روشن راستہ - 10

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی


روشن راستہ (10)


 سنڈے ایکسپریس 15 جنوری 2017ء 


سائنس و ٹیکنالوجی کی بے انتہا ترقی کے باوجود لاتعداد افراد کے جسمانی، ذہنی، نفسیاتی، جذباتی اور روحانی مسائل میں  اضافہ ہوا ہے۔ مسائل کے حل اور بیماریوں  سے شفاء   پانے کے لے جدید طریقوں  کے ساتھ ساتھ صدیوں  قدیم کئی طریقے بھی انسانوں  کے لیے نہایت مفید اور موثر ہیں ۔ ان میں  روحانی علاج، طب نبوی، طب یونانی، کلر تھراپی، پیراسائیکلوجی اور دیگر متبادل طب Alternative Therapies شامل ہیں۔

 معروف اسکالر ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی  اپنے  کالم  ’’روشن  راستہ  ‘ میں  قارئین کے مختلف مسائل اور امراض پر  اپنی رائے ، مشورہ  اور حسبِ ضرورت متبادل طب سے علاج پیش کریں  گے۔




مستقل روزگار


سوال:  میرا بھائی 27 برس کا ہوگیا ہے۔ پڑھائی مکمل کرنے کے بعد کئی سال سے در در کی ٹھوکریں کھا رہا ہے۔ پنجاب میں کئی بھرتیوں کے لیے اور کئی فیکٹریوں میں اس نے درخواستیں دی ہیں۔ کبھی کسی فیکٹری میں چار، پانچ مہینے کام بھی کیا۔ کبھی یہ خود چھوڑ دیتا ہے اور کبھی فیکٹری والے نکال دیتے ہیں۔ اب وہ مایوس ہے اور خودکشی کی باتیں کرتا ہے۔ وہ بیرون ملک جانے کا کہتا ہے۔ لیکن بڑے بھائی نہیں مانتے۔ میرا بھائی بہت اچھا آدمی ہے۔ محلے والوں اور رشتے داروں کی بہت مدد کرتا ہے۔ سب اس کی بہت عزت بھی کرتے ہیں لیکن کچھ رشتے دار باتیں بھی کرتے ہیں کہ یہ کماتا نہیں ہے۔
(نام شائع نہ کریں۔ ضلع خوشاب)

جواب:  اپنے بھائی سے کہیں کہ وہ عشاء کی نماز کے بعد اکتالیس مرتبہ آیت الکرسی، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے لیے اچھے روزگار اور مستقل مزاجی کے لیے دعا کریں۔ وہ چلے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یاحی یا قیوم کا ورد کرتے رہیں۔



بہت دُبلی ہوں


سوال :میری عمر پچیس سال ہے۔ میرا قد 5فٹ 4انچ ہے اور میرا وزن صرف40کلو ہے ۔ میرا جسم بہت دُبلا ہے۔ جسم پر گوشت بالکل نہیں ہے جب کہ میں اپنے کھانے پینے کا بہت خیال رکھتی ہوں پھر بھی دُبلی پتلی ہوں۔ میرا نسوانی حُسن بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ کم زوری کی وجہ سے میری سہیلیوں نے میرے مختلف نام رکھ دیے ہیں۔ میں شدید احساسِ کمتری کا شکار ہوتی جارہی ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ میرا وزن کچھ بڑھ جائے اور میں خوب صورت نظر آؤں۔
(ن۔ شمسی: لاہور)

جواب:  ماش کی دال کا حلوہ بنالیں۔ روزانہ تقریباً ایک چھٹانک یہ حلوہ صبح نہار منہ کھائیں اوپر سے ایک گلاس نیم گرم دودھ پی لیں۔ رات سونے سے پہلے چار عدد کیلے کھائیں اوپر ایک کپ نیم گرم دودھ پی لیں۔ یہ عمل کم از کم دو ماہ تک جاری رکھیں۔

امتحانات کی تیاری


سوال :  میں F.Scکا اسٹوڈنٹ تھا۔ 2015ء میں میں نے پری انجینئرنگ کا امتحان دیا لیکن کام یاب نہیں ہوسکا۔ اب میں نے مضامین تبدیل کرلیے ہیں۔ میرا مسئلہ یہ ہے کہ سال کے شروع میں سوچتا ہوں کہ خوب محنت کروں گا اور اچھی طرح امتحان کی تیاری کروں گا لیکن عملی طور پر مجھ سے ایسا نہیں ہوپاتا۔ جب بھی یاد کرنے کی کوشش کرتا ہوں تو سر میں درد ہونے لگتا ہے۔ پڑھنے کا دل نہیں کرتا۔
(ع خان: گجرانوالہ)

جواب:  صبح اور شام اکیس اکیس مرتبہ:
رب یسر ولا تعسر، تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے پییں اور اپنے اوپر بھی دم کرلیا کریں۔ تقویتِ دماغ کے لیے یونانی مرکب خمیرہ گاؤ زبان عنبری کا استعمال بھی مفید ہے۔ آپ یہ خمیرہ صبح اور شام آدھی آدھی چمچی دودھ کے ساتھ لے لیا کریں۔


سسرال میں نوکرانی


سوال :  میری شادی کو دو سال ہوگئے ہیں، لیکن میری حیثیت اس گھر میں نوکرانی کی سی ہے۔ میرے شوہر میری کوئی بات نہیں مانتے اور نہ ہی میرا خیال رکھتے ہیں۔ میں اُن کا بہت خیال رکھتی ہوں کسی بھی کام میں شکایت کا موقع نہیں دیتی، لیکن میرے بارے میں انہیں جیسے میری ساس کہتی ہیں وہ ویسے ہی کرتے ہیں۔ میری ساس کو مجھ سے نہ جانے کیا دشمنی ہے کہ وہ ہر وقت میرے خلاف میرے شوہر کے کان بھرتی رہتی ہیں۔ مستقل ٹینشن کی وجہ سے اب میری طبیعت بھی خراب رہنے لگی ہے۔
(ج۔و: فیصل آباد)

 جواب:رات سونے سے پہلے 101مرتبہ کھٰیٰعٓصٓ گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر اور اپنی ساس کا تصور کرکے دم کردیں اور انہیں آپ کے ساتھ حسنِ سلوک کی توفیق ملنے کی دعا کریں۔ یہ عمل کمِ ازکم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ ناغے کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسم یاسلام کا ورد کرتی رہیں۔


کاروبار چل جائے۔۔۔۔۔


سوال :  میری عمر اس وقت 53سال ہے۔ آٹھ سال پہلے میں نے اپنے بڑے بھائی سے کچھ رقم لے کر ایک کریانہ اسٹور کھولا۔ شروع شروع میں دُکان بہت اچھی چلی پھر گاہک آنا کم ہوتے گئے۔ میں نے ایک عزیز سے رقم لے کر دُکان میں دوبارہ کافی سامان ڈالا لیکن دکان ٹھیک طرح نہیں چل پارہی۔ اس دُکان کے بارے میں کئی لوگوں سے رابطہ کیا سب یہی کہتے ہیں کہ اس جگہ بندش کی گئی ہے۔
(ض انصاری: کراچی)

جواب: فجر اور عشاء کی نماز کے بعد 101مرتبہ سورۂ الطلاق کی آیت 2اور 3، گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں اور اپنے حالات میں بہتری، روزگار میں برکت و ترقی کے لیے اﷲ تعالیٰ سے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز یا نوّے روزتک جاری رکھیں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اسمائے الٰہی یا فتاح یارزاق کا ورد کرتے رہیں۔ نظرِبد سے حفاظت کے لیے عصر اور مغرب کے درمیان سات سات مرتبہ سورۂ فلق اور سورۂ الناس اور تین مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر پانی پر دَم کردیں اور یہ دَم کیا ہوا پانی اپنی دُکان کے چاروں کونوں میں چھڑک دیں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔ حسبِ استطاعت صدقہ کردیں۔

