سارا دن کرسی پر....
ڈیسک جاب اور موٹاپا
سوال:
میری عمر چالیس سال ہے میں ایک سوفٹ ویئر کمپنی میں جاب کرتاہوں۔ کام کی نوعیت ایسی ہے کہ میں مسلسل کئی کئی گھنٹے سیٹ پربیٹھارہتاہوں۔لنچ میں زیادہ تر فاسٹ فوڈ استعمال کرتاہوں۔ دوسال سے میرا یہی معمول ہے۔
پیٹ نکل آنے کی وجہ سے اب زیادہ دیر بیٹھنے میں تکلیف ہوتی ہے۔ خاص طور پرکھانے کے بعدکام یکسوئی سے نہیں کرسکتا کیونکہ میرا پیٹ پھول جاتاہے۔
<!....ADVWETISE>
<!....ADVERTISE>
جواب:
زیادہ وقت دفتر میں کرسی پربیٹھ کر کام کرتے رہنا، کم پیدل چلنا،رات کھانا کھانے کے فوراً بعد سوجانا،ایسے عوامل ہیں جن سے صحت متاثر ہوسکتی ہے۔ اس میں وزن کی زیادتی خصوصاً پیٹ کا بڑھنا بھی شامل ہے۔
آپ کو اپنی صحت کی بہتری کے لیے اپنے غذائی معمولات میں تبدیلی لانا ہوگی۔ خاص طورپر لنچ میں روزانہ فاسٹ فوڈ کا استعمال ترک کرنا ہوگا۔ فاسٹ فوڈ کا استعمال کبھی کبھار منہ کا ذائقہ بدلنے کے لیے توٹھیک ہے لیکن سارا دن دفتر میں بیٹھ کر کام کرنے والے مردوں اورخواتین کے لیے اسے روزکا معمول بنا لینا درست نہیں ہے۔
میرا مشورہ یہ ہے کہ آپ صبح کا ناشتہ اچھی طرح کریں۔ناشتہ میں بہترہوگا کہ روٹی سالن لیاجائے۔ دوپہر کا کھانا گھر کا بنا ہوا ہو لیکن کم مقدار میں کھایئے۔ رات کا کھانا سونے سے تقریباً ڈھائی تین گھنٹے پہلے لیجئے۔
کھانوں میں گھی، گائے کا گوشت،شکرآمیز سوفٹ ڈرنکس، آئس کریم اورفاسٹ فوڈز نہ لیں۔ کچی پکی سبزیاں اورپھل روزانہ لیں۔
وزن کم کرنے کے لیے قدرتی اجزاء پر مشتمل مندرجہ ذیل نسخہ بھی مفید ہے۔
ایک عدد کھیرا، ادرک کا ایک چھوٹا ٹکڑا، تازہ پودینہ ، ایک عدد لیموں اور ڈیڑھ لیٹر پانی۔
کھیرا چھیل کر اس کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑکے کرلیں ۔ ادرک کوباریک کتر لیں۔ کھیرا، ادرک اور پودینے کی اٹھارہ بیس پتیوں کو تقریباً ڈیڑھ لیٹر پانی میں ڈال دیں۔ اس پانی میں لیموں اچھی طرح نچوڑ لیں۔
یہ پانی رات بھر کے لیے فریج میں یا باہر کسی ٹھنڈی جگہ پر رکھ لیں۔ صبح اس پانی کو چمچ سے اچھی طرح ہلاکر چھان لیں۔ اس میں سے ایک گلاس پانی نہار منہ پی لیں۔ ڈیڑھ لیٹر میں سے باقی پانی دن میں وقفے وقفے سے پیتے رہیں۔