روشن راستہ - 17

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی


روشن راستہ (17)


 سنڈے ایکسپریس  2 اپریل 2017ء 


سائنس و ٹیکنالوجی کی بے انتہا ترقی کے باوجود لاتعداد افراد کے جسمانی، ذہنی، نفسیاتی، جذباتی اور روحانی مسائل میں  اضافہ ہوا ہے۔ مسائل کے حل اور بیماریوں  سے شفاء   پانے کے لے جدید طریقوں  کے ساتھ ساتھ صدیوں  قدیم کئی طریقے بھی انسانوں  کے لیے نہایت مفید اور موثر ہیں ۔ ان میں  روحانی علاج، طب نبوی، طب یونانی، کلر تھراپی، پیراسائیکلوجی اور دیگر متبادل طب Alternative Therapies شامل ہیں۔

 معروف اسکالر ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی  اپنے  کالم  ’’روشن  راستہ  ‘ میں  قارئین کے مختلف مسائل اور امراض پر  اپنی رائے ، مشورہ  اور حسبِ ضرورت متبادل طب سے علاج پیش کریں  گے۔




مراقبے کے اثرات


(گذشتہ سے پیوستہ): 
مقصد کا تعین:
کسی بھی کام کو شروع کرتے وقت اس کام یا کوشش کا مقصد بالکل واضح ہونا چاہیے۔
یہ بات بھی عام مشاہدے میں ہے کہ اکثر لوگ اپنی کوششوں کو کسی نہ کسی مقصد سے تو وابستہ قرار دیتے ہیں لیکن اس مقصد کے حاصل سے بے خبر یا بے پروا ہوتے ہیں۔ اس کی نہایت واضح مثال ہمارے معاشرے میں تعلیم کے عمومی اثرات ہیں۔
یہ بات ہمارے سامنے ہے کہ ہمارے ہاں مختلف مضامین میں گریجویشن کرنے والے بے شمار طلبہ وطالبات اپنے اپنے مضمون میں کتنی قابلیت کے حامل ہیں۔ اب ان طلبہ وطالبات نے یہ مقصد تو حاصل کرلیا کہ وہ تعلیم یافتہ یا ڈگری ہولڈر کہلائیں لیکن تعلیم کا عمل ان کی قابلیت میں اضافہ کا باعث ہو اور اس عمل سے ان کی شخصیت کی تعمیر ہو، اُسے انہوں نے بالکل نظرانداز کردیا، نتیجتاً ڈگری ہولڈر تو ہزاروں لاکھوں ہوگئے لیکن معاشرے کو حقیقی معنوں میں قابل افراد دست یاب نہ ہوپائے۔
کسی بھی کوشش کے پیچھے مقصد اور اس مقصد سے وابستہ نتائج زیادہ سے زیادہ واضح ہونا چاہیں۔
آپ مراقبہ کرنا چاہیں تو پہلے یہ طے کیجیے کہ مراقبہ آپ کیوں کرنا چاہتے ہیں۔ مراقبہ کئی مقاصد کے حصول کے لیے کیا جاسکتا ہے، مثال کے طور پر:
مثبت طرزفکر(Positive Thinking)
ذہنی یا اعصابی دباؤ کا مقابلہ (Stress Management)، جھنجھلاہٹ، غصہ وغیرہ پرکنٹرول(Control on Emotions) ،خوف اور وسوسوں (Phobias) سے نجات، ذہنی یکسوئی، گہری اور پرسکون نیند، حصول علم اور تفہیم کی صلاحیت کی بیداری (Comprehension) ، قوت مدافعت کی بہتری، سچے خواب، چھٹی حِس کی صلاحیت کو پروان چڑھانا، روحانی صلاحیتوں کی بیداری۔
غرض یہ کہ جسمانی ذہنی یا روحانی مقاصد کی ایک طویل فہرست ہی سے اپنے ذوق اور ضرورت کے مطابق آپ کسی ایک یا زاید مقاصد کے لیے مراقبے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ایک طالب علم پڑھتے وقت ذہنی یکسوئی اور تفہیم کی صلاحیت کو مراقبہ کے ذریعہ بہتر بنا سکتا ہے۔
کسی مرض میں مبتلا مریض مثلاً ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس یا کسی نفسیاتی مرض میں مبتلا شخص مراقبے کے ذریعہ شفایابی کے عمل کو تیز کرسکتا ہے۔ خواتین یا مرد مراقبہ کے ذریعہ اپنی شخصیت کو زیادہ پُرکشش بنا سکتے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ یہ سب کیسے ہوگا…؟
اس کا انحصار مراقبہ میں آپ کی دل چسپی، مراقبہ کے لیے صحیح طریقۂ کار اختیار کرنے اور چند دیگر امور پر ہے۔ جن کا تذکرہ آئندہ ہوگا۔(جاری ہے)



