نیوزی لینڈ میں دہشت گردی
مساجد میں فائرنگ، کئی مسلمان شہید و زخمی
سانحہ کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار، نیوزی لینڈ پارلیمان میں تلاوتِ قرآن
جمعہ 15 مارچ 2019ء کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ایک انتہا پسند شخص نے دہشت گردی کرتے ہوئے دو مساجد النور مسجد اور لِن ووڈ Linwood مسجد میں نمازِ جمعہ کے وقت فائرنگ کردی ۔ اس سانحے میں 49مسلمان شہید اور 35 سے زائد زخمی ہوئے۔ شہداء میں نیوزی لینڈ گئے ہوئے 9پاکستانی بھی شامل تھے۔
اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے شہدا کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا ہو، زخمیوں کو جلد مکمل صحت ہو۔ آمین....!
اس سانحہ پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ: کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈ میں مسجد پر دہشت گردانہ حملہ نہایت تکلیف دہ اور قابل مذمت ہے۔ یہ حملہ ہمارے اس موقف کی تصدیق کرتا ہے کہ ‘‘دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں’’۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے اس دن کو نیوزی لینڈ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا۔ انہوں نے مسلمانوں سے اظہار تعزیت کے لیے مسلم خواتین کی طرز کا سیاہ اسکارف بھی اوڑھا۔ محترمہ آرڈرن نے حاضرین سے کہا کہ وہ ان کی حفاظت، ان کی عبادت کی آزادی، اور ثقافت و مذہب کے اظہار کی آزادی کو یقینی بنائیں گی۔
<!....ADVWETISE>
<!....ADVERTISE>
سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس تلاوت کلام پاک کے آغاز کے ساتھ شروع ہوا ، آسٹریلیا میں مقیم عالم دین علامہ نظام الحق تھانوی نے نیوزی لینڈ کی پارلیمان میں سورہ بقرہ کی آیات کی تلاوت کی۔
وزیراعظم نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے جیسنڈا آرڈرن سانحہ کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خطاب کا آغاز السلام علیکم سےکیا ۔
نیوزی لینڈ کے شہرآک لینڈ میں انسپکٹر پولیس کے عہدے پر تعینات مسلمان خاتون نائلہ حسن نے شہدا ء کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کیا کہ میں بھی ایک مسلمان ہوں۔ دہشت گردی کے وحشیانہ واقعے پر بات کرتے ہوئے نائلہ حسن بھی رو پڑیں۔ انہوں نے نیوزی لینڈ میں مقیم مسلمانوں کو تسلی دی کہ وہ مطمئن رہیں۔ہم اس ملک کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔
ترک صدر طیب اردگان ، سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان، ملکہ برطانیہ ملکہ الزبتھ اور برطانوی وزیراعظم تھریسا مئے سمیت کئی ممالک نے دہشت گردی کے اس واقعے کی مذمت کی ہے۔