کئی برادریوں میں بزرگوں نے استثنیٰ دینا بھی شروع کردیا ہے۔ میری دعا ہے کہ برادری میں آپ کے والد کی بات پر توجہ دی جائے اور اس معاملے پر کوئی بہتر فیصلہ سامنے آئے۔
عشا کی نماز کے بعدسورہ ٔ عنکبوت کی پہلی دو آیات گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں یہ معاملہ خوش اسلوبی  اور خیر و عافیت کے ساتھ حل ہو۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔

بیٹا باہر جانا چاہتا ہے۔۔۔۔۔


سوال: میرے بیٹے کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا بہت شوق ہے۔ اُسے کیمسٹری  پسند ہے۔ بیٹا گریجویشن کے لیے امریکہ یا برطانیہ جانا چاہتا ہے۔ میرے شوہر کا اچھا بڑا کاروبار ہے۔ ہم بیٹے کی بیرونِ ملک تعلیم افورڈ کرسکتے ہیں لیکن میرے شوہر نہ تو اس کے کیمسٹری پڑھنے سے خوش ہیں اور نہ ہی بیرونِ ملک تعلیم کے لیے اجازت دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بیٹا پاکستان سے ہی بزنس کے مضامین میں گریجویشن کرلے اور ان کے کاروبار میں دلچسپی لے۔ باپ بیٹے کے اس عدم اتفاق سے ہمارے گھر میں بہت ٹینشن ہوگئی ہے۔
(ف۔ر۔ کراچی)

جواب: رات سونے سے پہلے 101مرتبہ سورہ انعام (6)کی آیت نمبر 54گیارہ گیارہ مرتبہ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں کہ آپ کے شوہر کو بیٹے کے ساتھ تعاون اور اس کی حوصلہ افزائی کی توفیق ملے۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔


بیٹے کی نوکری ہوجائے


سوال :میرے شوہر ایک سرکاری ادارے میں کام کرتے تھے۔ بلڈ پریشر اور شوگر کے مریض تھے۔ کم آمدنی کے باعث ان کا صحیح علاج بھی نہ ہوسکا اور ہارٹ اٹیک میں ان کا انتقال ہوگیا۔ میرے پانچ بچے ہیں۔ ایک بیٹے نے بی ایس سی کرلیا ہے۔ میں نے شوہر کے دفتر میں درخواست دی کہ وہ میرے بیٹے کو اپنے ڈیپارٹمنٹ میں ملازم رکھ لیں۔ ڈائریکٹر صاحب نے وعدہ کیا کہ وہ میری درخواست اچھے ریمارکس کے ساتھ حکام بالا تک پہنچائیں گے۔ آٹھ مہینے ہوگئے ہیں ابھی تک کام نہیں ہوا ہے، شوہر کی پینشن کے معاملات بھی رکے ہوئے ہیں۔ میرا بیٹا دفتروں کے چکر لگا لگا کر تھک گیا ہے۔ بیٹی نے گھر پر ٹیوشن پڑھانا شروع کیا ہے لیکن اس کام میں بھی کوئی خاص کامیابی نہیں ہورہی۔
(سردار بی بی۔ لاہور)

جواب: عشاء کی نماز کے بعد اکتالیس مرتبہ سورہ آل عمران (3) کی آیات 73-74 گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر حالات کی بہتری اور خیر و برکت کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ سب گھر والے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا واسع یا رزاق کا ورد کرتے رہیں۔

عشق کا جنون

سوال: پہلے میرے موبائل پر ایک میسج آیا۔ اس کے بعد اس کا فون آیا۔ مجھے اچھا لگا اور میں اس سے باتیں کرنے لگی۔ میری سہیلیوں نے مجھے سمجھایا کہ ہر ایرے غیرے پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے۔ پتہ نہیں وہ کون ہے اور کیا ہے۔ یہ بات میں نے اسے بتائی تو اس نے اپنی والدہ کو ہمارے ہاں بھیج دیا۔ انہوں نے ہمارے گھر آکر کہا کہ وہ محض اپنے بیٹے کی وجہ سے رشتہ لے کر آئی ہیں۔ اس کی تعلیم زیادہ نہ تھی اور نہ ہی کام کوئی ڈھنگ کا تھا۔ بہرحال دونوں گھرانوں کی مخالفت کے باوجود میری اور اس کی ضد کی وجہ سے یہ شادی ہوگئی۔ شادی کے تین ہفتے بعد میرے سسر نے میرے شوہر کو اپنا بندوبست کرنے کا کہا۔ اس طرح ہم کم کرائے کا مکان ڈھونڈتے ہوئے ایک پسماندہ علاقے میں پرانی سی بلڈنگ کے ایک کمرے کے فلیٹ میں آگئے۔ میرا میکہ اور سسرال دونوں ہی خوش حال ہیں لیکن میرا شوہر روزگار کے لیے سنجیدہ نہیں۔ کہیں دل لگا کر کام نہیں کرتا۔ میری والدہ ہر ماہ مجھے کچھ رقم دے دیتی ہیں جس سے فلیٹ کا کرایہ اور بجلی کا بل ادا کردیتی ہوں۔ شادی کے بعد پتہ چلا کہ یہ کبھی کبھی نشہ بھی کرتا ہے ۔ کبھی غصے میں ہو تو مجھے مارتا بھی ہے۔
موبائل فون پر دوستی ہوئی۔ عشق کے جنون میں ضد کی وجہ سے شادی ہوئی لیکن اب میں بہت پچھتاتی ہوں۔ شوہر کم پڑھا لکھا، کام سے جی چرانے والا اور نشہ کرنے والا ہے۔ اس غیر ذمہ دار اور بے حس آدمی کے ہاتھوں پٹتی بھی ہوں۔ کبھی غصے میں یہ بھی کہہ دیتا ہے کہ تم اپنی ماں کے گھر چلی جاؤاور میں اپنے گھر چلا جاتا ہوں۔ کاش میں جذبات میں آکر اپنے والدین کی نافرمانی نہ کرتی۔
محترم وقار عظیمی صاحب۔۔۔۔! کوئی دعا بتائیں کہ میں صحیح فیصلہ کرسکوں اور میرے حالات بہتر ہوں۔
(ک۔ل۔ کراچی)

جواب: عشاء کی نماز کے بعد 101 مرتبہ سورہ مریم (19)کی ابتدائی چار آیات گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں اور رہنمائی طلب کریں۔ اللہ نے چاہا چند ہفتوں میں کوئی واضح لائحہ عمل سامنے آجائے گا۔

مکان پر اثرات


سوال: ہم چند ماہ پہلے نئے مکان میں شفٹ ہوئے ہیں۔ یہاں آنے کے بعد گھر والے یکے بعد دیگرے بیمار رہنے لگے ہیں۔ شوہر کی صحت بہت متاثر ہوئی ہے۔ وہ ایک چاق و چوبند اور متحرک آدمی ہیں لیکن اب کئی مہینوں سے جسم میں درد، بے چینی اور کام سے بیزاری کی شکایت کر رہے ہیں۔ انہیں غصہ بھی بہت آنے لگا ہے۔
(ا۔ا۔ حیدرآباد)
جواب: سورہ الزلزال ایک سفیدA4 سائز کے کاغذ پر سیاہ روشنائی سے لکھوا لیں یا کمپوز کرواکر پرنٹ نکلوا لیں۔ اسے فریم کرواکر یا پلاسٹک کوٹنگ کرواکر  مکان میں کسی اونچی جگہ پر لگادیں۔
صحت مند جانور گھر پر کم از کم تین دن تک رکھیں۔ اس کے بعد اسے ذبح کرکے اس کا گوشت مستحقین میں تقسیم کردیں۔
مکان میں کم از کم اکیس روز تک عصر و مغرب کے درمیان لوبان کی دھونی دیں۔

بچے کی تعلیم پر نظر


سوال:میرا بیٹا پڑھائی میں ہمیشہ اچھا رہا ہے۔ میٹرک میں اس کے بہت اچھے نمبر آئے۔ سب رشتہ داروں، دوستوں نے مبارکباد دی جبکہ کچھ رشتہ داروں نے کہا کہ ہائے اس سال بھی اے ون گریڈ لایا ہے۔ اب فرسٹ ایئر میں اس کا حال یہ ہے کہ جو کچھ پڑھتا ہے اگلے دن بھول جاتا ہے۔ کہتا ہے کہ پڑھتے وقت مجھے اپنے ذہن پر بہت بوجھ محسوس ہوتا ہے۔ کلاس میں بھی پڑھائی میں زیادہ دلچسپی نہیں لے رہا۔ ہمیں شبہ ہے کہ اس بچے کی تعلیم پر حاسدوں کی نظر لگ گئی ہے۔
(ب۔ج۔ راولپنڈی)

جواب: ذہین اور ہوشیار بچوں کو نظر لگنے کے خدشات زیادہ ہوتے ہیں۔ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کسی طالب علم کو نظر لگ جائے تو اس کی طرف سے حسب استطاعت صدقہ دیا جائے۔ صبح اور رات سوتے وقت اکیس مرتبہ سورہ فاتحہ (35)کی پہلی اور دوسری آیت تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے بچے کو پلائیں اور اس پر دم بھی کردیں۔
اپنے بیٹے سے کہیں کہ وہ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا حفیظ، یا علیم، یا سلام کا ورد کرتا رہے۔

بھائی کی آنکھوں پر پٹی


سوال: جب ہمارے والد صاحب کا انتقال ہوا تو اس وقت ہمارے بڑے بھائی کی عمر بائیس سال تھی اور وہ یونیورسٹی میں پڑھ رہے تھے۔ ہمارے والد کا اپنا کاروبار تھا۔ بھائی نے پڑھائی چھوڑ کر کام پر جانا شروع کردیا۔ انہیں کاروبار کی کچھ سمجھ نہ تھی۔ انہوں نے اپنے دوستوں سے مشورہ کیا۔ اس دوران بھائی کو ایک چرب زبان آدمی مل گیا۔ اس نے الٹی سیدھی باتیں کرکے بھائی کا اعتماد حاصل کرلیا اور ہمارے کاروبار میں شامل ہوگیا۔ کچھ مہینے بعد اس نے بھائی کو نشہ پر بھی لگا دیا۔ والد صاحب کے انتقال کے تین برس بعد حالت یہ ہے کہ ان کا کاروبار دوسروں کے ہاتھوں میں ہے۔ بھائی کو وہ آدمی ہر ماہ ایک لگی بندھی رقم دے دیتا ہے اور ہفتے میں دو تین دن شام کو انہیں اپنے ساتھ شرابی دوستوں میں لے جاتا ہے۔ ہماری امی اور ہم سب چھوٹے بہن بھائی اس آدمی کی وجہ سے بہت فکر مند اور پریشان ہیں لیکن ہمارے بڑے بھائی صاحب اسے اپنا محسن کہتے ہیں۔ پتہ نہیں ہمارے بھائی کی آنکھوں پر بندھی پٹی کب اترے گی۔
(رخسانہ ارشد۔ فیصل آباد)

جواب: رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ سورہ احزاب (33)کی آیت 43 گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے بھائی کا تصور کرکے دم کریں اور دعا کریں کہ اندھیروں سے نکل کر روشنی کی طر ف آنے کے لیے اسے اللہ کی مدد مل جائے۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔


خط بھیجنے کے لیے پتہ ہے۔
 روشن راستہ
ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی،
 سنڈے میگزین ، روزنامہ ایکسپریس 
کورنگی روڈ ، کراچی۔



[از : سنڈے ایکسپریس ، 20 نومبر 2016ء ]

اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے