روشن راستہ - 14

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی


روشن راستہ (14)


 سنڈے ایکسپریس  12 مارچ 2017ء 


سائنس و ٹیکنالوجی کی بے انتہا ترقی کے باوجود لاتعداد افراد کے جسمانی، ذہنی، نفسیاتی، جذباتی اور روحانی مسائل میں  اضافہ ہوا ہے۔ مسائل کے حل اور بیماریوں  سے شفاء   پانے کے لے جدید طریقوں  کے ساتھ ساتھ صدیوں  قدیم کئی طریقے بھی انسانوں  کے لیے نہایت مفید اور موثر ہیں ۔ ان میں  روحانی علاج، طب نبوی، طب یونانی، کلر تھراپی، پیراسائیکلوجی اور دیگر متبادل طب Alternative Therapies شامل ہیں۔

 معروف اسکالر ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی  اپنے  کالم  ’’روشن  راستہ  ‘ میں  قارئین کے مختلف مسائل اور امراض پر  اپنی رائے ، مشورہ  اور حسبِ ضرورت متبادل طب سے علاج پیش کریں  گے۔




مراقبے کے اثرات


(گذشتہ سے پیوستہ): 
گذشتہ ہفتے شائع ہونے والے محمد خاور (کراچی) کے استفسار بعنوان ’’مراقبہ کیا ہے؟‘‘ پر مزید چند معروضات:
سائنس دانوں کے تحقیقی نتائج کے مطابق مراقبہ نہ صرف ذہنی سکون اور یکسوئی حاصل کرنے کے لیے بہت مفید ہے بل کہ یہ صحت اور حسن کا محافظ بھی ہے۔ یہ بات نوٹ کی گئی ہے کہ پابندی سے اور ٹھیک طریقے سے مراقبہ کرنے والوں میں کشش بہت بڑھ جاتی ہے۔
مراقبہ کرنے والے نوجوانوں میں قوتِ عمل میں اضافہ ہوتا ہے۔ چالیس سال سے زیادہ عمر کے افراد میں بڑھتی عمر (Ageing) کے اثرات بہت سست (Slow) ہوجاتے ہیں اور وہ دیر تک جوان رہتے ہیں۔ مختلف تعلیمی و تحقیقی اداروں میں ہونے والی ریسرچ سے واضح ہوا ہے کہ مراقبہ کا عمل انسانی دماغ کے کئی حصوں میں مختلف تبدیلیوں کا ذریعہ بنتا ہے۔
مراقبے کی وجہ سے دماغ کے بعض حصوں کی تحریکات بڑھ جاتی ہیں اور بعض کی مدہم پڑ جاتی ہیں۔ دماغ کے جن حصوں کا تعلق سیکھنے، سمجھنے، ذہانت اور بصیرت جیسے معاملات سے ہے۔ ان کی تحریکات مراقبے کے دوران بڑھ جاتی ہیں۔ جن حصوں کا تعلق بعض منفی کیفیات سے ہے ان حصوں کی حرکات میں دورانِ مراقبہ کمی نوٹ کی گئی ہے۔ ایک خاص بات یہ نوٹ کی گئی کہ مراقبہ کی وجہ سے غصہ، جذباتی ہیجان جیسے منفی جذبات میں کمی آئی۔ ان تحقیقی نتائج سے اس امر کی تصدیق ہوئی کہ جذبات پر کنٹرول (Emotional Control) کے لیے مراقبہ ایک بہت مفید و موثر ایکسرسائز ہے۔
مراقبے کی وجہ سے بیماریوں کے خلاف جسم کے مدافعتی نظام (Immune System) کو تقویت ملتی ہے۔ مراقبہ سے جلد کی حساسیت (Skin Sensitivity) میں کمی بھی نوٹ کی گئی ہے۔ مراقبے سے آدمی کی تخلیقی صلاحیت (Creativity)بھی بیدار ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ وجدان (Intuition)کی صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں۔ (جاری ہے)


کاروبار میں گھاٹا


سوال :پچھلے چند ماہ سے کاروبار میں فائدے کے بجائے مسلسل خسارہ ہورہا ہے۔ دن بہ دن قرض میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ گھر والوں کی بنیادی ضروریات مسلسل ٹالتے رہنے کی وجہ سے اب تو گھر والے بھی چڑچڑے ہونے لگے ہیں۔
(شرجیل: کراچی)

جواب: رات سونے سے پہلے303 مرتبہ اسمِ الٰہی یا فتاح، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرتے ہوئے بات کیے بغیر سوجائیں۔ جب آپ کا مقصد پورا ہوجائے تو گھر میں میلادشریف کروائیں اور بچوں میں شیرینی تقسیم کردیں۔ ہر جمعرات تین مستحق افراد کو کھانا کھلائیں۔

نظامِ ہضم کی خرابی


سوال : میرے پیٹ میں سے اکثر گُڑگُڑ کی آوازیں آتی ہیں۔ پیٹ میں کبھی ہوا بھر ی ہوئی محسوس ہوتی ہے اور کبھی پیٹ سخت ہوجاتا ہے۔ ڈاکٹر کے کہنے پر کچھ بلڈ ٹیسٹ کروائے ہیں جن کی رپورٹ نارمل آئی ہیں۔
(خالد۔ سرگودھا)

جواب:  زرد شعاعوں میں تیار کردہ پانی (Yellow Charged Water) ایک ایک پیالی دوپہر اور رات کھانے سے پہلے پییں۔ کھانوں میں گھی، گائے کے گوشت، مرغن اور دیرہضم اشیاء سے چند ہفتوں تک پرہیز کریں۔ دوپہر اور رات کھانے کے بعد آدھی آدھی چمچی یونانی مرکب جوارش کمونی لیں۔


پیروں کی بدبو


سوال :   پیروں سے ہر وقت پسینہ بہتا رہتا ہے۔ چاہے سردی ہو یا گرمی۔ گھر میں جب جوتے، موزے اتارتا ہوں تو پورے کمرے میں بدبو پھیل جاتی ہے۔ امّی مجھے ڈانٹتی ہیں کہ تم پیروں کو اچھی طرح نہیں دھوتے ہو۔ میں نے تو پیروں پر پرفیوم تک لگا کر دیکھ لیا کوئی فرق نہیں پڑا۔
(م۔ ک: لاہور)

 جواب:آپ کے معدے کا نظام درست کام نہیں کررہا ہے۔ کچھ عرصے کے لئے ہر قسم کے گوشت کا استعمال بالکل ترک کردیں۔ پتوں والی ترکاریاں زیادہ سے زیادہ کھائیں نہار منہ ایک گلاس نیم گرم پانی پی لیں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ قبض نہ ہونے پائے۔ مرغن غذا استعمال نہ کریں۔ اس غذائی احتیاط کے ساتھ سبز شعاعوں سے تیار کردہ پانی صبح شام اور زرد شعاعوں سے تیار کردہ پانی روزانہ کھانا کھانے سے قبل آدھی آدھی پیالی استعمال کیجیے۔ پانی تیار کرنے کا طریقہ یہ ہے کسی پکے شیشے یا سخت پلاسٹک کی کوئی بے رنگ بوتل لے کر پانی سے اچھی طرح دھو کر اس پر مطلوبہ رنگ کا سیلوفین پیپر چڑھالیں اس سیلوفین پیپر لگی بوتل میں پینے کا پانی ( بہتر ہے کہ تقریباً دس منٹ تک ا بال کر ٹھنڈا کر لیا گیا ہو) بھر کر دھوپ میں رکھ دیں۔ دو سے ڈھائی گھنٹہ تک بوتل کو دھوپ میں رکھا رہنے دیں اس کے بعد اس پانی کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔

شوہر خرچہ نہیں دیتے


سوال :  خاوند پوری تنخواہ اپنی بڑی بہن کے ہاتھ پر رکھ دیتے ہیں۔ مجھے ایک پیسہ بھی نہیں دیتے۔ کہتے ہیں بہن نے مجھے ماں بن کر پالا ہے۔ میں کھاتے پیتے گھر سے یہاں آئی ہوں مگر یہاں آنے کے بعد سلائی کڑھائی کرکے گزارہ کرتی ہوں۔ میرا تو اس گھر پر کوئی اختیار ہی نہیں ہے۔ نہ میں میکے جاسکتی ہوں نہ ماں باپ بھائی بہن مجھ سے ملنے آسکتے ہیں۔ سختیاں برداشت کرتے کرتے برسوں گزر گئے ہیں لیکن اب صبر نہیں ہوتا۔
(نام نہیں لکھا)

جواب:  رات سونے سے پہلے 101مرتبہ اسمِ الٰہی یا عزیز، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز یا نوے روز تک جاری رکھیں۔

گھر لڑائی کا میدان


سوال :میں نے جب سے ہوش سنبھالا اپنے والدین کو لڑتے ہوئے دیکھا ہے۔ ہم چار بہنیں دو بھائی ہیں۔ دونوں بھائی پڑھائی کے چور اور باتوں کے شیر ہیں۔ زیادہ تر وقت محلے کے لوگوں کے ساتھ فضول گھومنے میں صرف کرتے ہیں۔ بہنوں پر شک کرنا اور ان پر پابندیاں لگانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ والد صاحب نے بیٹوں کی پڑھائی اور ان کے روزمرہ معمولات کا کبھی بغور جائزہ نہیں لیا۔ وہ کہتے ہیں کہ لڑکے ہیں خود ہی اپنے پیروں پر کھڑے ہوجائیں گے۔ میرے والد صاحب شاید ان لوگوں میں سے ہیں جو لڑکوں کو اپنی شان اور بیٹیوں کو بوجھ سمجھتے ہیں۔ ماں باپ کی عدم توجہی اور ان کی جھڑکیاں سن سن کر ایک بہن نفسیاتی مریضہ بن گئی ہے۔ صرف ہماری باجی ہیں جو نہ صرف یہ کہ پڑھائی میں اچھی رہیں بلکہ اب کپڑے سی کر اپنے اور ہمارے لیے کچھ پیسے بھی کما رہی ہیں۔ میں چاہتی ہوں کہ میرے والدین میں باہم حسن سلوک ہو وہ کم از کم بچوں کے سامنے تو آپس میں نہ لڑیں اور اولاد کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔
(شبانہ۔ کراچی)

جواب:رات سونے سے پہلے سورہ احزاب (33) کی آیات 70-71، گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے والدین کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں کہ انہیں اپنی اصلاح کی توفیق ملے۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔

شوہر مارتے پیٹتے ہیں

سوال :میری شادی آٹھ برس قبل ماموں کے رشتے داروں میں ہوئی تھی۔ میرے شوہر اپنے بچپن سے ہی لندن میں رہتے ہیں اور شادی کے بعد میں بھی یہیں شفٹ ہوگئی ہوں۔ ویسے تو مجھے زندگی کی ہر آسائش میسر ہے۔ کھانے پینے پہنے کے لیے اچھے سے اچھا میسر ہے۔ اﷲ نے صحت مند اولاد بھی دی ہے۔ شوہر کی طرف سے بھی کسی قسم کی پابندی نہیں ہے۔ لیکن شوہر کا مزاج ایسا ہے کہ وہ کسی بھی معمولی اور غیراہم بات پر آپے سے باہر ہوجاتے ہیں اور گالم گلوچ کے ساتھ ساتھ مارنے پیٹنے پر اتر آتے ہیں۔ یہ خیال نہیں کرتے کہ بچے بھی یہ تماشا دیکھ رہے ہیں۔ ویسے تو یہ لوگوں سے انتہائی اخلاق سے ملتے ہیں ہر ایک کی عزت کرتے ہیں لیکن تمام خوبیوں کے باوجود ان کا منفی پہلو یہ ہے کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ ایسا غلط سلوک کرتے ہیں۔
(فرح علی۔ لندن، یوکے)

جواب: روزانہ رات کو سوتے وقت لیٹے لیٹے دل ہی دل میں یاممیت پڑھتے پڑھتے سوجائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ صبح نہار منہ اکیس مرتبہ اسمِ الٰہی یا ودود تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر پانی یا چائے پر دم کرکے اپنے شوہر کو پلادیں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔

اچھے نمبروں کی ضرورت ہے


سوال:   میں سیکنڈایئر کا طالب علم ہوں۔ انجینئرنگ یونیورسٹی میں داخلے کے لیے بہت اچھے نمبروں کی ضرورت ہے لیکن میرا حال یہ ہے کہ پڑھائی میں بالکل دل نہیں لگتا۔ اگرچہ بڑے ذوق و شوق کے ساتھ پڑھنے بیٹھتا ہوں، لیکن دوران مطالعہ یکسوئی نہیں ہوتی ذہن کتاب کی باتوں پر مرکوز رہنے کی بجائے ادھر ادھر کے خیالات آتے رہتے ہیں۔
(سعد: ایبٹ آباد)

جواب:   ذہنی یکسوئی، حافظہ تیز کرنے اور پڑھی ہوئی باتوں کو دیر تک ذہن نشین رکھنے کے لیے آپ صبح کے وقت مغرب کی جانب اور شام کو یعنی عصر کے بعد مشرق کی جانب پانچ یا سات منٹ تک آرام دہ نشست میں بیٹھ کر آسمان کی طرف دیکھا کریں۔ اس دوران اﷲ تعالیٰ کا اسم ’’یا علیم‘‘ دل ہی دل میں پڑھتے رہیں۔ صبح شام ایک ٹیبل اسپون شہد پر اکیس مرتبہ ’’رب زدنی علماً‘‘ پڑھ کر پییں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔

سگریٹ کیسے چھوڑوں


سوال:   میں کالج میں پڑھتا تھا جب چند برے لڑکوں کے کہنے میں آکر سگریٹ پینا شروع کی کچھ عرصے تک تو کالج کے اوقات میں ان لڑکوں کے ساتھ ہی تین، چار سگریٹ پیتا تھا۔ رفتہ رفتہ اس تعداد میں اضافہ ہونے لگا اور میں نے محلے اور گھر میں بھی سگریٹ پینا شروع کردی۔ اس لت کو لگے ہوئے بارہ سال ہوگئے ہیں اور اب میری صحت پر اس کے منفی اثرات ظاہر ہونے لگے ہیں۔ میں دو مرتبہ پھیپھڑوں کے شدید انفیکشن میں مبتلا رہ چکا ہوں۔ بیماری کے دنوں میں سگریٹ نہیں پی لیکن کچھ عرصے بعد پھر شروع کردی۔ میری بیوی بھی میری اس عادت کو سخت ناپسند کرتی ہے۔ دفتر میں بھی سگریٹ نہ پینے والے زیادہ ہیں۔ ہماری سگریٹ نوشی سے بعض اوقات دفتر میں بھی تلخ اور ناخوش گوار صورت حال پیدا ہوجاتی ہے۔ اپنی اور دوسروں کی صحت کی خاطر میں سگریٹ چھوڑنا چاہتا ہوں لیکن کئی بار کوشش کے باوجود چھوڑ نہیں پاتا۔
(ع۔ س: لاہور)

جواب:  صرف سگریٹ ہی نہیں کسی بھی چیز کی عادت پڑجائے تو اسے ترک کرنا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔ عادتیں فطرت ثانیہ بن جاتی ہیں۔ مسئلہ جسم میں پیدا ہونے والی سگریٹ کی طلب کو رد کرنے کا نہیں بل کہ نفس کی طلب اور لذت کوشی کو رد کرنے کا ہے۔ اس کام کے لیے اپنی ذات پر بھرپور اعتماد اور فکری پختگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ صبح اٹھ کر ضروریات سے فارغ ہوکر وضو کرلیں سارا دن باوضو رہیں لیکن وضو قائم رکھنے کے لیے اپنی طبعیت پر جبر نہ کریں۔ اگر وضو ٹوٹ جائے تو دوبارہ کرلیں۔ چلتے پھرتے کثرت سے یا حی یاقیوم کا ورد کرتے رہیں۔ دن میں کئی بار سونف، خوب اچھی طرح چبا کر کھائیں۔ سرخ شعاعوں سے تیار کردہ پانی صبح شام آدھی آدھی پیالی پییں، جس روز سے یہ عمل شروع کریں اس روز سے ایک بھی سگریٹ اپنے پاس نہ رکھیں۔

بار بار ہاتھ دھونا


سوال:  شادی کو آٹھ سال ہوئے ہیں۔ تین بچے ہیں۔ چھوٹا بچہ سوا سال کا ہے۔ اس بچے کی پیدائش کے دو ماہ بعد میری اہلیہ عجیب و غریب کیفیات میں مبتلا رہنے لگی ہیں۔ شروع شروع میں اس خیال سے کہ بچہ کو کہیں جراثیم نہ لگ جائیں وہ بچے کے کپڑے دھوکر ایک بڑے پتیلے میں پانی میں ڈال کر دیر تک پانی ابالا کرتی تھیں۔ اس کے بعد انہیں یہ محسوس ہونے لگا کہ ان کے ہاتھ پیروں پر گندے پانی کی چھینٹیں پڑ گئی ہیں لہٰذا انہوں نے بار بار ہاتھ پیر دھونے شروع کردیے۔ پھر انہیں یہ خیال ستانے لگا کہ بستر یا گدے پر بچہ کے پیشاب کی وجہ سے وہ ناپاک ہوگئی ہیں۔ اس پر وہ بار بار غسل کرنے لگیں، اب حالت یہ ہے کہ ناپاکی کا خیال ان کے ذہن سے بری طرح چمٹا ہوا ہے۔ نہانے میں دو سے ڈھائی گھنٹے لگا دینا عام سی بات ہوگئی ہے۔ اس کے بعد بھی وہ مطمئن نظر نہیں آتیں۔ اکثر وہ خود سے باتیں بھی کرنے لگتی ہیں۔
(عدنان: ملتان)

جواب:  صبح شام اکیس مرتبہ اﷲ لا الہ ہو الحی القیوم اول آخر تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر نیلی شعاعوں میں تیار کردہ پانی پر دم کرکے پلائیں۔ آپ کی اہلیہ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کریں اور رات سونے سے قبل 101 بار درود شریف پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیا کریں۔ کھانوں میں میٹھی چیزیں زیادہ استعمال کریں۔ نمک کم اور کھٹی اشیاء مثلاً اچار وغیرہ بالکل استعمال نہ کریں۔ اس کے علاوہ دن میں دو تین بار ایک ایک چمچہ خالص شہد لیں۔


وزن نہیں بڑھتا


سوال:    میری عمر چوبیس سال ہے لیکن میرا جسم تیرہ چودہ سال کے لڑکوں کی طرح ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ میرا وزن بڑھ جائے۔ الحمد اﷲ مجھے کوئی تکلیف یا مرض نہیں ہے۔ میں ہلکی پھلکی ورزش بھی کرتا ہوں لیکن میرا وزن نہیں بڑھتا۔
(ف۔ ج: حیدرآباد)


جواب:  رات سونے سے آدھا گھنٹہ پہلے چار عدد کیلے کھا کر اوپر سے ایک گلاس دودھ پی لیں۔ اس بات کا خیال رہے کہ دودھ گرم نہ ہو بل کہ روم ٹمپریچر کے مطابق ہو۔ سرخ شعاعوں میں تیار کردہ پانی آدھی آدھی پیالی صبح شام پییں۔ یونانی مرکب شربت جگر دو دو ٹیبل اسپون دوپہر اور رات کھانے سے پہلے پییں۔




خط بھیجنے کے لیے پتہ ہے۔
 روشن راستہ
ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی،
پی او بکس 2213، کراچی۔74600
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com
فون نمبر: 021-36685469





[از : سنڈے ایکسپریس ، 12 مارچ  2017ء ]

اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے