روشن راستہ (22)
سنڈے ایکسپریس 21 مئی 2017ء
سائنس و ٹیکنالوجی کی بے انتہا ترقی کے باوجود لاتعداد افراد کے جسمانی، ذہنی، نفسیاتی، جذباتی اور روحانی مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ مسائل کے حل اور بیماریوں سے شفاء پانے کے لے جدید طریقوں کے ساتھ ساتھ صدیوں قدیم کئی طریقے بھی انسانوں کے لیے نہایت مفید اور موثر ہیں ۔ ان میں روحانی علاج، طب نبوی، طب یونانی، کلر تھراپی، پیراسائیکلوجی اور دیگر متبادل طب Alternative Therapies شامل ہیں۔معروف اسکالر ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی اپنے کالم ’’روشن راستہ ‘ میں قارئین کے مختلف مسائل اور امراض پر اپنی رائے ، مشورہ اور حسبِ ضرورت متبادل طب سے علاج پیش کریں گے۔ |
مراقبہ برائے حصولِ کشف۔۔۔۔۔
سوال: مراقبہ اگر کشف کے حصول کے لیے کیا جائے تو ایک دن میں کتنی دیر مراقبہ کرنا ہوگا؟
(ابن ِ شاہ: کراچی)
جواب: کسی بھی خاص مقصد کے لیے کوئی بھی مشق متعلقہ علم یا متعلقہ فن کے کسی ماہر کی اجازت سے اور نگرانی میں کی جانی چاہیے۔ قدرت نے ہر شخص میں مختلف صلاحیتیں ودیعت فرمائی ہیں۔ ان میں ادراک ماورائے حواس Extra Sensory Percaption (ESP) بھی شامل ہے۔ ESPکی صلاحیت بعض لوگوں میں کسی مشق کے بغیر ہی اُجاگر ہونے لگتی ہے۔ ہمارے خاندان میں یا ہمارے اردگرد ایسے کئی لوگ ہوں گے جن کی چھٹی حس بہت بیدار ہوگی یا اُنہیں کثرت سے سچے خواب نظر آتے ہوں گے یا اُن میں وجدان (Intution) کی صلاحیت زیادہ متحرک ہوگی۔ ان باطنی صلاحیتوں کو بعض مخصوص مشقوں کے ذریعے بھی بیدار اور متحرک کیا جاسکتا ہے۔ تاہم یہ کام کسی استاد کی اجازت اور نگرانی میں کیا جائے، اپنے طور پر نہ کیا جائے۔۔
ابو سے بچھڑے ہوئے28 سال گزر گئے۔۔۔۔۔
سوال : جب میں ڈھائی سال کی تھی تو ہمارے ابو یورپ چلے گئے تھے۔ چند سال تک اُن کے خطوط آتے رہے۔ وہ خط میں یہی لکھا کرتے کہ مجھے SHIP کی نوکری مل گئی ہے۔ پھر اُن کے کبھی انگلینڈ، جرمنی اور کبھی ناروے وغیرہ سے خط آیا کرتے۔ انہوں نے جب ہمیں آخری خط لکھا تو اُس میں انہوں نے بتایا تھا کہ ’’ایک کمپنی نے مجھے ملازمت کی آفر کی ہے اور میں شپ کی نوکری چھوڑ کر اُس کی ملازمت قبول کررہا ہوں۔‘‘ اس آخری خط کے بعد ابو کا کوئی خط نہیں آیا اور ہمیں کچھ معلوم نہیں کہ ابو کہاں ہیں۔ جس کمپنی میں وہ ملازم تھے ہم نے وہاں خط بھیجا تو انہوں نے جواب میں لکھا کہ جہاز ختم ہوگیا اور تمام ملازم چلے گئے۔ اب ابو جان کو ہم سے بچھڑے ہوئے تقریباً 28 سال گزر گئے ہیں۔ ہم سب بہن بھائی ماشاء اﷲ شادی شدہ ہیں اور اپنے اپنے گھروں میں خوش و خرم زندگی بسر کررہے ہیں لیکن والد کی جدائی سے سب اُداس رہتے ہیں۔ اپنی والدہ کی تکلیف دیکھی نہیں جاتی جنہوں نے اپنی ساری زندگی ہم پر نچھاور کردی ہے۔(ذ۔ل: گجرات)
جواب: اپنی والدہ سے کہیں کہ جب گھر کے تمام افراد سو جائیں تو آدھی رات کے وقت گھر کے چاروں کونوں پر ستر ستر مرتبہ یامعید پڑھ کر پھونک مار دیں۔ یہ عمل کم از کم دو ماہ تک کیا جائے۔۔
بچے کو خارش
سوال :میرا بھتیجا جس کی عمر سات سال ہے۔ جب وہ دو سال کا تھا تو اُس کے پیروں اور ہاتھ کی انگلیوں پر دانے نکل آئے جو پہلے باریک باریک تھے۔ رات کے وقت ان میں بے انتہا خارش ہوتی ہے۔ کبھی کبھی پانی کی طرح مواد بھی نکلتا ہے اور اکثر زیادہ کھجانے کی وجہ سے خون بھی نکل آتا ہے۔ (صادق ۔ کراچی)
جواب: ایک پاؤ سمندری سیپ لے کر پانی سے دھو کر اچھی طرح صاف کرکے اُسے موٹا موٹا کوٹ لیں اور اُسے سفید کپڑے میں رکھ کر پوٹلی بنالیں۔ اس پانی کو اچھی طرح جوش دے کر چھان لیں اب یہی پانی آپ اپنے بھتیجے کو پینے اور کھانے میں استعمال کرائیں۔ روزانہ نیا پانی تیار کیا جائے گا۔ بچا ہوا پانی ضائع کردیں۔ ایک پاؤ سیپ کی پوٹلی 15دن کارآمد رہے گی پندرہ دن بعد نئی سیپ سے نئی پوٹلی تیار کریں اور اسی طرح پانی بنا کر دیں۔ دو ماہ تک اس عمل کو جاری رکھیں۔
ساس بہو کا جھگڑا
سوال :میں چکی کے دو پاٹوں میں مسلسل پستے پستے اب عاجز آچکا ہوں۔ والدہ اور بیوی کی لڑائیاں ختم ہونے کو نہیں آتیں۔ ماں کہتی ہے تو بیوی کا غلام بن گیا ہے۔ بیوی کہتی ہے جب تمہیں صرف اپنی ماں کا ہی کہا ماننا تھا تو مجھے بیاہ کر کیوں لائے تھے۔ میری ماں کو وہم ہوگیا ہے کہ بہو اُن کے اوپر کوئی عمل کروا رہی ہے۔ گھر میں میری بیوی کو کوئی نہیں پوچھتا کہ تم نے کھانا کھالیا ہے یا نہیں۔ ایک شیرخوار بچے کو فیڈ بھی کرنا ہوتا ہے۔ اب میں شام کو گھر آتا ہوں تو پہلے بیوی کو کچھ کھانے پینے کی چیز لاکر زبردستی کھلاتا ہوں پھر کوئی دوسرا کام کرتا ہوں۔ اس پر میری ماں بہنیں شور مچا دیتی ہیں کہ بیوی کے چونچلے اُٹھائے جارہے ہیں۔(سلیم: لاہور)
جواب: بہتر ہوگا کہ آپ الگ رہائش کا انتظام کرلیں۔ اگر یہ ممکن نہ ہو تو کم از کم اپنے کھانے پینے کا انتظام الگ کرلیں، تاکہ آپ کی اہلیہ کو کچھ ذہنی سکون میسر آئے اور آپ کے بچوں کی بہتر نشوونما ہوسکے۔ ایک عورت کو اس کا شوہر یا ساس، سسر مجبور نہیں کرسکتے کہ وہ سُسرال والوں کی خدمت کرے۔ اگر کوئی عورت ساس سسر کی خدمت کرتی ہے تو یہ اُس کا اخلاقی وصف ہے اور اسے حسنِ سلوک میں شمار کیا جانا چاہیے۔ سسرال والوں کی خدمت بہو کے فرائض میں شامل نہیں ہے۔ کوئی شوہر اپنی بیوی کو مجبور نہیں کرسکتا کہ وہ ساس نندوں کے ساتھ رہے۔ گھر میں سب کا مل جل کر رہنا یقیناً ایک اچھا عمل ہے لیکن کسی گھر میں آئے دن فساد برپا رہتا ہو تو پھر علیحدہ رہنا ہی بہتر ہے۔ آپ ہر نماز کے بعد 101مرتبہ اللہ تعالی کا اسم یاعزیز گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کریںکہ گھر کے اس مسئلے کو حل کرنے میں اللہ کی مدد آپ کے ساتھ ہو۔ چلتے پھرتے اُٹھتے بیٹھتے یاحی یاقیوم کا ورد کرتے رہا کریں۔
بالخورہ
سوال :میرے سر میں ایک دائرہ سا بن گیا ہے اور اُس دائرے میں سارے بال جھڑ گئے ہیں۔ پہلے یہ دائرہ بہت چھوٹا تھا اب ایک انچ کے برابر ہوگیا ہے۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ آخر یہ کیا ہے۔ ہمارے گھر میں لڑکیوں کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہے۔ نہ ہی ہمارے مسائل سے کسی کو کوئی غرض ہے۔ والدہ انتقال کرچکی ہیں۔ سوتیلی والدہ کے اپنے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں اُسے اُن سے ہی فرصت نہیں ملتی۔ میں اس عجیب بیماری کے خوف سے اندر ہی اندر گھلتی جارہی ہوں۔(نام شائع نہ کریں)
جواب: یہ بالخورہ ہے ۔ گھبرانے کی بات نہیں مستقل مزاجی سے علاج کرلیں انشاء اﷲ افاقہ ہوگا۔ انڈے کی زردی کا تیل یعنی روغن بیضہ مرغ لے کر تین مرتبہ سورہ والیل پڑھ کر دم کریں ۔ یہ دم کیا ہوا تیل بالخورے پر مالش کریں۔ یہ عمل دن میں تین مرتبہ جاری رکھیں۔ کسی اچھے شیمپو یا آملے سے سردھو لیا کریں۔
معاشی حالات
سوال : میں نے بی ایس سی کیا ہوا ہے۔ گھر کے معاشی حالات خراب ہونے کی وجہ سے میرے والدین نے مجھے ملازمت کی اجازت دے دی ہے۔ میں پچھلے ایک سال سے ملازمت کے لیے انٹرویوز دے رہی ہوں لیکن اب تک کام یابی نہیں ہوسکی۔(ب۔ ج۔ کراچی)
جواب:ہر نماز کے بعد 101 مرتبہ سورۂ آلِ عمران کی آیت ان ا اﷲ یرزق من یشاء بغیر حساب گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر بہتر اور بابرکت ملازمت کے لیے دعا کریں۔ عمل کی مدت کم از کم چالیس روز ہے۔
گرمی دانے
سوال :گرمی شروع ہوتے ہی میرے جسم میں گرمی دانے نکلتے ہیں۔ ان میں شدید خارش ہوتی ہے۔ زیادہ کھجانے سے ان دانوں میں سے پانی بھی نکلتا ہے۔ چند دن بعد یہ دانے کسی اور جگہ نکل آتے ہیں۔ یہ تکلیف گزشتہ چار سال سے ہے۔(پرویز خان۔ حیدرآباد)
جواب: سات دانے عناب عمدہ قسم کے لے لیں۔ رات کو پانی میں بھگو دیں۔ صبح پانی میں یہ عناب اچھی طرح مسل کر پانی چھان کر پی لیں۔ بیچ اور چھلکا پھینک دیں۔ یہ عمل ایک مہینے تک کریں۔ نیم کے پتے پانی میں اچھی طرح جوش دے کر پانی روم ٹمپریچر پر آنے دیں پھر اس پانی سے غسل کریں۔ کلر تھراپی کے اصولوں کے مطابق سبز شعاعوں میں تیار کردہ پانی ایک ایک پیالی صبح اور شام پییں۔
نظربد
سوال: میری ایک سال کی بیٹی بہت خوب صورت اور صحت مند ہے اور ہر ایک کی گود میں فوراً چلی جاتی ہے۔ بہت ہنس مکھ ہے۔ اس لیے کئی پڑوسی اُسے اپنے گھر لے جاتے ہیں۔ اکثر ایسا ہوا ہے کہ وہ باہر سے گھر میں آتی ہے تو آتے ہی اُسے بخار چڑھ جاتا ہے یا پھر اس قدر روتی ہے کہ سارا گھر پریشان ہوجاتا ہے۔(مسز انوار۔ کراچی)
جواب: معصوم بچوں کو نظر جلدی لگ جاتی ہے۔ نظر لگ جانے سے بچے بیمار یا چڑچڑے ہوجاتے ہیں۔ نظرِبد کے اثرات ختم کرنے کے لیے صبح و شام ایک مرتبہ سورۂ کوثر پڑھ کر بیٹی کے دائیں گال پر ، دوسری مرتبہ پڑھ کر بائیں گال پر اور تیسری مرتبہ پڑھ کر پیشانی پر دم کردیا کریں۔ بیٹی کی طرف سے حسبِ استطاعت کچھ صدقہ کرتی رہیں۔
غیر ذمہ دار شوہر۔۔۔۔۔
سوال:میرے شوہر شادی سے پہلے تو بہت اچھے تھے لیکن شادی کے بعد نہ جانے اُنہیں کیا ہوگیا۔ دفتر سے ایک ایک ہفتہ چھٹی لے کر گھر پر پڑے رہتے ہیں۔ گھر کے کسی کام سے بھی انہیں دل چسپی نہیں رہی۔ آئے دن کی چھٹیوں کی وجہ سے اُن کو ایک جگہ سے نکالا جاچکا ہے پھر بڑی مشکل سے دوسری جگہ جاب ملی ہے۔ لیکن وہاں بھی انہوں نے وہی معمول بنا رکھا ہے۔ سبزی خریدنے بھی میں ہی جاتی ہوں۔ یہ گھر میں ہوں تو یا سوتے رہتے ہیں یا پھر ٹی وی دیکھتے رہتے ہیں۔(ایک مجبور بہن۔ راولپنڈی)
جواب: صبح شام101 مرتبہ بحول وقوت لآالہ الا اللہ المھیمن العزیز الجبار المتکبر گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔
بیٹے کی یاد آتی ہے
سوال: میری شادی کو چھے سال ہونے والے ہیں لیکن ایک دن سکون کا نہیں دیکھا۔ شادی کے ایک سال بعداللہ نے ایک بیٹا دیا جو ماشاء اللہ بہت خوب صورت بچہ ہے۔ بیٹے کی پیدائش کے بعد سے میری بیوی اپنی ماں کے گھر پر بیٹھی ہے۔ میں خرچہ بھیجتا ہوں تو وہ خرچہ بھی واپس کردیتی ہے۔ بیٹے کو دیکھنے کے لیے آنکھیں ترس گئی ہیں۔ گلی محلے میں بچوں کو کھیلتے دیکھتا ہوں تو اپنے بیٹے کی یاد آجاتی ہے اور آنکھوں سے بے اختیار آنسو بہنے لگتے ہیں۔ میری بیوی کہتی ہے ’’مجھے آزاد کردو میں تمہارے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتی۔ اگر مجھے طلاق نہیں دو گے تو میں عدالت کے ذریعے لے لوں گی۔‘‘ جتنا عرصہ بھی وہ میرے پاس رہی خدا جانتا ہے میں نے اُسے خوش رکھنے کے لیے ہر جتن کر ڈالے لیکن ناکام رہا۔(ر۔ ح۔ کراچی)
جواب: بیٹے کے لیے آپ کی شدید محبت بجا، تاہم کسی عورت کو زبردستی تو زوجیت میں نہیں رکھا جاسکتا۔
پڑھنے میں دل نہیں لگتا
سوال: میرا بیٹا اپنی دو بہنوں سے چھوٹا ہے۔ آٹھویں کلاس میں پڑھتا ہے۔ اس کا دل پڑھائی میں بالکل نہیں لگتا۔ جو یاد کرتا ہے وہ دماغ سے نکل جاتا ہے۔ پہلے سے بہت کم زور بھی ہوتا جارہا ہے۔(ایک ماں)
جواب: نیلے رنگ کی شعاعوں سے تیار کردہ پانی صبح شام ایک ایک کپ پلائیں۔ صبح نہار منہ اور عصر کے وقت ایک ایک چمچا شہد پر سورۂ قمر کی آیت 17 ولقد یسرنا القرآن للذکر فھل من مدکر دم کرکے بچے کو پلائیں اور بچے پر دم بھی کردیں اور اس کے لیے دعا کریں۔
گیس کی وجہ سے درد
سوال: تقریباً دو سال ہوگئے۔ میرے ابّو کے جسم کے مختلف حصّوں میں درد اُٹھتا ہے۔ یہ درد کبھی بازو میں ہوتا ہے، کبھی گردن کے قریب اور کبھی دل کے پاس ہوتا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق گیس ہے۔ کافی علاج کروایا ہے لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ کبھی کبھی یہ درد بہت شدید ہوجاتا ہے اور کبھی ختم بھی ہوجاتا ہے۔(غزالہ۔ جیکب آباد)
جواب: ڈاکٹری علاج جاری رکھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سونف، اجوائن، کالا نمک ہم وزن لے کر باریک سفوف بنالیں۔ یہ سفوف پاؤ ٹی اسپون دوپہر اور رات کھانے کے بعد زرد شعاعوں میں تیار کردہ پانی کے ساتھ لیں۔
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com فون نمبر: 021-36685469 |
[از : سنڈے ایکسپریس ، 21 مئی 2017ء ]