پرانا نزلہ اور سردرد


سوال : میری بیٹی کو تین سال سے نزلہ کی شکایت ہے، نزلہ زیادہ تر گلے میں گرتا ہے جس کی وجہ سے اس کا گلا زیادہ تر خراب رہتا ہے۔ سر بھاری رہتا ہے اور کان سن رہتے ہیں۔ نزلے کی وجہ سے اکثر بخار بھی چڑھ جاتا ہے۔ علاج کرانے سے کچھ دن افاقہ محسوس ہوتا ہے۔ اُس کے بعد پھر طبیعت میں بھاری پن اور نزلہ میں شدت پیدا ہوجاتی ہے ہر وقت سستی اور کاہلی چھائی رہتی ہے۔
(مسز مہر: شیخوپورہ)

جواب:  بند نزلے میں قدرتی اجزاء پر مشتمل یہ نسخہ مفید ہے: گل بنفشہ ، استوخودوس، ملیٹھی، گاؤ زبان ہر ایک 6-6گرام۔ ان اجزاء کو صاف کرکے تقریباً دو پیالی پانی میں اتنی دیر جوش دیں کہ پانی تقریباً آدھا رہ جائے۔ یہ جوشاندہ قابل برداشت نیم گرم صبح نہار منہ پلائیں ۔ دوبارہ یہی اجزاء دوبارہ لے کر رات سونے سے پہلے نیا جوشاندہ بناکر پلائیں۔ کچھ عرصے تک ٹھنڈی، کھٹی اور تلی ہوئی اشیاء سے پرہیز کریں۔

ابھی تک اُمید نہیں ہوئی

سوال :میری شادی کو تین سال ہوچکے ہیں۔ لیکن اب تک کوئی اُمید نہیں بندھی۔ ہم دونوں کے ٹیسٹ نارمل ہیں۔ لیڈی ڈاکٹر نے کہا تھا کہ آپ کو اندرونی ورم کی شکایت ہے۔ ورم کا علاج کیے ہوئے بھی دو سال ہوگئے ہیں، لیکن ابھی تک گود خالی ہے۔
(س، ز: سیالکوٹ)

جواب:   رات سونے سے پہلے 101مرتبہ: اقرا باسم ربک الذی خلقOخلق الانسان من علقO
اس کے بعد حٰمٓ اور پھر سورئہ یوسف کی پہلی آیت: الٓر تلک آیت الکتاب المبینO
اول آخر گیارہ گیارہ بار درودشریف کے ساتھ پڑھ کر پانی پر دم کرکے پییں اور اپنے شوہر کو بھی پلادیں یا شوہر خود پڑھ کر دم کرکے پی لیا کریں اور اولاد کے لیے دعا کریں۔ اس عمل کی مدت نوے روز ہے۔

دل کی بات زبان پر۔۔۔۔۔


سوال:   میں ایک کمپنی میں میڈیکل ریپریزنٹیٹو ہوں۔ اس شعبے میں ترقی کے بہت امکانات ہیں مگر میں اعتماد کی کمی بل کہ فقدان کی وجہ سے ترقی نہیں کرپارہا۔ مجھے ایک دوسری کمپنی میں سے آفر آئی، میں وہاں انٹرویو دینے گیا لیکن انٹرویو کے دوران اعتماد کی کمی کی وجہ سے اپائنمنٹ نہیں مل سکا۔ اپنے ادارے کے سنیئرز سے، بڑے ڈاکٹروں سے بات کرتے ہوئے میری زبان خشک ہونے لگتی ہے اور جو کچھ کہنا چاہتا ہوں وہ زبان پر نہیں لاپاتا۔
(م خان: اسلام آباد)

جواب:  صبح اور شام کے وقت اکیس اکیس مرتبہ سورۂ یٰسین (36)کی آخری آیت 83:تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر ایک ایک ٹیبل اسپون شہد پر دم کرکے پییں اور اپنے اوپر دم کرلیا کریں۔ چلتے پھرتے وضو بے وضو کثرت سے اللہ تعالیٰ کے اسماء یا حی یا قیوم کا ورد کرتے رہیں۔ قوت ِ ارادی اور خوداعتمادی میں اضافے کے لیے مراقبہ بھی ایک اچھا عمل ہے۔ آپ بھی مراقبے سے فائدہ اُٹھانے کا اہتمام کیجیے۔

بچوں کی حق تلفی ۔۔۔۔


سوال:  میں ایک گورنمنٹ اسکول میں ٹیچر ہوں۔ میری شادی کو سولہ سال ہوگئے ہیں۔ میرے تین بیٹے ہیں۔ میرے شوہر بینک میں ہیں۔ تنخواہ ماشاء اﷲ اچھی ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ میرے میاں اپنے دوستوں میں پیسے لُٹانے لگے ہیں۔ دوستوں کو اچھا کھلانا پلانا، ان کے ساتھ بیٹھ کر اپنے پیسے اُڑانا اپنی عزت سمجھتے ہیں، لیکن گھر کا خرچہ بہت محدود دیتے ہیں۔ اب بچے بڑے ہورہے ہیں ان کی ضرورتیں بڑھ رہی ہیں۔ بچوں کی چھوٹی موٹی فرمائشیں بھی ہوتی ہیں لیکن وہ ان سب باتوں پر کوئی توجہ نہیں دیتے۔
(نام شائع نہ کریں: منڈی بہاء الدین)

جواب: رات سونے سے پہلے 101مرتبہ سورۂ اعراف(7) کی آیت 31میں سے:
انہ لا یحب المسرفینOگیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے شوہر کا تصور کرکے دم کردیں اور دعا کریں کہ انہیں اسراف سے بچنے اور بیوی بچوں کے حقوق ٹھیک طرح ادا کرنے کی توفیق ملے۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک یا نوے روز تک جاری رکھیں ۔ ناغے کے دن بعد میں پورے کرلیں۔

کھانسی کا کلر تھراپی سے علاج


سوال:  میں چھے سال پہلے پاکستان سے آسٹریلیا شفٹ ہوا۔ یہاں آنے کے کچھ عرصے بعد ہی سے مجھے دمے کی شکایت ہوگئی ہے۔ اس وقت میری عمر پچپن سال ہے۔ مجھے سال کے بارہ مہینے کھانسی رہتی ہے اور کھانسی کے ساتھ بلغم خارج ہوتی ہے۔ کھانستے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ سینہ پھٹ جائے گا، سر میں بھی اکثر شدید درد رہتا ہے۔ گذارش ہے کہ میرے لیے رنگ روشنی سے علاج تجویز کردیں جو میں ڈاکٹری علاج کے ساتھ کرسکوں۔ کوئی وظیفہ بھی بتائیں۔
(م وقاص: سڈنی، آسٹریلیا)

جواب:  نارنجی شعاعوں میں تیار کردہ پانی صبح اور شام کے وقت ایک ایک پیالی پییں۔ یہ پانی پیتے ہوئے اکیس اکیس مرتبہ یا فارق پڑھ کر پانی پر دم کرلیں۔ نارنجی شعاعوں میں تیار کردہ تیل رات سونے سے پہلے اور دن میں کسی وقت سینے پر ہلکے ہاتھ سے مالش کروالیں۔


رشتے کے لیے۔۔۔۔۔


سوال:  ہماری چھوٹی بہن کے لیے پہلے تو بہت رشتے آئے تھے لیکن ان میں سے کوئی رشتہ ہمیں مناسب نہ لگا اس لیے انکار کرتے رہے۔ اب کافی عرصے سے اس کا کوئی رشتہ نہیں آرہا ہے۔ ہمارے جاننے والوں میں ایک صاحب اپنے بیٹے کے لیے دو سال سے کہہ تو رہے ہیں، مگر جیسے رشتہ مانگنا چاہیے ویسے رشتہ مانگنے نہیں آتے ہیں۔ یہ رشتہ کچھ مناسب لگتا ہے اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ وہ رسم ورواج کے مطابق رشتہ لے کر آئیں۔
(م ۔ص: سکھر)


جواب:   عشاء کی نماز کے بعد 101مرتبہ سورۂ بقرہ کی آیت 163گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنی چھوٹی بہن کے لیے دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم چالیس روز تک جاری رکھیں۔ مذکورہ گھرانے کے علاوہ کہیں اور سے رشتے آئیں تو ان پر بھی غور کیجیے گا۔
بہن کی طرف سے حسبِ استطاعت صدقہ بھی کردیں۔


ضدی اور بدمزاج بیٹا


سوال: میرا بڑا بیٹا جس کی عمر اس وقت پندرہ سال ہے، اُس نے ہمیں بہت تنگ کررکھا ہے۔ نہ تو یہ پڑھ سکا اور نہ کوئی کام کرتا ہے میں نے کئی جگہ کام پر لگوایا۔ ہر دفعہ بھاگ جاتا ہے بہت ہی ضدی اور بدمزاج ہوگیا ہے۔ بدتمیزی کی آخری حدوں کو چھورہا ہے، اکثر راتوں کو بھی دیر تک گھر سے باہر رہتا ہے۔ مجھے ڈر لگا رہتا ہے کہ وہ کوئی ایسا ویسا کام نہ کرے جس سے میں جیتے جی مرجاؤں۔ میں نے سختی، نرمی، پیار اور ڈانٹ ہر طریقہ آزمایا ہے لیکن وہ راہِ راست پر نہ آیا۔ میں بڑی اُمید سے آپ کو خط لکھ رہی ہوں۔
(ایک ماں۔ ملتان)

جواب:  آپ کا بڑا بیٹا جب رات کو گہری نیند میں ہو اس کے سرہانے اتنی آواز سے کہ اس کی آنکھ نہ کھلے اکیس مرتبہ سورۂ البروج کی آیت22-21، تین تین مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اس پر دم کریں اور بری عادتوں سے نجات اور سعادت مندی کی توفیق ملنے کی دعا کریں۔ یہ عمل کم از کم ایک ماہ تک جاری رکھیں۔ اگر بچہ رات کو دیر تک جاگتا رہتا ہو تو یہ عمل فجر کے وقت کرلیا جائے۔


نشے سے تباہی


سوال: میری شادی کو سات سال ہوگئے ہیں۔ میرے شوہر درزی کا کام کرتے ہیں۔ دو سال پہلے میرے شوہر کی ایک شخص سے دوستی ہوئی۔ اس شخص نے میرے شوہر کو آہستہ آہستہ نشہ کی عادت ڈال دی۔ شروع شروع میں تو وہ آدمی اپنے پاس سے نشہ کراتارہا جب دیکھا کہ میری شوہر عادی ہوگئے ہیں تو اُس نے پیسوں کا تقاضا کرنا شروع کردیا۔ اس بری لت میں پڑ کر وہ کسی کام کے قابل نہ رہے تھے تو اس شخص نے کہا کہ تم بے فکر رہو تمہارا کاروبار میں سنبھال لیتا ہوں۔ میرے شوہر نے نہ جانے کس عالم میں حامی بھرلی۔ اس طرح رفتہ رفتہ وہ شخص ہمارے کاروبار پر قابض ہوتا گیا۔ میرے شوہر مجھ سے یہ کہتے رہے کہ میں نے دکان ٹھیکے پر دے دی ہے، مجھے گھر بیٹھے مقررہ رقم ملتی رہے گی۔ میں اپنے شوہر سے بہت محبت کرتی ہوں۔ سب لوگ کہتے ہیں کہ یہ نہیں سدھرے گا اسے چھوڑ دو۔ میں چاہتی ہوں کہ میرے شوہر کی نشے کی لت ختم ہوجائے، وہ دوبارہ اپنے کام کی طرف پہلے جیسی توجہ دینے لگیں اور ایک اچھے شوہر اور ذمہ دار والد بن جائیں۔
(س، ک۔ راولپنڈی)


جواب:  آپ کے شوہر جب رات کو گہری نیند سوجائیں تو ان کے قریب سرہانے کی طرف کھڑے ہوکر سورۂ المائدہ کی آیت 90، ایک مرتبہ اتنی آواز سے پڑھ کر سنائیں کہ اُن کی نیند خراب نہ ہو۔ اس عمل کی مدت چالیس روز ہے۔




خط بھیجنے کے لیے پتہ ہے۔
 روشن راستہ
ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی،
پی او بکس 2213، کراچی۔74600
ای میل: dr.waqarazeemi@gmail.com
فون نمبر: 021-36685469





[از : سنڈے ایکسپریس ، 15 جنوری  2017ء ]

اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے