گٹکےکی لت کیسے چھڑائی جائے....؟؟

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی


گٹکےکی لت کیسے چھڑائی جائے....؟؟

پاکستان میں منہ کا کینسر بڑھنے کی بڑی وجہ گٹکے کا استعمال ہے


مسئلہ: 

محترم ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی صاحب....!!  میرے تین بیٹے ہیں۔ ایک بیٹے کی عمر بیس سال ،دوسرے کی عمر اٹھارہ سال، سب سے چھوٹے کی عمر پندرہ سال ہے۔ تینوں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔  میرا  بڑا بیٹا جب میٹرک میں تھا تو  کلاس کے کچھ لڑکوں نے اسے گٹکا کھانے کی عادت ڈال دی تھی۔ شروع میں تو ہمیں پتہ  ہی نہیں چلا کیونکہ وہ صرف اسکول میں کھاتا تھا۔  جب ہمیں پتہ چلا تواس کی عادت پختہ ہوچکی تھی۔ ہم نے کوشش کی کہ اس کی یہ عادت ختم ہوجائے لیکن چند روز چھوڑنے کے بعد دوبارہ  شروع کردیتا ہے۔
آج کل اُسے گٹکا نہیں مل رہا۔ اب وہ ہروقت غصے میں رہتا ہے۔ اس کی طبیعت میں بہت زیادہ چڑ چڑا پن آگیاہے۔ بات با ت پرلڑنے مرنے کے لیے تیار ہوجاتاہے۔ 
اس کے رویہ سے دونوں چھوٹے بیٹے بھی پریشان ہیں۔ 




<!....ADVWETISE>
<!....ADVERTISE> 

جواب:

محترم بہن....! گٹکے کی طلب سے پریشان آپ کے بیٹے کی حالت جان کر تشویش ہوئی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ آپ کے بیٹے کی خود اعتمادی میں اضافہ ہو اور وہ اس شدید مضر صحت بری عادت سے چھٹکارا پانے میں کامیاب ہوجائے۔  سب والدین چاہتے ہیں کہ ان کے بچے  صحت مند ہوں ، اچھی عادتوں کے حامل ہوں، اور ان کی شخصیت مستحکم اور پرکشش ہو ۔ نشے کی لت میں مبتلا شخص کی صحت بھی متاثر ہوتی ہے اور اس کی شخصیت مستحکم اور پرکشش نہیں سمجھی جاتی۔  نوجوانوں میں سگریٹ نوشی، گٹکے اور دیگر نشہ آور اشیا کا استعمال ناصرف والدین بلکہ ساری قوم کے لیے فکرمندی کا سبب ہے۔ 
اطلاعات کے مطابق  پاکستان میں منہ کے کینسر کے مریضوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ نوجوانوں میں منہ کے کینسر کی بڑی وجہ گٹکے کا استعمال ہے۔ 
قارئین کرام....!!  ذرا سوچئیے ان ماں باپ پر کیا گزرتی ہوگی، جن کی امیدوں کا مرکز نوجوان بیٹا گٹکے کی لت میں مبتلا ہوکر یا تو معاشرے سے کٹ کر رہ جائے  یا مریض بن کر ہسپتال میں داخل ہوجائے۔ مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ نشہ آور اشیاء کا استعمال لڑکوں کے ساتھ ساتھ لڑکیوں میں بھی بڑھ رہا ہے۔  سب والدین کی ذمہ داریوں میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو نشہ آور اشیاء سے بچائیں.... اس کے لیے ضروری ہے کہ اس بات پر نظر رکھی جائے کہ ان کے بچوں کی میل ملاقات کس قسم کے لوگوں سے ہوتی ہے۔ 
اکثر  بری عادتوں کی وجہ آدمی کی بری صحبت ہوتی ہے۔ 
بری عادتیں انسان کو اپنا غلام بنا لیتی ہیں۔  اس غلامی سے  نجات کے لیے قوت ارادی کی مضبوطی، سخت محنت ، حکمت عملی اور تدبر کی ضرورت پڑتی ہے۔ 
جن لوگوں کو سگریٹ، پان، گٹکے یا نسوار یا کسی اور نشے کی لت  لگ جائے، ایسے مجبور  و  مریض لوگ اہل خانہ اور دیگر افراد کی طرف سے بہت زیادہ ہمدردی کے مستحق ہوتے ہیں۔
سگریٹ نوشی یا تمباکو کھانے کی عادت زیادہ تر لڑکپن یا نوجوانی کے دور میں پڑتی ہے۔  اکثر نوجوانوں کو   اسکول یا محلے میں دوستوں یا سہیلیوں کے ساتھ سگریٹ پینے یا نشہ آور اشیاء استعمال کرنے کی وجہ نکوٹین یا کسی دوسری  شے کی طلب نہیں،  بلکہ اس  عمل کے ذریعے وہ خود کو اپنی عمر سے بڑا محسوس کرنا چاہتےہیں۔  لڑکیوں کے سگریٹ پینے کی ایک بڑی وجہ دوسروں کو اپنی خود مختاری کا احساس دلانا بھی ہے۔ 
تمباکو یا کسی بھی نشے کی لت میں پڑے ہوئےشخص کو اس لت سے نجات دلانے میں سب سے پہلے اس متاثرہ شخص کی رضا مندی ضروری ہے۔ 
نشے کی لت میں پھنسا ہوا شخص جب تک خود اس لت سے نجات پانے کا تہیہ نہ کرلے اس وقت تک اسے نشے سے دور رکھنا بہت مشکل ہے۔ 
ہر شخص کی زندگی میں  کوئی نہ کوئی ایسی ہستی موجود ہوتی ہے جس کا وہ بہت احترام کرتا  ہو  یا متاثرہ شخص کے کچھ اچھے دوست جو دوستانہ انداز میں اس کی  اصلاح کر سکیں، ایسی کسی شخصیت کی مدد سے نشے کی لت میں مثلاً شخص کو یہ لت چھوڑنے پر آمادہ کرنا آسان ہوسکتا  ہے۔ 
اس کام کے لیے متاثرہ شخص کی قوت ارادی  کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ قوت ارادی کمزور ہو تو وہ علاج یا ترغیبات سے نشہ چھوڑ دینے کے باوجود کئی لوگ دوبارہ نشہ  کرنے لگتے ہیں۔

محترم بہن....! 
اپنے بیٹے کو اچھے اخلاق و کردار کے مالک اس کے کسی دوست یا خاندان یا محلے کی کسی محترم شخصیت کے ذریعے نشے سے جان چھڑانے پر آمادہ کرنے کی کوشش کیجیے۔ 
ان تدابیر کے ساتھ ساتھ بطورروحانی علاج:
 رات سونے سے پہلے 101 مرتبہ سورہ مائدہ  (5) کی آیت90:
يَآ اَيُّـهَا الَّـذِيْنَ اٰمَنُـوٓا اِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِـرُ وَالْاَنْصَابُ وَالْاَزْلَامُ 
رِجْسٌ مِّنْ عَمَلِ الشَّيْطَانِ فَاجْتَنِبُوْهُ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ O

گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر بیٹے کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں۔
یہ عمل کم از کم  دوماہ تک جاری رکھیں۔
صبح نہارمنہ اکیس مرتبہ اسم الٰہی یاودود تین تین مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پلائیں۔


اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے