روشن راستہ - 19

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی


روشن راستہ (19)


 سنڈے ایکسپریس  16 اپریل 2017ء 


سائنس و ٹیکنالوجی کی بے انتہا ترقی کے باوجود لاتعداد افراد کے جسمانی، ذہنی، نفسیاتی، جذباتی اور روحانی مسائل میں  اضافہ ہوا ہے۔ مسائل کے حل اور بیماریوں  سے شفاء   پانے کے لے جدید طریقوں  کے ساتھ ساتھ صدیوں  قدیم کئی طریقے بھی انسانوں  کے لیے نہایت مفید اور موثر ہیں ۔ ان میں  روحانی علاج، طب نبوی، طب یونانی، کلر تھراپی، پیراسائیکلوجی اور دیگر متبادل طب Alternative Therapies شامل ہیں۔

 معروف اسکالر ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی  اپنے  کالم  ’’روشن  راستہ  ‘ میں  قارئین کے مختلف مسائل اور امراض پر  اپنی رائے ، مشورہ  اور حسبِ ضرورت متبادل طب سے علاج پیش کریں  گے۔




مراقبے کے اثرات


(گذشتہ سے پیوستہ): 

-4 غذائی معمولات کا جائزہ اور حسبِ ضرورت ردو بدل:
انسان کے ذہن وجسم پر مراقبہ کے نہایت مفید اثرات دراصل انسان کے لیے فطرت کی نوازشات اور انعام کی حیثیت رکھتے ہیں۔
مراقبہ سے بہتر طور پر استفادے کے لیے ضروری ہے کہ مراقبہ کرتے ہوئے ہم خود کو فطرت سے قریب کرنا شروع کردیں۔ اس کام کی ابتداء ہمیں غذائی اجزاء اور خورونوش کے معمولات کے جائزے سے کرنا چاہیے۔
انسان کی غذا اور دیگر ضروریات کے بارے میں فطرت کا منشاء سمجھنے کے لیے جسم انسانی کے مختلف نظاموں پر غور کرنا چاہیے۔ انسان کے نظام ہضم Digestive Systemکے مطالعے سے واضح ہوتا ہے کہ انسانی غذا کا بڑا حصہ سبزیوں، دالوں، چاول، پھلوں اور دودھ پر مشتمل ہونا چاہیے۔ ہماری غذا میں گوشت کی مقدار کم ہونی چاہیے۔ گوشت کے ذریعے جسم میں پروٹین ملتے ہیں لیکن صرف گوشت میں ہی نہیں بلکہ کئی دالوں اور بعض سبزیوں میں بھی وافر مقدار میں پروٹین ہوتے ہیں۔
ہم اپنی غذائی خواہشات اور عادتوں کا جائزہ لیں تو پتا چلتا ہے کہ ہمارے کھانوں میں گوشت کا استعمال غیرضروری حد تک زیادہ ہے۔ بعض افراد تو کھانوں میں صرف وہ ڈشز ہی پسند کرتے ہیں جن میں گوشت ہو اور سبزیاں نہ ہوں۔
مراقبہ کسی بھی مقصد کے لیے کیا جائے بہتر نتائج کے لیے مراقبہ کی ابتدا میں ہی اپنے غذائی معمولات کا جائزہ لے لیا جائے۔ جہاں اس معمول میں ردوبدل کی ضرورت ہو وہ کرلیا جائے۔
عام طور پر بھی اس بات کا خیال رکھیے کہ آپ کی غذا میں گوشت کی مقدار کم اور سبزیوں، دال، چاول اور پھلوں کی مقدار زیادہ ہو، مناسب غذائیت کے حصول کے لیے مائع اشیاء میں دودھ کے استعمال پر غور کیجیے۔


انسان کا بہت گہرا تعلق مٹی اور پانی کے ساتھ ہے۔ یوں سمجھیے کہ پانی زندگی ہے اور مٹی اس زندگی کی نمو کا ذریعہ ہے۔ فطرت سے قربت بڑھانے میں مٹی اور پانی بہت مددگار ہیں۔
پانی زیادہ پیجیے اور پانی پینے کے لیے مٹی کے برتن زیادہ استعمال کیجیے۔ پانی پیتے ہوئے مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو فرحت وتسکین کے احساس سے سرشار کردیتی ہے۔ پینے کے پانی کو مٹی کے صراحی یا مٹکے میں رکھیے اور پانی پینے کے لیے مٹی کا پیالہ یا گلاس استعمال کےجیس۔
مٹی اور پانی کا اتنا سا ملاپ ہی آپ کو فطرت کے قریب لانے میں بہت معاون ہوگا۔
یہ سطور پڑھتے ہوئے ہوسکتا ہے کہ آپ یہ سوچ رہے ہوں کہ مراقبہ کرنے کے لیے اتنے جتن کون کرے … لیکن اگر آپ مراقبہ نہ کررہے ہوں تب بھی اپنی صحت کی بہتری اور اپنی جسمانی وذہنی صلاحیتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے آپ کو اپنے غذائی معمولات کا جائزہ لے کر حسبِ ضرورت تبدیلیوں کے بارے میں سوچنا چاہیے۔۔(جاری ہے)



بدہضمی


سوال :مجھے کافی عرصے سے بدہضمی، گیس اور قبض کی شکایت ہے۔ کافی عرصہ تک دوائیں استعمال کیں ۔ وقتی طور پر تو فائدہ ہوتا ہے، لیکن تکلیف سے نجات نہیں ملتی۔ مجھے بھوک بہت کم لگتی ہے۔ کھانے کے بعد خاص طور پر دوپہر کے کھانے کے بعد پیٹ بہت بھاری محسوس ہوتا ہے، پیٹ میں درد بھی ہوتا ہے اور بڑی بڑی ڈکاریں آتی ہیں۔ رفع حاجت کے لیے بھی تین چاردن میں ایک بار جانا ہوتا ہے۔
(اشتیاق: سکھر)

جواب:    آپ کی بیان کردہ تکالیف سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ کو ورمِ معدہ اور تبخیر کی شکایت ہے۔ ان تکالیف میں یونانی مرکب معجون دبید الورد اور جوارش کمونی کا استعمال مفید ہے۔ آپ معجون دبید الورد صبح نہار منہ اور شام آدھی آدھی چمچی اور جوارش کمونی دوپہر اور رات کھانے کے بعد آدھی آدھی چمچی لیں۔ کھانوں میں گھی، گائے کا گوشت چند ہفتوں تک استعمال نہ کریں۔

چھوٹا قد


سوال : میری بیٹی نویں جماعت میں پڑھتی ہے، اپنی ہم جماعت لڑکیوں کے مقابلہ میں اس کا قد کافی کم ہے۔ اس کے والد صاحب کا قد ماشاء اﷲ اچھا ہے لیکن میرا اپنا ا قد کم ہے۔ مجھے یہ فکر رہتی ہے کہ کہیں اس کا قد مجھ پر نہ چلا جائے۔
(راحیلہ:ملتان)

جواب:    قد میں اضافہ عموماً سترہ اٹھارہ سال کی عمر تک ہوتا ہے۔ ابھی آپ کی بیٹی عمر کے اس حصہ میں ہے جس میں قد میں اضافہ ہوتا ہے۔ بڑھوتری کی عمر میں بچوں کو دودھ اور دہی زیادہ استعمال کروانا چاہیے۔ روزانہ ہلکی پھلکی ورزش بھی ضروری ہے۔ خاص طور پر لٹکنا ، دوڑنا اور ایسی ورزشیں جن سے ہاتھ پاؤں کے جوڑوں میں اور کمر میں لچک زیادہ سے زیادہ ہوسکے۔ روزانہ ورزش اور غذائی تدابیر کے ساتھ بطور روحانی علاج صبح شام اکیس اکیس مرتبہ: بسم اﷲ الرحمٰن الرحیم الرتلک اٰیات الکتاب المبین O الرحیم الرحیم یا اﷲ یا مرید، اول آخر تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر سرخ شعاعوں میں تیارکردہ پانی پر دم کرکے پیں ۔ کم از کم تین ماہ تک یہ عمل جاری رکھیں۔

حساب میں کمزور

سوال : میرا بیٹا ساتویں جماعت میں ہے ۔ دوسرے تمام مضامین میں تو وہ ٹھیک ہے لیکن حساب میں بہت کمزور ہے۔ گذشتہ دو سال سے رعایتی نمبر دے کر پاس کیا گیا۔ انگریزی، سائنس وغیرہ میں بیٹا مناسب نمبر لیتا ہے۔ برائے کرام کوئی دعا بتائیں اور مشورہ دیں کہ ہم کیا کریں۔
(مسز رمضان: ایبٹ آباد)

 جواب:نصاب کے دیگر مضامین ٹھیک طرح سمجھ لینے اور حساب میں کمزور ہونے کی ایک وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ اسے حساب پڑھانے والے اساتذہ کا طریقہ تدریس ٹھیک نہ ہو۔ کچھ بچوں کو بعض مضامین میں خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے اگر انہیں یہ توجہ نہ ملے تو وہ اس مضمون میں کمزور رہ جاتے ہیں۔
صبح شام اکیس مرتبہ سورہ انعام کی آیت 153 میں سے: واوفو الکیل والمیزان بالقسط لانکلف نفساً الا وسعہا Oاول آخر تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک چمچی شہد پر دم کرکے پلائیں۔ طالب علموں کو اعصابی طاقت کے لیے یونانی مرکب خمیرہ گاؤ زبان عنبری کا وقفہ وقفہ سے استعمال بھی مفید ہے۔

سخت دل باپ

سوال :  میرے والد ایک پڑھے لکھے آدمی ہیں اور معاشرے میں باعزت مقام رکھتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود مجھے اور میرے دو چھوٹے بھائیوں کو ذرا ذرا سی بات پر ڈانٹتے اور مارتے ہیں اور اتنا مارتے ہیں کہ میں بعض اوقات تو ہمارے جسموں پر نیل پڑ جاتے ہیں۔ بات بالکل معمولی ہوتی ہے۔ اکثر تو گھر میں کوئی مہمان بھی آیا ہوتا ہے تو اُس کے سامنے بھی ڈانٹنا شروع ہوجاتے ہیں۔
(ش۔م۔گجرانوالہ)

جواب: ظہر کی نماز ادا کرنے کے بعد گیارہ سو مرتبہ یاصبور پڑھ کر اﷲ تعالیٰ کے حضور دعا کریں کہ آپ کے والد صاحب کے دل میں شفقت، محبت اور نرمی کے جذبات پیدا ہوجائیں۔ یہ عمل گیارہ دن تک کرنا ہے۔

پروموشن نہیں ہوتی

سوال : شادی کو ایک سال ہوچکا ہے۔ شوہر کی آمدنی بہت کم ہے، تقریباً ہر ماہ قرض لینا پڑتا ہے۔ شادی سے پہلے والدین کے گھر میں تقریباً ہر خواہش پوری ہوجاتی تھی، معاشی پریشانیوں کے متعلق کبھی سوچا بھی نہ تھا لیکن شوہر کی کم آمدنی کی وجہ سے اب تو چھوٹی چھوٹی چیزوں کے لیے بھی ترسنا پڑتا ہے۔ شوہر کے خاندان مں بھی تقریباً سارے لوگ اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ اس لیے احساسِ کمتری بڑھ جاتا ہے۔ شوہر کے پروموشن میں ہمیشہ ہی کوئی نہ کوئی رکاوٹ آجاتی ہے۔ کوئی ایسا وظیفہ بتائیں کہ جس سے آمدنی میں اضافہ یا برکت ہوجائے۔
(نام شائع نہ کریں۔ کوئٹہ)

جواب:  ایک نیند لے کر آدھی رات کو بیدار ہوجائیں۔ وضو کرکے دو رکعت نفل نماز ادا کریں پھر قبلہ رُخ کھڑی ہوکر 307 مرتبہ اللہ تعالیٰ کا اسم یاعزیز گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اﷲ تعالیٰ سے دعا کریں۔40 روز کے اس عمل کی برکت سے انشاء اﷲ آپ کے شوہر کی ترقی میں حائل رکاوٹیں دور ہوجائیں گی۔

شادی میں رکاوٹ

سوال : میں ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ لڑکی ہوں، لیکن نہ معلوم کس وجہ سے اب تک غیرشادی شدہ ہوں۔ پہلے رشتے بہت آتے تھے اب بھی اﷲ کے فضل سے رشتے آرہے ہیں، لیکن کسی نہ کسی وجہ سے بات آگے نہیں چل پاتی۔ خاندان والے چھوٹے بھائی کی شادی پر زور دے رہے ہیں جب کہ بھائی کا کہنا ہے کہ وہ اُس وقت تک شادی نہیں کرے گا، جب تک کہ بڑی بہن یعنی میری شادی نہیں ہوجاتی۔ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ میری شادی پر بندش کردی گئی ہے۔
(الف۔ غ: فیصل آباد)

جواب:  روزانہ رات کو سونے سے پہلے 303 مرتبہ اﷲ تعالیٰ کے اسمِ مقدس یامغنی گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کردیں۔ عمل کی مدّت نوے دن ہے۔ حسبِ استطاعت صدقہ کرتی رہیں۔

توجہ اور مشاہدے کی کمی


سوال:  میں انٹیریئر ڈیزائننگ کی طالبہ ہوں۔ لیکچر کے دوران سمجھ میں کچھ نہیں آتا ہے۔ اگر ٹیچر کچھ پوچھ لں تو کوئی جواب نہیں دے پاتی۔ ہمارے کام میں مشاہدے کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔ لیکن میں چیزوں پر بالکل توجہ نہیں دے پاتی۔ میرا ذہن یکسو نہیں ہوپاتا، کام کو سر پر بوجھ بنا کر سوار کرلیتی ہوں ۔
(اقراء: کراچی)

جواب:     آپ کھانوں میں نمک کی مقدار کم کردیں اور میٹھی اشیاء زیادہ کھائیں۔ ایک ایک چمچہ شہد دن میں دو بار استعمال کریں۔ 24 گھنٹے میں سات سے آٹھ گھنٹے ضرور سوئیں۔ رنگ و روشنی سے طریقۂ علاج کے تحت نیلی شعاعوں سے تیارکردہ پانی 2,2 اونس صبح و شام پییں۔ رات کو سونے سے قبل گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور یاحی یاقیوم کا ورد کرنے کے بعد آنکھیں بند کرکے یہ تصور کریں کہ آپ نیلے رنگ کے ماحول میں بیٹھی ہوئی ہیں۔ یہ تصور کرنے سے قبل کمرے میں نیلے رنگ کا بلب روشن کرلیں۔ انشاء اﷲ چند ہفتوں میں آپ کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

بیوی کی تنخواہ 

سوال:   میں نے اپنے والدین اور خاندان بھر کی مخالفت کے باوجود اپنی پسند سے شادی کی۔ اس کے گھر والے بھی اس رشتے کے لیے تیار نہ تھے۔ شادی سے پہلے میں ایک اسکول میں بہت اچھی تنخواہ پر کام کرتی تھی۔ یہ ملازمت میں نے رخصتی سے پہلے چھوڑ دی تھی۔ شادی کے کچھ عرصے بعد میرے شوہر کا رویہ تبدیل ہونے لگا۔ رفتہ رفتہ اس نے مجھے جیب خرچ دینا بھی بند کردیا اور مجھ سے مطالبے کرنے لگا کہ اپنی والدہ کے گھر سے پیسے اور سامان لایا کرو۔ آج صورت حال یہ ہے کہ اس کی نوکری ختم ہوچکی ہے۔ وہ مجھ سے لڑ جھگڑ کر مجھے میری والدہ کے گھر چھوڑ گیا ہے۔ کہتا ہے کہ جب مناسب ہوا تمہیں واپس لے جاؤں گا۔ اس کی والدہ کہتی ہیں کہ وہ اپنے بیٹے کی کسی اچھی جگہ دوسری شادی کروائیں گی۔
(زاہدہ: راولپنڈی)

جواب:  زندگی میں کوئی بھی اہم فیصلہ کرتے ہوئے حقیقت اور سراب کا فرق سمجھنا ضروری ہے۔ بعض لڑکیوں اور لڑکوں کی طرف سے اپنے والدین کی آراء کو ایک طرف رکھ کر شادی کا فیصلہ محض اپنے طور پر کرلینے کے نتائج اکثر تکلیف دہ ہی دیکھے گئے ہیں۔ میرا اندازہ ہے کہ آپ کے شوہر کم زور شخصیت کے مالک یا ایک بہت کام چور آدمی ہیں۔ ان کی والدہ بھی ان سے خوش نہیں ہوں گی، لیکن محض بہو کو ذہنی اذیت دینے کے لیے وہ اپنے بیٹے کی دوسری شادی کی باتیں کررہی ہیں۔ آپ اس شخص کے ساتھ زندگی بسر کرنا چاہتی ہیں تو آپ کو مالی طور پر خود کفالت حاصل کرنا ہوگی۔ آپ اپنی تنخواہ شوہر کے ہاتھ پر رکھیں گی تو وہ آپ کے ساتھ رشتہ برقرار رکھیں گے۔

فصل اچھی نہیں ہورہی

سوال: ہماری گاؤں میں کچھ زمینیں ہیں پہلے اُن سے کافی آمدنی ہوجاتی تھی لیکن کئی سال سے فصلیں اچھی نہیں ہورہی ہیں۔
(شوکت: ساہیوال)

جواب:  اﷲ نور السمٰوٰت والارضOکسی بڑے کاغذ پر سیاہ روشنائی سے لکھ کر پانی سے بھری ہوئی ایک بالٹی میں ڈال دیں۔ کچھ دیر پڑا رہنے دیں۔ یہاں تک کہ روشنائی پانی میں حل ہوجائے۔ اس پانی کو فصل کے پودوں پر چھڑک دیں۔ آئندہ فصل اچھی ہو تو اس میں سے کچھ حصّہ الگ کرکے اللہ کی راہ میں خیرات کردیں۔

رعشہ

سوال:  میرا بایاں ہاتھ رعشے کی وجہ سے مستقل ہلتا رہتا ہے۔ اس ہاتھ سے کوئی کام کرنا میرے لیے ممکن نہیں ہے۔ میں غریب آدمی ہوں، محلے کے ایک ڈاکٹر کو دکھا رہا ہوں، کسی بڑے اسپیشلسٹ کو دکھانے کی استطاعت نہیں رکھتا۔
(انورعلی۔ مظفر گڑھ)


جواب: ڈاکٹری علاج کے ساتھ ساتھ سورۂ رحمن کی ابتدائی پانچ آیات صبح شام گیارہ گیارہ مرتبہ پڑھ کر ایک گلاس پانی پر دم کردیں۔ کچھ پانی پی لیں اور کچھ پانی متاثرہ ہاتھ پر چھڑک دیں۔ یہ عمل کم از کم اکیس دن تک جاری رکھیں۔

دانت نکلتے وقت کے مسائل

سوال:  میرا بیٹا چھے مہینے کی عمر تک ماشاء اﷲ خوب صحت مند تھا، لیکن ساتویں مہینے سے اس کے دانت نکلنے شروع ہوئے تو اکثر اُسے بخار چڑھ جاتا۔ دو مرتبہ شدید موشن بھی لگ گئے ۔ اب بہت کم زور ہوگیا ہے۔ چڑچڑا بھی بہت ہوگیا۔
(عالیہ: اسلام آباد)


جواب: دانت نکلنے کے دوران شیر خوار بچے اکثر اس کیفیت میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ بطور روحانی علاج سورۂ یوسف کی پہلی آیت بٹر پیپر پر لکھ کر موم جامہ کرکے نیلے رنگ کے کپڑے میں سی کر تعویذ بنالیں اور بچے کے گلے میں پہنادیں۔


خط بھیجنے کے لیے پتہ ہے۔
 روشن راستہ
ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی،
پی او بکس 2213، کراچی۔74600
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com
فون نمبر: 021-36685469





[از : سنڈے ایکسپریس ، 16 اپریل  2017ء ]

اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے