ایک میثاق اخلاقیات بھی ضروری ہے
حصول دولت میں حلال و حرام کی تمیز مٹا دینا اور اخلاقیات کو نظر انداز کر دینا معاشرے میں انتشار اور خلفشار کا باعث بنتا ہے۔ ملک میں اعلیٰ اخلاق کے فروغ کے لئے سیاست دانوں کو ایک میثاق اخلاقیات (Charter of Ethics) پر اتفاق کرنا چاہئے۔
پاکستانی قوم گزشتہ تین دہائیوں سے گویا حالت جنگ میں ہے۔ سرحدوں پر کھلی جنگ لڑی جارہی ہو یا دشمن درمیان میں رہتے ہوئے چھپ کر وار کر رہے ہوں، ملک کے دفاع کیلئے یکسوئی اور فوج کے لئے قوم کی تائیدوحمایت بہرحال ضروری ہے۔ پاکستان کے عوام نے ہمیشہ اپنی فوج کو بھرپور حمایت سے نوازا بھی ہے لیکن کیا سیاست دانوں کو بھی مشکل حالات میں اپنے کردار کا کچھ احساس ہے؟ اکثر سیاست دان خواہ ان کا تعلق حکومت سے ہو یا اپوزیشن سے، انکی اولین ترجیح اپنے ذاتی اقتدار کا تحفظ یا اقتدار تک رسائی کی کوشش ہی نظر آتی ہے۔ اقتدار کی اس دوڑ میں اکثر اوقات نہ تو قانون کی پاس داری کو اہمیت دی گئی، نہ ہی اعلیٰ اخلاقی اصولوں کو سامنے رکھا گیا۔
موجودہ انداز سیاست ہماری نئی نسل کے لئے کئی مشکلات کا سبب بن رہا ہے۔ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے مخالفوں پر بے بنیاد الزامات اور دیگر کئی خرابیاں ہمارے نوجوانوں میں کنفیوژن اور اضطراب کا سبب بن رہی ہیں۔ لوگ حیران ہیں کہ ہمارے پولیٹکل لیڈرز کیسی مثالیں قائم کر رہے ہیں؟
جب قوم کے رہنما ہی سچ نہ بول رہے ہوں تو عوامی حلقوں میں مایوسی بڑھنے لگتی ہے۔ سوال یہ ہے کہ ایسے ماحول میں پروان چڑھنے والی نسل کس مزاج اور کس میراث کی حامل ہوگی؟ کسی قوم کے مزاج کا تعین اس کی اشرافیہ اور حکمرانوں کے طرز عمل سے ہوتا ہے۔ کسی معاشرے کا سدھار یا بگاڑ اس کے دولت مند طبقات سے شروع ہوتا ہے۔ حکمران، اعلیٰ افسران، وڈیرے، جاگیردار، بڑے صنعت کار اور تاجر جس طرزِ زندگی کو اختیار کریں گے وہ عوام کی اکثریت کے لئے آرزو اور خواب بنتا چلا جائے گا۔ 50 اور 60ء کے عشروں میں ہمارے ہاں رشوت یا دیگر غیر قانونی ذرائع سے دولت کمانے والے افراد اپنی نظریں جھکا کر اور ناجائز آمدنی چھپا کر رکھا کرتے تھے۔ 70 اور 80ء کی دہائیوں میں کالے پیسے کو ماضی کی نسبت تیز رفتاری سے برداشت اور عوامی قبولیت ملنے لگی۔ 90ء کی دہائی اور اکیسویں صدی کی ابتدائی دونوں دہائیوں میں کالا دھن معاشرے میں کھلے عام نظر آنے لگا۔ یہ ایک مسلمہ اصول ہے کہ حصول دولت میں حلال و حرام کی تمیز مٹا دینا اور اخلاقیات کو نظر انداز کر دینا معاشرے میں انتشار اور خلفشار کا باعث بنتا ہے۔ ایک اہم نکتہ یہ ہے کہ کرپشن اور بدعنوانیوں کی وجہ سے جنم لینے والی دولت کی گردش محدود ہوتی ہے۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہئے کہ رشوت یا حرام آمدنی کا ہر روپیہ کروڑوں انسانوں کی حق تلفی کے نتیجے میں حاصل ہوتا ہے اور آخرکار ملکی معیشت کے لئے کمزوری کا سبب بنتا ہے۔ ایسے ماحول میں پرورش پانے والے بچے اور نوجوان بھی اپنے کیریئر کی ابتدا میں ہی سخت پریشان اور مضطرب ہوتے ہیں۔ حلال و حرام کی باتیں عملی زندگی میں انہیں محض لفاظی ہی لگتی ہیں۔ رشوت یا کسی بھی طرح سے کمائی گئی ناجائز یا حرام آمدنی صرف معیشت پر ہی نہیں بلکہ معاشرے کے کئی شعبوں اور عوام کی نفسیات پر شدید منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔
جس قوم کا اخلاق بلند ہو وہاں چند قوانین کے موجود نہ ہونے سے بھی معاشرے کے مجموعی نظم اور ملکی ترقی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ جہاں اخلاقیات کمزور ہوں گی وہاں سخت سے سخت قوانین بھی عوام کو اطمینان اور مملکت کو استحکام نہیں دے پائیں گے۔ قوم کی اخلاقیات بنانے میں عوام کا حصہ کم اور ملک کے حکمرانوں اور دیگر اکابرین کا حصہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔ قائدین کے اچھے اخلاق قوم کا اخلاق بن جاتے ہیں، قائدین کے بُرے اخلاق قوم کی برائیوں کی شکل میں ظاہر ہونے لگتے ہیں۔
کوئی قانون بنانا، ریاست میں اس قانون کا نفاذ اور عوام میں اس کا نفوذ تین علیحدہ علیحدہ امور ہیں۔ قانون بنانے کے لئے اتھارٹی کے ساتھ ساتھ حکمت و بصیرت بھی ہونی چاہئے۔ نفاذ قانون کے لئے ریاست میں حکومتی طاقت اور جبر درکار ہوتا ہے، لیکن کسی قانون کے معاشرے میں نفوذ کے لئے شہریوں کی تسلیم و رضا ضروری ہے۔ اس نکتہ کی وضاحت کے لئے کئی مثالیں پیش کی جاسکتی ہیں۔ پچاس سال سے نافذ عائلی قانون کی مثال زیادہ واضح اور سہل الفہم ہے۔ صدر ایوب خان کے دور 1961ء اور بعد ازاں 1976ء میں نافذ کردہ عائلی قوانین میں شادی کی عمر، جہیز کی حد اور دیگر کئی عائلی امور کے بارے میں قانون سازی کی گئی۔ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان میں ہر روز ہزار ہا نکاح ہوتے ہیں۔ ان میں سے کتنے نکاح ناموں میں عائلی قوانین کی پابندی کی جاتی ہے؟ دیکھیے! اس قانون کا حکومتی اتھارٹی کی وجہ سے ریاست میں نفاذ تو کردیا گیا لیکن عوام میں اس کے نفوذ کے لئے کوئی خاص کوششیں نہیں کی گئیں۔اس لئے عائلی قانون کے باوجود ملک میں شادی کی عمر، جہیز کی حد اور دیگر کئی عائلی مسائل آج تک موجود ہیں۔ قانون سازی کے وقت نفاذ قانون کی اہمیت اور نفوذ قانون کی صلاحیت جانچ لی جائے تو بعد میں کئی مسائل سے بچا جاسکتا ہے۔ معاشرے میں نفوذ قانون کی صلاحیت اس ملک کے حکمران اعلیٰ اخلاق اپنا کر ہی حاصل کرسکتے ہیں۔
سیاسی امور ہوں، معاشی اور معاشرتی معاملات ہوں ملک میں اعلیٰ اخلاق کے فروغ کے لئے سیاست دانوں کو ایک میثاق اخلاقیات (Charter of Ethics) پر اتفاق کرنا چاہئے۔ میثاق جمہوریت تو پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان ہو ا تھا۔ میثاق اخلاقیات پر پاکستان کی سب سیاسی جماعتوں کو صدق دل کے ساتھ اتفاق اور عمل درآمد کا عہد کرنا ضروری ہے۔
۔۔۔۔۔
رُتھ فاؤ :انسانیت کی ایک عظیم خدمت گار
جذام کے مریضوں کے علاج اور بحالی کے لئے اپنے آبائی وطن جرمنی کو خیر باد کہہ کر پاکستان میں مستقل قیام کرنے والی نہایت محترم ہستی مادام رُتھ فاؤ کا انتقال پاکستانی قوم کا ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ ایسی بے لوث، ہمدرد، بہت اعلیٰ کردار کی حامل ہستیاں کبھی کبھا ر ہی پیدا ہوتی ہیں۔ اس عظیم خاتون کی کوششوں سے پاکستان 1996ء میں جذام سے پاک ملک قرار پایا۔
[ از : روزنامہ جنگ ، 17 اگست 2017ء ، صفحہ 11]
مفتی منیب الرحمٰن کے کالم ’’اَن کہی‘‘ میں ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی کے کالم پر تبصرہمیثاقِ اَخلاق:ایک صاحبِ درد کالم نگار ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی نے معاصر قومی اخبار میں لکھا ہے: "سیاسی رہنماؤں کے درمیان میثاقِ جمہوریت کی طرح ایک میثاقِ اَخلاق یعنی Charter of Ethics بھی مرتب ہونا چاہیے "۔کیونکہ ہمارے الیکٹرانک میڈیا اور سیاسی کلچر میں جو اخلاقی تنزُّل کی بیماری نفوذ کر گئی ہے، اس پر سب اہلِ نظر کو تشویش ہے۔ مہذّب اور متمدّن قوموں میں اختلافِ رائے کے باوجود باہمی احترام کا ایک رویّہ ملحوظ رکھا جاتا ہے۔ ایک دوسرے کو دشنام اور تذلیل وتضحیک سے گریز کیا جاتا ہے، کیونکہ اس کا ردِّ عمل بھی ناگزیر ہوتا ہے، حدیثِ پاک میں ہے:(۱)"رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کبیرہ گناہوں میں سے ایک یہ ہے کہ کوئی شخص اپنے ماں باپ پر لعنت کرے، عرض کی گئی:یارسول اللہ! کوئی اپنے ماں باپ پر کیونکر لعنت کرے گا؟، آپ ﷺ نے فرمایا: وہ کسی شخص کے باپ کو گالی دیتا ہے اور (ردِّعمل میں)وہ اس کے باپ کو گالی دیتا ہے، وہ دوسرے کی ماں کو گالی دیتا ہے اور وہ (جواباً)اس کی ماں کو گالی دیتا ہے، (بخاری:5973)"۔(۲)"رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کبیرہ گناہوں میں سے ایک یہ ہے کہ کوئی شخص اپنے ماں باپ پر لعنت کرے، عرض کی گئی :یارسول اللہ! کوئی اپنے ماں باپ پر کیونکر لعنت کرے گا؟، آپ ﷺ نے فرمایا: وہ کسی شخص کے باپ پر لعنت کرتا ہے اور وہ (ردِّ عمل میں) اس کے باپ پر لعنت کرتا ہے، وہ دوسرے کی ماں پر لعنت کرتا ہے اور وہ (جواباً) اس کی ماں پر لعنت کرتا ہے، (سنن ابوداؤد:5141)"۔یہی اصول قرآنِ کریم میں بیان ہوا ہے:"اور وہ (مشرکین)جن(باطل معبودوں )کی اللہ کے سوا عبادت کرتے ہیں، انہیں برا نہ کہو، مبادا وہ سرکشی اور جہالت کے سبب اللہ کی شان میں بے ادبی کرگزریں، (الانعام:108)"۔اس سے معلوم ہوا کہ کوئی شخص جس گناہ کا باعث بنے، اس کا وبال اس پر بھی آئے گااور اس کے ردِّ عمل کی ذمے داری اس پر ہی عائد ہوگی۔ قرآن وحدیث کی اس حکمت آمیز تعلیم کا تقاضا یہ ہے کہ اگر ہم اپنے کسی بزرگ اوررہنما کی تکریم چاہتے ہیں، تو ہمیں دوسروں کے بڑوں کی توہین سے گریز کرنا ہوگا، ورنہ ہم خود اپنے بزرگ یا رہنما کی توہین کا سبب بنیں گے۔ آج کل ہماری سیاست میں جو اَقدار پروان چڑھ رہی ہیں، وہ منفی بنیادوں پر ہیں، یعنی ہم اپنی عِزّوشَرَف کی عمارت دوسرے کی توہین پر قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ہم اپنی پروڈکٹ کی خوبیاں بیان کرکے اس کی مارکیٹنگ نہیں کررہے، بلکہ دوسرے کی پروڈکٹ کی خامیاں بیان کر کے اپنا مال بیچنا چاہتے ہیں، یہ منفی حربہ ہے اور کبھی بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوتا۔اسی طرح سیاسی جماعتوں کو اپنا مثبَت، تعمیری اور فلاحی پروگرام لوگوں کے سامنے پیش کرنا چاہیے، نہ کہ دوسروں کے پروگرام کو ہدفِ تنقید بنانے پر اکتفا کریں۔ آج کل سیاسی رہنماؤں کے خطابات دوسروں کی تضحیک وتحقیر پر مبنی ہوتے ہیں۔ سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب ہمارے رہنماؤں کا اپنارویہ اور طرزِ عمل اعلیٰ اخلاقی اقدار تو دور کی بات ہے، اوسط اخلاقی معیار پر بھی پورا نہ اترے، تو اُن کے کارکنان اور پیروکاروں سے اعلیٰ اخلاقی قدروں کی توقع کیسے کی جاسکتی ہے، غالب نے کہا ہے:مری تعمیر میں مُضمَر ہے اک صورت خرابی کیہیولیٰ برقِ خرمن کا ہے خونِ گرم دہقاں کاسوہماری ریاست کی ادارتی تشکیل میں بھی ایک خرابی در آئی ہے اور ایک وائرس نفوذ کر گیا ہے اور وہ ریاست کے اہم اداروں کے درمیان باہمی اعتماد کا فُقدان اور ایک طرح کا کمیونیکیشن گیپ ہے، اس کے لیے دوباتیں ضروری ہیں: ایک یہ کہ وقفے وقفے سے آپس میں اجلاس ہواور اتفاقِ رائے سے پالیسیاں تشکیل دی جائیں،سو جو بھی لائحہ ٔ عمل طے ہو، اُس کو سب اپنائیں اور اس کے اسٹیک ہولڈربنیں۔ دوسری یہ کہ آئے دن میڈیا پر ان حساس موضوعات کو زیرِ بحث لانے کی روایت کی حوصلہ شکنی کی جائے، اس سے بحیثیت مجموعی ریاست کو فائدے کی بجائے نقصان پہنچتا ہے۔ ہمارے معاشرے میں جو تنقید سے بالاتر اور قابلِ احترام شخصیات ہیں، انہیں معاشرے کی رہنمائی کے لیے آگے آکر مُصلِح کا کردار ادا کرنا چاہیے، اس وقت اس کی اشد ضرورت ہے۔ ایوانِ صدر ریاست کی وحدت کی علامت ہوتا ہے، لیکن آئین میں اس کا کردار محدود کردیا گیا ہے اور اسی بنا پر بحرانوں میں اس کا کردارکہیں نظر نہیں آتا۔
از : اَن کہی - مفتی منیب الرحمٰن ماخذ : روزنامہ دنیا و دلیل