روشن راستہ - 11

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی


روشن راستہ (11)


 سنڈے ایکسپریس  5 فروری 2017ء 


سائنس و ٹیکنالوجی کی بے انتہا ترقی کے باوجود لاتعداد افراد کے جسمانی، ذہنی، نفسیاتی، جذباتی اور روحانی مسائل میں  اضافہ ہوا ہے۔ مسائل کے حل اور بیماریوں  سے شفاء   پانے کے لے جدید طریقوں  کے ساتھ ساتھ صدیوں  قدیم کئی طریقے بھی انسانوں  کے لیے نہایت مفید اور موثر ہیں ۔ ان میں  روحانی علاج، طب نبوی، طب یونانی، کلر تھراپی، پیراسائیکلوجی اور دیگر متبادل طب Alternative Therapies شامل ہیں۔

 معروف اسکالر ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی  اپنے  کالم  ’’روشن  راستہ  ‘ میں  قارئین کے مختلف مسائل اور امراض پر  اپنی رائے ، مشورہ  اور حسبِ ضرورت متبادل طب سے علاج پیش کریں  گے۔




جائیداد پر قبضہ کرلیا


سوال: ہم لوگ گذشتہ 10سال سے بہت پریشان ہیں۔ میرے خاوند کے پانچ بھائی اور دو بہنیں ہیں۔ میرے میاں بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ ساس سُسر وفات پاچکے ہیں۔ بڑے بھائیوں نے والد کے سارے کاروبار اور جائیداد پر قبضہ کرکے میرے میاں کو مارپیٹ کر نکال دیا ہے۔ ہم نے کئی لوگوں کو بیچ میں ڈال کر معاملہ حل کرانے کی کوشش کی مگر میرے جیٹھ ٹس سے مس نہیں ہوئے۔ نہ جائیداد میں سے کوئی حصہ دیتے ہیں اور نہ ہی کاروبار کے لیے کوئی مناسب جگہ دیتے ہیں۔ میرے چار بچے ہیں۔ ہم در بدر ٹھوکریں کھارہے ہیں۔
(م ۔ چٹھا: چکوال)

جواب:   آپ اور آپ کے شوہر فجر کی نماز کے بعد اور عشاء کی نماز کے بعد101مرتبہ الھمہ انا نجعلک فی نحورھم و نعوذبک من شرورھم، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اﷲتعالیٰ سے مدد ونصرت کا سوال کریں۔ یہ عمل نوے روز تک جاری رکھیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا ولی یانصیر یا ذوالجلال والاکرام کا ورد کرتے رہیں۔



بچے کو ڈرلگتا ہے


سوال : میری بیٹے کی عمر چھے سال ہے۔ آج کل بہت ضدی ہوگیا ہے۔ پڑھنے لکھنے کی طرف بالکل توجہ نہیں دیتا۔ کھانے پینے اور بالخصوص اسکول جاتے وقت بہت ضد کرتا ہے۔ اندھیرے سے ڈرتا ہے۔ اکیلا غسل خانے تک نہیں جاتا۔ اگر لائٹ چلی جائے تو سہم جاتا ہے۔
(ف۔ب: فیصل آباد)

جواب:   آپ کا بچہ جب رات کو گہری نیند میں ہو اُس کے سرہانے اتنی آواز سے کہ اس کی آنکھ نہ کھلے پانچ مرتبہ سورئہ کوثر پڑھ کر اس کے چہرے پر دم کردیں اور دعا کریں ۔ یہ عمل کم از کم اکیس روز تک جاری رکھیں۔ روزانہ صبح ایک ٹیبل اسپون شہد پر گیارہ مرتبہ یاعزیز پڑھ کر دَم کردیں اور یہ دَم کیا ہوا شہد اس بچے کو پلائیں۔

چہرہ چھوٹا ہے


سوال : میرا چہرہ چھوٹا اور گول سا ہے۔ اکثر چھوٹے بچے تک مجھ سے کہہ دیتے ہیں کہ باجی آپ کا منہ بہت چھوٹا ہے۔ میرا رنگ بھی پیلا رہتا ہے۔ چہرہ پُرکشش نہیں ہے حالاںکہ غذا بہت اچھی کھاتی ہوں۔ نماز پنجگانہ ادا کرتی ہوں۔ پلیز آسان سا وظیفہ بتائیں۔ روشنیوں والا علاج میں نہیں کرسکتی۔
(ف۔ج: ملتان)

جواب:  رات کو سوتے وقت اور صبح سورج طلوع ہونے سے پہلے و ضو کرکے 101 مرتبہ یا باری یا مصور یا قدیر یا قادر، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے دونوں ہاتھوں پر دم کریں اور ہاتھ دعا کی طرح تین بار چہرہ پر پھیرلیں۔ یہ عمل ایک ماہ تک جاری رکھیں۔


فضائی سفر نقصان دہ ہے!


سوال :   میرے والد عرصہ دراز سے کویت میں مقیم ہیں۔ والد صاحب کی آنکھوں میں موتیا اُتر آیا ہے۔ ڈاکٹروں نے فضائی سفر کو اُن کی صحت کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔ اس تکلیف سے ایک ماہ پہلے ہی اُن کی ملازمت ختم ہوچکی تھی۔ کمپنی اُن کے بقایا جات جو سات لاکھ روپے سے زاید ہیں ادا کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ ہماری ایک بڑی بہن کی وجہ سے ہمارے گھر کا خرچہ چل رہا ہے۔ کوئی ایسی دعا بتادیں کہ والد صاحب کا مسئلہ بہ آسانی حل ہوجائے اور اُن کے بقایاجات انہیں فوری طور پر مل جائیں، تاکہ وہ اپنا علاج کروا کر پاکستان واپس آسکیں۔
(ز۔ش: ٹوبہ ٹیک سنگھ)

 جواب: عشاء کی نماز کے بعد ایک سو گیارہ مرتبہ اﷲ رب العالمین، گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اس مسئلے کے حل کے لیے اﷲ تعالیٰ کے حضور دعا کریں۔ یہ عمل اکیس روز تک کریں۔


آنتیں کم زور ہوگئی ہیں


سوال : میں بہت کم زور ہوں۔ میرا نظامِ ہضم طویل عرصے سے خراب ہے۔ مجھے اکثر چیزیں آسانی سے ہضم نہیں ہوتیں۔ میں نے کئی ڈاکٹروں کو دکھایا لیکن اُن کی دواؤں سے مجھے بس عارضی طور پر ہی فائدہ ہوتا ہے۔ ایک عرصہ ہوا مجھے کھل کر بھوک نہیں لگتی۔ اکثر قبض رہتا ہے یا پھر پیچش شروع ہوجاتی ہے۔
(لطیف شکور: منڈی بہاء الدین)

جواب: ڈاکٹری یا حکیمی علاج کے ساتھ کلر تھراپی کے اصولوں کے مطابق سبز شعاعوں میں تیار کردہ پانی ایک ایک پیالی صبح نہار منہ اور شام پییں اور زرد شعاعوں سے تیارکردہ پانی دوپہر اور رات کھانے سے پہلے پییں۔ روزانہ صبح اور شام ایک ایک کینو اور رات سونے سے پہلے تین عدد کیلے کھاکر اوپر سے ایک پیالی نیم گرم دودھ پی لیں۔ ایسی تمام سبزیاں جو زمین کے اندر پیدا ہوتی ہیں مثلاً آلو، چقندر، مولی وغیرہ چند ہفتوں کے لیے نہ کھائیں۔ سرخ مرچ، تیز مسالے دار غذائیں، تَلی ہوئی چیزیں، گائے کا گوشت، کچھ عرصے کے لیے استعمال نہ کریں۔

ویزا لگ جائے


سوال : میری پریشانیوں کا آغاز اُس وقت ہوا جب مجھے پہلی ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔ دوسری ملازمت جلد مل تو گئی لیکن یہاں تنخواہ کم ہونے کے باعث مالی پریشانیاں مسلسل بڑھتی رہیں۔ معاشی مسائل کے حل کے لیے کافی عرصے سے بیرونِ ملک جانے کی کوشش کررہا ہوں، لیکن کام یابی نہیں ہورہی ہے۔ آپ کوئی دعا بتائیں تاکہ میں باہر جاکر اپنے مالی حالات بہتر بنا سکوں۔
(رحمت علی۔ شیخوپورہ)

جواب: مالی حالات کی بہتری کے لیے باہر جانا لازمی نہیں۔ پاکستان میں رہتے ہوئے بھی آپ کو اچھی آمدنی اور زیادہ سہولتوں والی ملازمت انشاء اﷲ جلد مل جائے گی۔
آدھی رات گزرنے کے بعد ایک مرتبہ درودشریف اور ایک مرتبہ اللہ تعالیٰ کا اسم یارزاق پڑھیں۔ اس کے بعد پھر درودشریف اور پھر اسم الٰہی یا رزاق ۔ اس طرح اسم الٰہی 101مرتبہ پڑھیں اور بات کیے بغیر بستر پر لیٹ کر دعا کرتے کرتے سوجائیں۔ عمل کی مدت کم از کم 40 روز ہے۔ ہر جمعرات کو اکیس روپے خیرات کردیں۔ خاندان کے عمر رسیدہ بزرگ کی دست بوسی کریں اور اُن سے اپنے لیے دعا کروائیں۔

تعلیم سے بیزاری

سوال : میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں لیکن میرا دل پڑھائی سے اُچاٹ ہوگیا ہے۔ اپنے آپ کو بہت سمجھاتی ہوں لیکن تعلیم سے بے زاری ختم نہیں ہورہی۔ آپ کوئی ایسا وظیفہ بتائیں جس سے میرا دل پڑھائی کی طرف مائل ہوجائے۔
(م ۔ ش۔ سیالکوٹ)

جواب:   آپ اپنی والدہ سے کہیں کہ جب آپ رات کو گہری نیند سوجائیں تو آپ کے سرہانے بیٹھ کر ایک مرتبہ سورہ رحمٰن ذرا اونچی آواز سے پڑھ دیا کریں۔ یہ عمل ایک ماہ تک جاری رکھیں۔

اخلاق کا اسراف


سوال: ہم جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہتے ہیں۔ میرے دو چچا جو والد صاحب سے بہت چھوٹے ہیں، جو جوئے اور نشے کی لت میں مبتلا ہیں۔ اپنی اس عادت کی وجہ سے ایک چچا تو جیل کی ہوا بھی کھا چکے ہیں۔ دادا جان کی ملکیت تقسیم ہوچکی ہے۔ دونوں چچا اپنے حصے کی تمام جائیداد جوئے اور نشے کی نذر کرچکے ہیں اور اب والد صاحب کی آمدنی پر نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔ ان دونوں کو اپنی کسی ذمے داری کا احساس نہیں۔ میرے والد صاحب ہر طرح سے اُن کی مدد کرتے ہیں، جس کی وجہ سے اب والد صاحب پر بہت قرضہ بھی چڑھ چکا ہے۔ یہ دونوں ہمارے والد صاحب کے احسان مند ہونے کے بجائے اُلٹا اُن سے لڑتے جھگڑتے رہتے ہیں۔
(عارف وڑائچ: ساہیوال)

جواب:  نشے کے عادی اور کام چور ان دونوں بھائیوں کے اپنے بڑے بھائی سے جھگڑا کرنے کا مقصد دراصل انہیں جذباتی دباؤ میں لانا ہے۔ وہ دونوں سمجھتے ہیں کہ گھر میں چیخنے چلانے سے ان کا شریف النفس اور صلح جو بھائی ان کی ناجائز باتیں ماننے پر بھی مجبور ہوجائے گا۔ اپنے چھوٹے بھائیوں کے نخرے اور اخراجات اٹھاتے رہنا خود ان دونوں کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔ بہتر ہوگا کہ آپ کے والد خاندان کے بڑوں کو بیچ میں ڈال کر ان دونوں بھائیوں کو اپنے اور اپنے بیوی بچوں کے اخراجات خود پورے کرنے کے لیے کہیں۔ ان کے عدم تعمیل کی صورت میں آپ کے والد انہیں خرچ دینا بند کردیں۔ ان پر یہ بھی واضح کردیں ان کا نشہ کرتے رہنا اب کسی حال میں بھی برداشت نہیں کیا جائے گا۔
آسان لفظوں میں اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ آپ کے والد صاحب اپنے چھوٹے بھائیوں کی جانب سے جذباتی بلیک میلنگ کا سامنا کررہے ہیں اور اخلاق کا اسراف کررہے ہیں۔ انہیں اس اسراف سے اجتناب برتنا چاہیے۔

جہیز میں موٹر سائیکل


سوال:   میری شادی کو ایک سال ہوگیا ہے۔ میں اپنے سسرال والوں کے ساتھ رہتی ہوں۔ شوہر ملازمت کے سلسلے میں دوسرے شہر میں ہیں۔ میری ساس میرے میاں کی ساری تنخواہ رکھ لیتی ہیں اور شوہر بھی مجھے خرچ نہیں دیتے۔ سسرال والے اور شوہر مجھے جہیز میں موٹر سائیکل اور ایل ای ڈی نہ لانے کا طعنہ بھی دیتے رہتے ہیں۔ میں شوہر سے اپنے خرچ کی بات کرتی ہوں تو کہتے ہیں میرے حالات ٹھیک نہیں ہیں مجھے اپنے بہن بھائیوں کو پالنا پوسنا ہے۔ اُن کے ایک بھائی کی اچھی تنخواہ ہے لیکن وہ الگ رہتے ہیں اور اپنے والدین کو ایک پیسہ بھی نہیں دیتے۔ میرے شوہر کی اپنی تنخواہ بھی کم نہیں ہے لیکن میں شوہر کی طرف سے ایک ایک روپے کو ترستی ہوں۔
(نام شایع نہ کریں۔ لاہور)

جواب:  رات سونے سے قبل بستر پر لیٹ کر 101مرتبہ اﷲ کے اسماء یاھادی یا رشید گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں کہ ان کی سوچ کی اصلاح ہو اور انہیں آپ کے حقوق احسن طریقے سے ادا کرنے کی توفیق ملے ۔ یہ عمل چالیس روز تک جاری رکھیں۔

ٹیچنگ سے دل چسپی نہیں


سوال:  میں کمپیوٹر گریجویٹ ہوں۔ کمپیوٹر کی فیلڈ میں اتنی ڈیمانڈ کے باوجود میں دو سال سے بے روزگار ہوں۔ ٹیچنگ کرکے چھوڑ چکا ہوں، کیوں کہ مجھے ٹیچنگ سے کوئی دل چسپی نہیں ہے اور ٹیچنگ کے لیے جن خصوصیات کی ضرورت ہوتی ہے میرے خیال میں وہ مجھ میں موجود ہی نہیں ہیں۔ میں چاہتا ہوں کہ میں اپنی فیلڈ ہی میں کام کروں۔ بے روزگاری کی وجہ سے میرا ذہن منفی خیالات کی آماج گاہ بن چکا ہے اور میںاندر سے کھوکھلا بھی ہوچکا ہوں۔ تمباکو کھانے کی لت بھی پڑ گئی ہے۔ خوداعتمادی ختم ہوچکی ہے۔ رات کو اکیلا نہیں سو سکتا، ہلکی سی آہٹ سے بھی دل دہل جاتا ہے۔
(ی۔س: کراچی)

جواب:   صبح سویرے فجر کی اذان سے قبل بیدار ہوجائیں۔ فجر کی نماز باجماعت ادا کریں۔ نماز کے بعد تین سو مرتبہ یا اﷲ یارحمٰن یارحیم کا ورد کریں۔ اس کے بعد پچیس تیس منٹ تک کسی پارک یا ایسی کھلی جگہ جو سڑک سے کافی فاصلے پر ہو یعنی جہاں ٹریفک کے دھویں کی آلودگی نہ ہو، چہل قدمی کریں۔ اس دوران گہرے گہرے سانس لیتے رہیں۔ اس عمل کی مدت چالیس دن ہے۔ جب تک آپ کی فیلڈ کے مطابق جاب نہیں مل رہی ہے کوئی بھی دوسرا مناسب کام کرلیں، فارغ رہنا آپ کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا فتاح یا رزاق کا ورد کرتے رہیں۔


جھگڑالو پڑوسی


سوال: ہمارے پڑوسی ہم سے اکثر لڑتے جھگڑتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے گھر کا سکون تباہ ہوگیا ہے۔ میں ایک طالب علم ہوں۔ پڑوسیوں کی طرف سے ہونے والی روز روز کی چخ چخ سے مجھے بہت ٹینشن رہتی ہے اور اس وجہ سے میری پڑھائی بھی متاثر ہورہی ہے۔
(نویدچوہدری: سیالکوٹ)


جواب:    لوگوں کے شر سے محفوظ رہنے کے لیے ایک جمعرات سے دوسری جمعرات تک روزانہ بعد نماز مغرب ستّر مرتبہ اسم الٰہی یاحسیب کا ورد کیجیے اور اﷲ تعالیٰ سے دعا کیجیے۔


شکی مزاج شوہر


سوال: میری پہلی شادی غیروں میں ہوئی تھی، شوہر شادی کے فوراً بعد ملک سے باہر چلے گئے تھے ، کچھ عرصے بعد پتا چلا کہ انہوں نے وہاں ایک اور شادی کرلی ہے۔ اس کے باوجود میں نے کافی عرصہ انتظار کیا لیکن انہوں نے انتظار کا صلہ طلاق نامے کی صورت میں دیا۔ کچھ عرصے بعد میری دوسری شادی ہوئی۔ دوسری شادی کو ایک سال کا عرصہ ہوگیا ہے لیکن ایک ہفتہ بھی ذہنی سکون نصیب نہیں ہوا۔ میرے شوہر بہت زیادہ شکی مزاج ہیں۔ میرا کسی سے ملنا جلنا بالکل پسند نہیں کرتے۔ میرے میکے والوں میں سے تو کوئی بھی مجھ سے نہیں مل سکتا، حتّٰیٰ کہ دیورانی، جٹھانی اور نندوں سے ملنے پربھی پابندی ہے، اُن کا خیال ہے کہ یہ لوگ مجھے اُن کے خلاف ورغلا سکتے ہیں۔ میری والدہ روز روز کے ان جھگڑوں سے تنگ آکر مجھے اپنے ساتھ لے آئی ہیں، لیکن اب میں دوبارہ طلاق نہیں لینا چاہتی اور اپنا گھر بسانا چاہتی ہوں۔
(نام شائع نہ کریں)

جواب:   اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کے شوہر کو فکر سلیم عطا فرمائیں اور وہ آپ کی قدر و احترام کرنا سیکھیں، آمین۔ رات سونے سے پہلے 101مرتبہ: سورہ النساء (4) کی آیت 148-149اول آخر گیارہ گیارہ بار درودشریف کے ساتھ پڑھ کر شوہر کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں کہ انہیں آپ کا احترام کرنے کی توفیق ملے اور آپ کی ازدواجی زندگی خوشیوں اور سکون کے ساتھ بسر ہو۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز جاری رکھیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یارحمٰن یا رحیم کا ورد کرتی رہا کریں۔



خط بھیجنے کے لیے پتہ ہے۔
 روشن راستہ
ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی،
پی او بکس 2213، کراچی۔74600
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com
فون نمبر: 021-36685469





[از : سنڈے ایکسپریس ، 5 فروری  2017ء ]

اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے