سی پی این ای سب ایڈیٹروں اور صحافیوں کے لئے تربیتی پروگرام کرے گی‘ اعجازالحق
حکومت، تعلیمی ، صنعتی و زرعی اداروں سے اشتراک عمل کیا جائے گا، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی
کراچی (پ ر) سی پی این ای کے زیر اہتمام سب ایڈیٹروں اور صحافیوں کی تربیت و آگہی کے لئے ملک کے مختلف شہروں میں تربیتی پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل اعجازالحق کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں سی پی این ای ’’اسکل ڈویلپمنٹ کمیٹی‘‘ کے اجلاس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سب ایڈیٹرز اور صحافیوں کے لئے آگہی اور مہارت میں اضافے کے لئے سیمینار، ورکشاپ، لیکچرز کی صورت میں تربیتی پروگرام کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد اور حیدرآباد میں منعقد کئے جائیں گے۔ پاکستان کی یونیورسٹیز میں صحافت کے طالب علموں کے لئے مختلف اخبارات و رسائل میں انٹرنشپ پروگرام کے لئے کوششیں کی جائیں گی۔ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی نے کہا کہ اجلاس میں طے پایا گیا ہے کہ سب ایڈیٹرز اور صحافیوں کی تربیت کے لئے حکومت، اعلیٰ تعلیمی اداروں، صنعتی اور زرعی اداروں کے ساتھ مل کر پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے جن شعبوں کی خاص طور نشاندہی کی گئی ہے ان میں بنیادی حقوق اور عدلیہ،صحت، ماحولیات، زراعت و لائیو اسٹاک اور برآمدی اشیاء شامل ہیں۔ خارجہ امور، ملکی سلامتی اور اقتصادی امور پر متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے ساتھ بریفنگز اور لیکچرز کے پروگرام ترتیب دیئے جائیں گے۔ اجلاس کے شرکاء نے حالیہ برسوں میں کئی پاکستانی اخبارات و رسائل میں زبان و بیان کی اغلاط پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ پاکستان میں ادارت کے اعلیٰ معیار مقرر کرنے پر یوسف صدیقی، احمد علی خان، ظہور عالم شہید اور ضمیر نیازی کی خدمات کا ذکر ہوا۔ شرکاء نے روزنامہ آبزرور اسلام آباد کے بانی ایڈیٹر زاہد ملک، پاکستان کے معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر عبدالوہاب اور روزنامہ نوائے وقت کے ایڈیٹر سعید خاور کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ سی پی این ای اسکل ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی (چیئرمین)، غلام نبی چانڈیو، سعید خاور، حامد حسین عابدی، فیصل شاہجہاں، نجم الدین شیخ، عارف بلوچ، قاضی مصطفی، بلال فاروقی، عبدالرحمن منگریو، شیر محمد کھاوڑ، تقی علوی، بشیر احمد میمن اور منصور کورائی نے شرکت کی۔

جاری کردہ: کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز – سی پی این ای
مورخہ: 06 ستمبر2016ء
Source : CPNE Official