بیٹے اور بہو کی قربت میں ساس کی مداخلت

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی



بیٹے اور بہو کی قربت میں ساس کی مداخلت


سوال: 

میری شادی کو سوا سال ہوا ہے۔ غیروں میں شادی ہوئی ہے۔ یہ رشتہ ہونے میں شوہر کی پسند کا بہت حصہ ہے۔ شادی کے دو تین ماہ تک تو میرے شوہر میرے ساتھ بہت اچھے رہے۔ بُرے تو اب بھی نہیں ہیں مسئلہ یہ ہے کہ میری ساس ہمارا زیادہ دیر تک اکیلے ساتھ رہنا گوارا نہیں کرتیں۔ میرے شوہر شام کو گھر آتے ہیں تو وہ انہیں اپنے پاس بلالیتی ہیں۔ کبھی انہیں اپنی دوا کے لئے یا کبھی کسی اور کام سے کافی دیر کے لئے باہر بھیج دیتی ہیں۔ ہم دونوں بیٹھے باتیں کر رہے ہوں تو ساتھ آکر بیٹھ جاتی ہیں۔ حد تو یہ ہے ہر دوسرے تیسرے روز آدھی رات کو ہمارا دروازہ کھٹکھٹاکر اپنے بیٹے سے کہتی ہیں کہ میری طبیعت خراب ہو رہی ہے، ڈر بھی لگ رہا ہے مجھے بھی یہیں سلالو۔ بیٹا چپ چاپ دروازہ پر کھڑا رہتا ہے اور وہ بڑی بی اپنا تکیہ چادر اُٹھائے ہمارے بیڈ روم میں سونے کے لئے آجاتی ہیں۔ ایک مسئلہ یہ ہے کہ شوہر کو میرے جلدی جلدی میکہ جانے پر بھی اعتراض ہونے لگا ہے۔ وہ کہتے ہیں دس پندرہ  روز میں ایک بار چلی جایا کرو وہ بھی صرف دن کے وقت میں۔ میں اچھی طرح سمجھتی ہوں کہ یہ پٹی بھی ان کی اماں نے پڑھائی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اب میں اُمید سے ہوں۔ ڈاکٹر نے مجھے چند ادویات لینے اور خوراک کا خیال رکھنے کی تاکید کی ہے لیکن میری ساس کا کہنا ہے کہ یہ سب آج کل کی دلہنوں کے چونچلے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ہم نے بھی چھ بچوں کو جنم دیا ہمیں تو کبھی ان دوائوں کی ضرورت نہ پڑی۔ یہ باتیں سن کر میرے شوہر بھی کچھ لاپرواہ ہوگئے۔ کبھی دوائیں لاتے ہیں کبھی نہیں لاتے مجبوراً مجھے اپنی والدہ سے کہہ کر دوائیں منگوانا پڑتی ہیں۔




<!....ADVWETISE>
<!....ADVERTISE> 

جواب:

اﷲتعالیٰ آپ کی ساس کو ہدایت اور آپ کے شوہر کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس عطا فرمائے۔ آمین
رات سونے سے قبل اکتالیس بار سورۂ   الشمس کی آیت 7 تا 9

وَنَفْسٍ وَّمَا سَوَّاهَا  O فَاَلْهَمَهَا فُجُوْرَهَا وَتَقْوَاهَاO قَدْ اَفْلَحَ مَنْ زَكَّاهَا O

اوّل آخر گیارہ گیارہ بار درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر اور ساس کا تصور کرکے دم کردیں اور ان کے طرزِعمل میں بہتری کے لئے دعا کریں۔ یہ عمل کمِازکم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے یاعزیز یاقوی یاسلام کا ورد کرتی رہا کریں۔

اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے