روشن راستہ (9)
سنڈے ایکسپریس 25 دسمبر 2016ء
سائنس و ٹیکنالوجی کی بے انتہا ترقی کے باوجود لاتعداد افراد کے جسمانی، ذہنی، نفسیاتی، جذباتی اور روحانی مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ مسائل کے حل اور بیماریوں سے شفاء پانے کے لے جدید طریقوں کے ساتھ ساتھ صدیوں قدیم کئی طریقے بھی انسانوں کے لیے نہایت مفید اور موثر ہیں ۔ ان میں روحانی علاج، طب نبوی، طب یونانی، کلر تھراپی، پیراسائیکلوجی اور دیگر متبادل طب Alternative Therapies شامل ہیں۔معروف اسکالر ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی اپنے کالم ’’روشن راستہ ‘ میں قارئین کے مختلف مسائل اور امراض پر اپنی رائے ، مشورہ اور حسبِ ضرورت متبادل طب سے علاج پیش کریں گے۔ |
میڈیکل کا طالب علم اور موبائل فون
سوال: میرا بڑا بیٹا میڈیکل کالج کے چوتھے سال ( 4th year) میں ہے۔ میٹرک، انٹر اور میڈیکل کالج کے تین برسوں میں اس کے رزلٹس بہت اچھے رہے ہیں۔ پہلے تو اس کا دل پڑھائی میں خوب لگتا تھا پر اب نہ جانے اسے کیا ہوگیا ہے۔ جب دیکھو موبائل فون لے کر بیٹھا ہوتا ہے۔ پوچھوں تو کہتا ہے کہ آپ فکر نہ کریں میری تیاری مکمل ہے۔
(مسز محمد۔ کراچی)
جواب: اگر آپ کا بیٹا اپنی اسٹڈیز سے مطمئن ہے تو آپ بھی فکر نہ کیجیے۔ اسے اینڈرائڈ سیل فون کے ساتھ مصروف دیکھ کر یہ مت سمجھیے کہ وہ دوستوں کے ساتھ فضول چیٹنگ ہی کر رہا ہے۔ پروفیشنل اداروں میں پڑھنے والے اکثر نوجوان اپنے کیریر کے بارے میں بہت حساس ہوتے ہیں اور اپنا وقت ضائع کرنے سے اجتناب برتتے ہیں۔ مسلسل اسٹڈیز کرنے والے طالب علموں کو امتحانات کے دنوں میں ہی بہت زیادہ پڑھنے کی ضرورت نہیں رہتی۔ انشاء اﷲ آپ کا بیٹا تعلیمی میدان میں آپ کو مایوس نہیں کرے گا۔
نیند اُچاٹ ہوجاتی ہے
سوال : میری عمر چالیس برس ہے۔ میرے پانچ بچے ہیں۔ مجھے رات جلدی سونے کی عادت ہے۔ میں گیارہ ساڑھے گیارہ بجے تک سو بھی جاتی ہوں، لیکن کچھ مہینوں سے ایسا ہورہا ہے کہ اکثر ایک ڈیڑھ گھنٹے کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ اس وقت مجھے شدید بے چینی، ڈر اور خوف بھی محسوس ہوتا ہے۔ نیند اچاٹ ہوجانے کے بعد میں کافی دیر تک جاگتی رہتی ہوں۔ رات میں نیند خراب ہونے کی وجہ سے دن میں طبیعت میں بیزاری اور چڑچڑاپن بڑھ رہا ہے۔
(نام نہ دیں، لاہور)
جواب: ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا نظام ہضم ٹھیک نہیں۔ اندازہ ہے کہ آپ کا بلڈ پریشر بھی بڑھا ہوا رہتا ہے۔ بہتر ہوگا کہ کسی اچھے ڈاکٹر سے اپنا طبی معائنہ کروائیں۔ رات کا کھانا سونے سے تقریباً تین گھنٹے پہلے کھا لیں۔ دوپہر کھانے کے بعد پپیتا کھائیں۔ دن میں انار اور موسمبی بھی لیں۔ چند ہفتوں تک گھی، مکھن اور دودھ استعمال نہ کریں۔
رات سونے سے پہلے اکیس مرتبہ اعوز بکلمات اللّٰہ التامۃ من غضبہ و شر عبادہ ومن ھمزات الشیٰطین و ان یحضرون، تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں۔
چند ہفتوں تک روزانہ صبح اور شام سبز شعاعوں میں تیار کردہ پانی ایک ایک پیالی، اور صبح دوپہر اور رات کھانے سے پہلے زرد شعاعوں میں تیار کردہ پانی ایک ایک پیالی پییں۔
دادی نے زبردستی نکاح کروادیا
سوال : میری عمر 20 سال ہے۔ میرے والد صاحب کا انتقال ہوچکا ہے۔ میرے ابو کے انتقال کے چند سال بعد میری امی مجھے دادی کے پاس چھوڑ کر اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھیں۔ وجہ یہ تھی کہ دادی اور چچاؤں کا رویہ میری والدہ صاحبہ کے ساتھ بہت برا تھا۔ اب میری دادی اور چچاؤں نے میرا نکاح بڑی پھوپھی کے بیٹے کے ساتھ کردیا ہے۔ میں اس رشتے سے بار بار انکار کرتی رہی مگر میری کوئی بات نہیں سنی گئی۔ میری باتیں سن کر دادی مجھے بد دعائیں بھی دیتی ہیں۔ اس شادی کے لیے ان لوگوں نے میرے ساتھ زبردستی کی تو میں کچھ کر بیٹھوں گی۔
(نام شایع نہ کریں)
جواب: بیٹی! مناسب ہوگا کہ تم خود کوئی قدم اٹھانے کے بجائے اپنی رائے سے اپنی والدہ کو مطلع کرو۔ امید ہے کہ سسرال والوں سے اختلافات کے باوجود وہ تمہارے معاملے پر ان سے بات کرکے کوئی اچھا حل نکال لیں گی۔ عشاء کی نماز کے بعد اکتالیس مرتبہ سورہ جمعہ (62) کی پہلی آیت، گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں کہ آپ کے بزرگوں کو آپ کے لیے صحیح فیصلہ کرنے کی توفیق عطا ہو۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
رشتے کی پریشانی
سوال : ہم پانچ بہنیں ہیں۔ مجھ سے دو بڑی بہنوں اور دو چھوٹی بہنوں کی شادیاں اچھے گھرانوں میں ہوچکی ہیں۔ میرا کوئی خاص اچھا رشتہ نہیں آیا۔ میری عمر 30سال ہوگئی ہے۔
(نام شایع نہ کریں)
جواب:عشاء کی نماز کے بعد 101مرتبہ بسم اللہ الواسع جل جلالہ، گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اچھی جگہ رشتہ طے ہونے اور خوش و خرم ازدواجی زندگی کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز یا نوے روز تک جاری رکھیں۔ ناغے کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔
ناک چپٹی ہے
سوال : ڈاکٹر صاحب! میرا مسئلہ دوسروں سے الگ ہے۔ ہمارے گھر کے سب افراد خوب صورت اور اچھی ستواں ناک کے مالک ہیں۔ دادا، والد، بھائی سب کی ناک اونچی، کھڑی اور ستواں ہے، مگر میری ناک چپٹی ہے۔ کئی لوگ میری چپٹی ناک کا مذاق اڑاتے ہیں اور مجھے پکوڑا پکارتے ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ میری ناک بھی اونچی، کھڑی، ستواں اور خوبصورت ہوجائے اور میں بھی خوب صورت نظر آؤں۔ جناب! میں نے تھوڑا بہت بتا دیا ہے باقی چپٹی ناک کی وجہ سے مجھ پر گزرنے والی اذیتوں کا آپ خود اندازہ لگالیں۔ کیا میں ساری زندگی یونہی بدصورت رہوں گا؟
(نام شایع نہ کریں)
جواب: چپٹی ناک تھوڑی سی ایکسرسائز سے بہتر ہوسکتی ہے لیکن ذہن پر طاری مایوسی کئی دوسری خرابیوں کا سبب بن سکتی ہے۔ عزیز نوجوان! یاد رکھو کہ عملی زندگی میں کام یابیاں ستوان ناک کی وجہ سے نہیں بلکہ تمہاری اعلیٰ تعلیم اور قابلیتوں کی وجہ سے ملیں گی۔ تم یہ بتاؤ کہ تم نے اپنے لیے کون کون سے سبجیکٹس منتخب کیے ہیں، پڑھائی کیسی چل رہی ہے۔ تمہیں کس کھیل سے دل چسپی ہے۔ ناک کی شیپ بہتر بنانے کے لیے دن میں تین چار مرتبہ اپنے دائیں انگوٹھے اور چاروں انگلیوں سے چہرے کی جلد سے ناک کے گرد گھیرا سا بناؤ اور ہلکا سا دباؤ رکھتے ہوئے ناک کی بیرونی سطح تک لاؤ۔ ایسا کئی بار کرو۔ چند روز کے اس عمل سے ناک کا چپٹا پن کم ہوسکتا ہے۔
افسروں کا رویہ ٹھیک نہیں
سوال :نہ گھر پر سکون ہے اور نہ باہر کے معاملات ٹھیک ہیں۔ مقدمات الگ ہیں، افسروں کا رویہ بھی ٹھیک نہیں ہے۔ خوامخواہ اذیت دیتے ہیں۔ ریٹائرمنٹ بھی قریب ہے۔
(نام شایع نہ کریں، پشاور)
جواب: عشاء کی نماز کے بعد 101مرتبہ سورۂ یوسف (12)کی آیت 67 کا آخری حصہ (ان الحکم الا للّٰہ علیہ توکلت وعلیہ فلیتوکل المتوکلون) گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر حالات کی بہتری، خیرو برکت اور مقدمات سے بعافیت فراغت کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔ یہ عمل نوے روز تک جاری رکھیں۔ وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا حی یا قیوم کا ورد کرتے ہیں۔
ڈراؤنے خواب
سوال : 1۔ میری شادی کو پندرہ سال ہوگئے ہیں۔ میرے تین بچے ہیں لیکن تینوں کی صحت نہیں بنتی حالاںکہ کھلائی پلائی بھی ماشاء اللہ بہت اچھی ہے۔ بچے Active تو ہیں لیکن کم زور ہیں۔2۔ مجھے کئی سال سے ڈراؤنے خواب آرہے ہیں۔ اکثر خواب میں ایک عورت آتی ہے اور بہت گندے گندے خواب بھی آتے ہیں۔ ایک لمحے کے لیے جنونی کیفیت ہوجاتی ہے۔ چونک کر اٹھ جاتا ہوں، چیخنا شروع ہوجاتا ہوں، ایک مرتبہ میں خواب میں اسی حالت کے دوران میرے بیٹے نے مجھے اٹھانے کی کوشش کی تو میں نے نیند میں اسے بھی تھپڑ مار دیا۔ مجھے ڈر ہے کہ میرے اوپر کوئی چیز ہے اور کہیں وہ مجھ سے میرے بچوں پر نہ آجائے۔
(م۔ ا۔ کراچی)
جواب: 1۔ بچوں کو جب بھی کچھ کھانے کے لیے دیں تو گیارہ مرتبہ اسم الٰہی یا رحیم، تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر بچوں پر دم کردیا کریں۔
2۔ رات سونے سے پہلے گیارہ مرتبہ سورۂ فلق، تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں۔ نیلی شعاعوں میں تیار کردہ پا نی صبح اور شام ایک ایک پیالی، روزانہ صبح اور شام ایک ایک ٹیبل اسپون شہد لیں۔
پچیس سال سے بیمار
سوال: میں گذشتہ پچیس سال سے بیمار ہوں۔ کبھی گردے میں انفیکشن تو کبھی کچھ۔ کئی سال سے نیند بھی ٹھیک طرح نہیں آتی۔ نیند کی دوائیں لیں تو سارا دن غنودگی اور جسم میں درد رہنے لگا۔ پرسکون نیند آئے برسوں ہوگئے ہیں۔ ہر وقت سستی چھائی رہتی ہے۔ اگر اپنا فون نمبر بھی بتا دیں تو فوری جواب حاصل کرنے کی سہولت ہوجائے۔
(نام شائع نہ کریں)
جواب: ڈاکٹری علاج کے ساتھ ساتھ صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورۂ بنی اسرائیل (17) کی آیت 82 میں سے، وننزل من القرآن ماھو شفاء ورحمۃ للمومنین، تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پییں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں۔ رات سونے سے پہلے اکتالیس مرتبہ درودشریف پڑھ لیا کریں۔ بینگنی شعاعوں میں تیار کردہ پانی ایک ایک پیالی صبح اور شام اور زرد شعاعوں میں تیار کردہ پانی ایک ایک پیالی دوپہر اور رات کھانے سے پہلے پییں۔
رابطے کے لیے: دفتری اوقات میں اس نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
فون: 021-36685469
جوان بیٹے کو نظر لگ گئی
سوال: میرا بڑا بیٹا چند ماہ پہلے تک کام کاج ٹھیک طرح کرتا تھا۔ گھر والوں کے ساتھ بھی ادب اور محبت سے رہتا تھا۔ اپنی تنخواہ بھی باقاعدگی سے اپنی ماں کو لاکر دیتا تھا۔ پتا نہیں اسے کس کی نظر لگی ہے کہ اب گھر میں ماں باپ سے جھگڑا کرتا ہے۔ چھوٹے بہن بھائیوں کو مارتا پیٹتا ہے۔ اب تنخواہ بھی ماں کے ہاتھ میں نہیں رکھتا۔ میں اسے کچھ کہوں تو کہتا ہے کہ گھر چھوڑ کر چلا جاؤں گا یا خود کو مار لوں گا۔
(ایک ریٹائرڈ سپاہی)
موت کا خوف
سوال: چند سال پہلے میرے بھائی کا انتقال ہوگیا۔ ان کی موت کی خبر اچانک سن کر میرا ذہن ماؤف ہوگیا اور پھر مجھ پر موت کا خوف طاری ہوگیا۔ نیند اڑ گئی۔ اب کئی سال علاج کے بعد نیند تو آجاتی ہے، خوف بھی کافی کم ہوگیا ہے لیکن اب زندگی پہلے جیسی خوش باش نہیں رہی۔ ہر وقت اداس رہتا ہوں، میرا بلڈ پریشر بھی اکثر کم رہتا ہے۔
(ایک نوجوان)
جواب: صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورۂ آل عمران کی دوسری آیت، اللّٰہ لا الہ الاھو الحی القیوم، تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کریں۔ وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا حی یا قیوم کا ورد کرتے رہیں۔
شوہر کا رویہ
سوال: میرے شوہر باہر تو سب سے اچھے اور خوش گوار موڈ میں بات چیت کرتے ہیں اور دوسروں کے کاموں کو بھی خوشی خوشی کردیتے ہیں، لیکن گھر میں ان کا رویہ بالکل بیگانوں کی طرح کا ہوجاتا ہے۔ اول تو مجھ سے اور میرے بچوں سے ضروری بات کے علاوہ بات نہیں کرتے، دوسرے یہ کہ جو مختصر بات کرتے ہیں اس میں بھی ان کا لہجہ ایسا ہوتا ہے کہ ہم سوچتے ہیں کہ اس سے تو یہ بات ہی نہ کرتے تو بہتر تھا۔
(چاندنی۔ شہر کا نام شائع نہ کریں)
جواب: مردوں سے ایسی شکایات کئی خواتین کی زبانی سننے میں آتی رہتی ہیں۔ شوہر کا موڈ گھر میں اچھا کیوں نہیں ہوتا؟ شکایت سے پہلے خواتین کو اس کے اسباب پر غور کرنا چاہیے۔ کئی خواتین اپنے شوہر کی خدمت تو بہت کرتی ہیں لیکن ان کے مزاج اور ذوق کو سمجھنے کی کوشش نہیں کرتیں۔ اکثر بچے بھی اپنے والد کی توقعات پر پورا اترنے کے بجائے والد ہی سے اپنی توقعات کی تکمیل چاہتے ہیں۔ مناسب ہوگا کہ آپ اپنے شوہر کی مزاج شناس بنیں۔ گھر کا ماحول ان کے ذوق اور پسند کے مطابق آراستہ کریں۔
دشمنوں کے شر سے حفاظت
سوال: مندرجہ بالا مرد و خواتین کے خطوط میں تقریباً یکساں مسائل بیان کیے گئے ہیں اس لیے سوال شائع کیے بغیر سب کے لیے ایک ہی جواب تحریر کیا جارہا ہے۔
(صالحہ بیگم۔ کراچی، عبد السلام۔ حیدرآباد، معین قریشی ۔ میر پور خاص، جاوید عالم۔ لاہور، سردار بی بی۔ گوجرانوالہ، سکینہ۔ فیصل آباد)
جواب: رات سونے سے پہلے گیارہ مرتبہ سورہ تغابن (64)کی تلاوت کریں۔ اس کے بعد گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں کہ دشمنوں کے شر سے حفاظت و سلامتی ہو۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا سلام کا ورد کرتے رہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔مختصر مختصر۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال: (ملکہ بی بی۔ فیصل آباد، اشتیاق احمد۔ راولپنڈی)
جواب: عشاء کی نماز کے بعد اکتالیس مرتبہ آیت الکرسی گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر روزگار میں برکت اور ترقی کے حصول کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ ہر جمعرات کم از کم اکیس روپے خیرات کردیا کریں۔
سوال: (شازیہ عارف، فرح ظہیر، احتشام۔ کراچی) (شفق ناز۔ لاہور، تحریم۔ سیالکوٹ)
جواب: صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ سورہ قمر کی آیت 17ولقد یسرنا القرآن للذکر فھل من مدکر تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے بیٹے/بیٹی کو پلائیں اور اس پر دم بھی کردیں اور پڑھائی میں دل لگنے کے لیے دعا کریں۔ کم از کم ایک ماہ تک یہ عمل جاری رکھیں۔
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com فون نمبر: 021-36685469 |