بزرگ کے بتائے وظیفے سے اولادِ نرینہ کی خوشی مل گئی

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی


بزرگ کے بتائے وظیفے سے اولادِ نرینہ کی خوشی مل گئی


محترم وقار عظیمی صاحب السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہٗ  

شادی کے بعد یکے بعد دیگرے میرے ہاں چار بیٹیاں ہی ہوئیں۔   مجھ سے پہلے میرے بڑے بھائی کے گھر بھی  تین بیٹیاں تھیں، مجھ سے چھوٹے بھائی کے ہاں بھی اوپر تلے دو بیٹیاں  پیدا ہوئیں۔   
ہم سب مل جل کر ایک ہی گھر میں رہتے ہیں، ہمارا تعلق ایک کاروباری گھرانے سے ہے۔   ماشاءاللہ روپے پیسے کی کوئی کمی نہیں، البتہ   ہمارے تمام اہل خانہ خصوصاً ہماری والدہ کی یہ شدید  خواہش تھی کہ ہمارے اس  گھرانے کا کوئی وارث بھی ہو جس سے ہماری نسل آگے چلے۔  میں نے اور میرے دوسرے بھائیوں نے اولاد نرینہ کی خاطر  کیا کچھ نہیں کیا ،   مختلف  معالجوں سے رجوع کیا تو کئی روحانی مراکز پر حاضری دی لیکن یہ سب بےسود رہا۔  
ایک دن   گاڑی پارک کرتے ہوئے میں نے ایک باریش بزرگ کو دیکھا۔ وہ سڑک پر اپنی ہی دھن میں مگن چلے جارہے تھے کہ ایک تیز رفتار کار نے انہیں  ٹکر ماری اور وہ سڑک پر گرگئے، انہیں کافی چوٹیں آئی تھیں ، مجھے اگرچہ آفس کے لیے دیر ہورہی تھی لیکن  پھر بھی میں اپنے ایک ساتھی کی مدد سے   انہیں ہسپتال لے گیا، ان کا علاج کروایا۔جب انہیں ہوش آیا تو انہوں نے مجھے بہت سی دعائیں دیں اور کہا کہ....
‘‘اگر تو یہ عمل کرے تو تیری سب سے بڑی مراد پوری ہوسکتی ہے۔ ایک بیٹا ہی مراد ہے نہ تیری’’۔  
میں حیرانی  سے ان کی گفتگو سنتا رہا۔  ان بزرگ نے مجھے ایک  وظیفہ لکھوایا  اور اگلے ہی دن  ہسپتال سے کہیں چلے گئے۔ شروع میں تو میں نے اس وظیفے پر عمل نہ کیا لیکن کچھ دن بعد اپنی بیگم کے کہنے پر یہ وظیفہ شروع کیا ۔ 
اس وظیفے کو پڑھتے ہوئے تیسرا مہینہ تھا کہ میری بیگم امید سے ہوگئیں۔ خدا کا کرنا ایسا ہوا کہ کچھ ہی عرصے بعد ہمیں   بیٹے کی پیدائش کی نوید ملی۔ یہ ہمارے پورے گھر کے لیے جیسے عید کا دن تھا۔ بعد میں یہی وظیفہ میں نے اپنے چھوٹے بھائی کو بھی دیا، اس وظیفے کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے اسے بھی ایک بیٹے سے نوازا۔ 
اپنے گمنام محسن کو میں نے بہت تلاش کیا لیکن وہ دوبارہ مجھے کبھی نہیں ملے۔
میں چاہتا ہوں کہ یہ وظیفہ روحانی ڈائجسٹ میں شائع کیا جائے تاکہ اس کے ذریعے ہرخاص و عام  کا بھلا ہو۔ 

 وظیفہ یہ ہے:
رات سونے سے پہلے سورۂ ابراہیم (14)کی آیت نمبر 38 سے 40:
 رَبَّنَا إِنَّكَ تَعْلَمُ مَا نُخْفِي وَمَا نُعْلِنُ ۗ وَمَا يَخْفَىٰ عَلَى اللَّهِ مِن شَيْءٍ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ O الْحَمْدُ لِلَّهِ الَّذِي وَهَبَ لِي عَلَى الْكِبَرِ إِسْمَاعِيلَ وَإِسْحَاقَ ۚ إِنَّ رَبِّي لَسَمِيعُ الدُّعَاءِ O  رَبِّ اجْعَلْنِي مُقِيمَ الصَّلَاةِ وَمِن ذُرِّيَّتِي ۚ رَبَّنَا وَتَقَبَّلْ دُعَاءِ O 

اول  آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کریں اور اپنی بیوی کو پلائیں یا شوہر خود پڑھ کر دم کرکے پی لیا کریں۔ 
حمل قرار پانے سے چند ماہ پہلے سے آپ اور آپ کی بیوی  روزانہ 101مرتبہ اللہ تعالیٰ کے اسم :

 یااوّل   

گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پئیں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیا کریں۔
ہر جمعرات چیل کوؤں کو  پھیپڑے  کا صدقہ دیں۔ کوشش کریں کہ اس صدقے میں ناغہ نہ ہو۔  
یہ عمل حمل کے بعد بھی تین ماہ تک جاری رکھیں۔ 


اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے