کاروبار کی بحالی اور آمدنی میں برکت کے لئے وظیفہ
سوال:
ہم پانچ بھائی ہیں۔ تین بھائی ایک کاروبار سے منسلک ہیں۔ عرصہ چھ ماہ سے ان کے کام میں بہت کمی ہوئی ہے۔ تینوں بھائی شادی شدہ ہیں۔ کاروبار کے زوال کے ساتھ ساتھ بھائیوں میں آپس میں اختلافات بھی شروع ہوگئے۔ ایک کہتا ہے کہ تم خرابی کے ذمہ دارہو۔ دوسرا کہتا ہے کہ میں نہیں تم ذمہ دار ہو۔ ہر بھائی ایک دوسرے کو قصوروار قرار دیتا ہے۔ہمارے والد صاحب بیمار ہیں۔ انہوں نے سمجھایا کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔ کاروبار میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے مگر میرے بھائی نہ مانے اور بات کاروبار علیحدہ کرنے تک پہنچ گئی۔
<!....ADV>
<!....ADV>
ہماری سمجھ میں کچھ نہیں آیا کہ یہ سب کیا ہورہا ہے۔ ہمارے بھائی تو ایک دوسرے پر جان چھڑکتے تھے۔ ہماری والدہ جامع مسجد کے امام صاحب کے پاس گئیں اور انہیں تمام حالات بتائے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی نے ان کے کاروبار کوختم کرنے کے لیے کچھ عمل کروادیا ہے۔ اس بدعمل کی وجہ سے یہ بھائی ایک دوسرے سے بیزار ہورہے ہیں۔ ہمارے والد صاحب کے ایک دوست عالم نے بھی یہی وجہ بتائی ہے۔ اب ہمارے بھائی ایک دوسرے سے بات کرنا تو دور کی بات ہے وہ توایک دوسرے کی شکل دیکھنا بھی گوارا نہیں کرتے۔
برائے مہربانی کوئی وظیفہ بتائیں کہ ہمارے بھائی اس بندش سے نکلیں اورانہیں ہوش آئے کہ آپس میں لڑنا ،جھگڑنا خود ان کے لیے اوران کے کاروبارکے لیے سخت نقصان دہ ہے۔
جواب:
صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ
سورہ ٔالفرقان (25)کی آیت58 کا ابتدائی حصہ
وَتَوَكَّلْ عَلَى الْحَيِّ الَّـذِىْ لَا يَمُوْتُ
اور سورہ بنی اسرائیل(17) کی آیت111
وَقُلِ الْحَـمْدُ لِلّـٰهِ الَّـذِىْ لَمْ يَتَّخِذْ وَلَـدًا وَّلَمْ يَكُنْ لَّـهٝ شَرِيْكٌ فِى الْمُلْكِ وَلَمْ يَكُنْ لَّـهٝ وَلِـىٌّ مِّنَ الـذُّلِّ ۖ وَكَبِّـرْهُ تَكْبِيْـرًا O
سات سات مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر بھائیوں کا تصور کرکے دم کردیں۔
رات سونے سے پہلے سات مرتبہ سورہ الفلق، سات مرتبہ سورہ الناس اورتین مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر پانی پر دم کرکے سب بھائیوں کو پلائیں۔
یہ دم کیا ہوا پانی اپنے گھر کے چاروں کونوں میں بھی چھڑک دیں۔
عشاء کی نماز کے بعد 101مرتبہ سورہ آل عمران (3)کی آیت 37 کا آخری حصہ
اِنَّ اللّـٰهَ يَرْزُقُ مَنْ يَّشَآءُ بِغَيْـرِ حِسَابٍ O
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر معاشی حالات میں بہتری، کاروبار میں برکت و ترقی کے لیے دعا کریں۔
یہ عمل کم ازکم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
اپنے بھائیوں سے کہیں کہ وہ وضو بےوضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء
یاحفیظ یاسلام یاواسع یارزاق
کاورد کرتے رہیں۔