غصہ اور حسد


سوال :میں انٹرکی طالبہ ہوں۔ مجھے غصہ بہت آتا ہے۔ کبھی شدید ناامیدی اور مایوسی بھی طاری ہوجاتی ہے۔ مجھے لگتا ہے میرا کوئی نہیں ہے سب کو اپنی فکر ہے، میری فکر کسی کو نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مجھ میں ایک عادت جیلس ہونے کی ہے۔ میں اپنے سامنے کسی اور کی تعریف پر خوش نہیں ہوتی بلکہ میں اس شخص سے چڑنے لگتی ہوں۔ اس میں میری کزن ، سہیلیاں، دوسرے رشتے دار کوئی بھی ہوسکتا ہے۔
(ع:ر: لاہور)

جواب:  صبح شام 101 مرتبہ اسمِ الہٰی ’’یاحمید‘‘ اول آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر نیلی شعاعوں میں تیارہ کردہ پانی پر دم کرکے پییں۔ رات سونے سے پہلے 40 مرتبہ سورہ فاتحہ کی آیات الحمد اﷲ رب العالمین O سے لے کر وایاک نستعین O تک پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں اور غصہ اور حسد سے نجات کے لیے دعا کریں۔


امتحان قریب ہیں


سوال :میں دسویں جماعت کا طالب علم ہوں، امتحانات قریب ہیں، لیکن میرا پڑھنے میں بالکل دل نہیں لگتا۔ حساب اور کمپیوٹر سائنس سمجھنے میں مجھے بہت دشواری ہوتی ہے۔ البتہ فزکس کے مضامین نسبتاً آسانی سے سمجھ لیتا ہوں۔ میری انگریزی بھی بہت کمزور ہے۔
(محتشم۔ کراچی)

جواب:  صبح شام اکیس مرتبہ سورۂ قمر کی آیت17 ، تین تین بار درود شریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے پییں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں۔ جب تک امتحان ہوں یہ عمل جاری رکھیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اسمِ الہٰی ’’یاعلیم‘‘ کا ورد کرتے رہا کریں۔ یہ عمل حسبِ ضرورت دیگر طلبہ و طالبات بھی کرسکتے ہیں۔

دورانِ سفر، طبیعت خراب

سوال : میری عمر 24 سال ہے۔ میں نے کچھ ماہ پہلے ایک کارپوریٹ فرم میں ملازمت اختیار کی ہے۔ کام کے لیے مجھے اکثر بیرونِ شہر بھی سفر کرنا ہوتا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ مجھے سفر کے دوران الٹیاں بہت آتی ہیں۔ سفر چاہے کار کا ہو، بس کا یا ٹرین کا، گاڑی میں قدم رکھتے ہی طبیعت خراب ہونا شروع ہوجاتی ہے اور جیسے ہی گاڑی سے اُترتا ہوں بالکل فریش ہوجاتا ہوں۔ (ریاض الدین: اسلام آباد)

 جواب:شربت الائچی دن میں ایک دو مرتبہ پی لیا کریں۔ دوپہر اور رات کھانے سے قبل زرد شعاعوں میں تیار کردہ پانی آدھی آدھی پیالی پییں۔ کھانوں میں گائے کے گوشت، گھی ، زیادہ چکنائی والی اور دیر ہضم چیزوں سے کچھ عرصہ پرہیز کیا جائے۔ کھانے کے دوران یا کھانا کھانے کے ایک گھنٹے بعد تک پانی نہ پییں۔

شدید احساسِ محرومی

سوال : ہمارے والد نے ہمارا ہر طرح خیال رکھا، لیکن بچپن سے ہی ہم پر بہت روک ٹوک بھی رکھی۔ وہ چاہتے تھے کہ ہم دنیا والوں کو سمجھیں، لیکن یہ سمجھانے کے لیے انہوں نے دنیا کو ہمیشہ ایک خطرہ کی صورت میں پیش کیا۔ ’’لوگ بہت چالاک ہیں‘‘، ’’تم تو ان کے سامنے کچھ بھی نہیں ہو‘‘ وغیرہ۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ میں لوگوں کا سامنا کرنے سے کترانے لگا۔ لوگوں سے بچنے کی خاطر میں نے پڑھائی پر زیادہ توجہ دی اور ہمیشہ اعلیٰ نمبروں سے پاس ہوا، لیکن احساسِ کمتری کی وجہ سے بہترین نمبر لینے کے باوجود عملی زندگی میں خود کو نااہل سمجھتا ہوں۔ اب میں کیا کروں؟
(نام نہ لکھیں)

جواب:  آپ یہ کیجیے کہ معاملات کو صحیح تناظر میں دیکھیے۔ احساسِ کمتری کے تحت لوگوں کا سامنا نہ کرپانے کے باعث ہی تو آپ نے پڑھائی پر توجہ مرکوز کی تھی اور اب آپ کا شمار پوزیشن ہولڈرز میں ہوتا ہے۔ اپنے کیریر کے ابتدائی مرحلے میں بھی اس احساسِ کمتری کو ترقی کا زینہ بنالیجیے، جس طرح پہلے آپ نے پڑھائی پر توجہ مرکوز کی تھی اب پیشہ ورانہ مہارت کے حصول پر زیادہ توجہ دیجیے۔ صبح شام اکیس اکیس مرتبہ سورۂ آل عمران کی آیت: اللّٰہ لا الہ الا ھو الحی القیوم، تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے پییں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں۔ رات سونے سے پہلے وضو کرلیں اور بستر پر لیٹ کر گیارہ مرتبہ کلمۂ طیبہ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یاحی یاقیوم کا ورد کرتے رہیں۔

نظرِ بد

سوال : ہم سب بہن بھائی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں، ماشاء اﷲ سب شادی شدہ اور اپنے اپنے گھروں میں خوش ہیں۔ کچھ عرصے سے ہمارے ایک بھائی کو غیرمتوقع واقعات کی بنا پر کاروبار میں پریشانیوں کا سامنا ہے۔ کبھی باوجود انتہائی دیکھ بھال اور نگرانی کے ان کے ہاں تیار ہونے والے مال میں کوئی نقص نکل آتا ہے۔ بعض مرتبہ مشین چلتے چلتے رُک گئی۔ معائنہ پر معمولی سی خرابی کا پتا چلا لیکن ایک چھوٹی سی خرابی کو ٹھیک کرنے میں بہت زیادہ وقت لگا۔ ہم بہنوں اور ہماری بھابی کا خیال ہے کہ ہمارے بھائی کا کاروبار نظرِبد سے متاثر ہوا ہے۔
(صائمہ۔ راولپنڈی)

جواب: اپنے بھائی سے کہیں کہ وہ کثرت سے صدقہ دیا کریں۔ صدقہ خیرات کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی جائزہ لیں کہ اُن سے دفتر میں کام کرنے والے کسی ملازم یا کسی اور شخص کی حق تلفی تو نہیں ہورہی۔ کئی بار دانستہ یا نادانستہ کی گئی حق تلفی روزگار، صحت یا زندگی کے کسی اور شعبے میں رُکاوٹوں اور مسائل کا سبب بن جاتی ہے۔ اپنے بھائی سے کہیں کہ وہ اپنے ملازموں سے بات کرتے ہوئے اپنا لہجہ حاکمانہ یا تلخ نہ رکھا کریں بلکہ لوگوں کے ساتھ نرم لہجے میں بات کیا کریں۔

ڈاکوؤں کا خوف

سوال : ہمارے والد کا کافی بڑا میڈیکل اسٹور ہے۔ اسٹور چوبیس گھنٹے کھلا رہتا ہے۔ چھے مہینے پرانی بات ہے۔ رات کے ڈھائی بجے میرا چھوٹا بھائی جس کی عمر تیئس سال ہے، اسٹور پر تھا کہ اچانک دو موٹرسائیکلوں پر چار مسلح ڈاکو وہاں آگئے۔ ایک ڈاکو نے ہمارے بھائی کے سر پر پستول رکھا اور باقی ڈاکو کیش اور موبائل فونز وغیرہ لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اس ڈکیتی کے بعد سے ہمارا بھائی شدید خوف میں مبتلا ہے۔ خاص طور پر سنسان سڑک پر موٹر سائیکل پر کسی کو بھی اپنی طرف آتا دیکھ کر خوف کے مارے کانپنے لگتا ہے۔ اُس کی نیند بھی بہت ڈسٹرب ہوگئی ہے۔ کئی ماہ اُس کا نفسیاتی علاج بھی ہوا لیکن بس وقتی افاقہ ہوا۔ برائے کرم ہمارے بھائی کے لیے کوئی دعا بتادیں۔
(مسعود احمد۔ کراچی)

جواب: ڈاکٹری علاج کے ساتھ ساتھ صبح شام اکیس اکیس مرتبہ سورۂ یونس (10)کی آیت 62 تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک چمچا شہد پر دم کرکے پلائیں۔ نیلی شعاعوں میں تیارہ کردہ پانی ایک ایک پیالی صبح شام پلائیں۔ اگر ہوسکے تو بھائی کو ڈیڑھ دو ماہ کے لیے کسی دوسرے شہر رشتہ داروں یا دوستوں کے پاس بھیج دیں۔

بلڈ پریشر


سوال: میری والدہ کئی سال سے ہائی بلڈ پریشر کی مریضہ ہیں۔ کولیسٹرول بھی بڑھا ہوا ہے۔ اکثر ان کے جسم خاص طور پر پیروں پر ورم بھی ہوجاتا ہے۔ والدہ ڈاکٹری علاج سے کتراتی ہیں اور دوائیں پابندی سے استعمال نہیں کرتیں۔ ہمارا بھی یہی خیال ہے کہ ڈاکٹری دوائیںگرم ہوتی ہیں اور انہیں زیادہ عرصہ استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ آپ کوئی ایسا وظیفہ بتائیں جس سے ہماری والدہ کا ہائی بلڈ پریشر دوا کھائے بغیر ہی ٹھیک ہوجائے۔
(سعید احمد: سکھر)

جواب:    محترم بھائی! آپ کا خیال درست نہیں۔ کئی امراض خصوصاً ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس میں مسلسل دوا لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈاکٹری دوائیں گرم ہوتی ہیں یا ٹھنڈی یہ بعض لوگوں کے اپنے مفروضے یا تصورات ہیں۔ ہائی بلڈ پریشر کے علاج میں سنجیدگی لازمی ہے۔ اس کے علاج میں اپنے ذاتی نظریات کے بجائے ڈاکٹر کے مشورے پر عمل اور ان کی تجویز کردہ دواؤں کے باقاعدگی کے ساتھ استعمال کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر علاج اور ضروری پرہیز کے ساتھ ساتھ بطور روحانی علاج صبح شام اکیس اکیس مرتبہ یاحی قبل کل شئیٍ یاحی بعد کل شئیٍ O تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر سبز شعاعوں میں تیار کردہ پانی یا سادہ پانی پر دم کرکے والدہ صاحبہ کو پلائیں۔
بلڈ پریشر اور قلب کے مریضوں کے لیے خون پتلا رکھنا ضروری ہے۔ اطباء کے مطابق خون کو پتلا رکھنے اور کولیسٹرول کم کرنے کے لیے ککڑی، توری، سیم کی پھلی، سہانجنے کی پھلی، لہسن، اسپغول، اخروٹ، روغنِ زیتون، السی کے بیج مفید ہیں۔

نظر لگ گئی ہے یا۔۔۔۔۔


سوال:  میری بیٹی ماشاء اﷲ بہت خوب صورت اور گھریلو کام کاج کا شوق رکھنے والی ہے۔ وہ میٹرک میں تھی کہ اس کے لیے خاندان سے اور باہر سے رشتے آنا شروع ہوگئے۔ ہمارا خیال تھا کہ ہم اپنی بیٹی کو اعلیٰ تعلیم دلوائیں گے، اس لیے ان لوگوں کو بہت اخلاق کے ساتھ منع کردیا۔ دو سال قبل جب ہماری بیٹی نے انٹر کا امتحان دیا تھا اس کے لیے ایک بہت ہی اچھا رشتہ آیا۔ میری ساس نے ہم میاں بیوی کو قائل کرلیا کہ پڑھائی کے بعد بھی تو آخر بیٹی کی شادی ہی کرنی ہے چناںچہ کالج میں داخلہ دلوانے کے بجائے اس کی شادی کردی۔ اس موقع پر ہمارے وہ رشتے دار جن کو ہم نے بیٹی کی پڑھائی کا عذر کرکے انکار کیا تھا ہم سے بہت ناراض ہوئے۔
ہماری بیٹی اپنے سسرال میں بہت خوش ہے، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ شوہر کے ’’پاس‘‘ اسے شدید گھبراہٹ شروع ہوجاتی ہے۔ دوسری یہ کہ اس کے دو نہایت قیمتی جوڑے الماری میں رکھے رکھے پھٹ گئے ہیں۔ شروع شروع میں تو میں نے ان باتوں کو کوئی اہمیت نہ دی لیکن اب پریشانی بڑھتی جارہی ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ بیٹی پر نظر ہے جب کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اس پر کوئی بندش وغیرہ کروائی گئی ہے۔
(مسز فہیم۔ فیصل آباد)

جواب:  آپ کی صاحب زادی صبح نہار منہ اور شام کو عصر مغرب کے درمیان سات مرتبہ سورہ فلق اور سات مرتبہ سورہ الناس پڑھ کر پانی پر دم کر کے پئیں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیں۔ رات سونے سے پہلے اکیس مرتبہ:



لا الہ الا اللّٰہ، وحدہ لاشریک لہ، لہ الملک ولہ الحمد وھو علی کل شی قدیر


سات سات مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں اور تین بار دستک دے دیں۔
چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اسمائے الٰہی یاحفیظ یاسلام کا ورد کرتی رہا کریں۔ چند روز کے لیے کھانوں میں نمک کی مقدار کم سے کم کردیں اور میٹھا زیادہ کھائیں صبح شام ایک ایک ٹیبل اسپون شہد استعمال کریں۔ حسب استطاعت کچھ صدقہ کردیں۔




خط بھیجنے کے لیے پتہ ہے۔
 روشن راستہ
ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی،
پی او بکس 2213، کراچی۔74600
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com
فون نمبر: 021-36685469





[از : سنڈے ایکسپریس ، 2 اپریل  2017ء ]

اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے