زیادہ تعلیم لڑکی کے رشتے میں رکاوٹ بن گئی؟
سوال:
میری بھانجی نے امتیازی نمبروں سے M.Sc. کیاہے ۔ آج کل وہ ایک بڑے اسکول میں سینئر ٹیچرکے فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ اس کی عمر تیس سال ہونے والی ہے۔
میری بہن اورہم سب خاندان والے اس بیٹی کارشتہ اب تک نہ ہونے کی وجہ سے بہت فکرمند ہیں۔یہ بیٹی دوبھائیوں کی ایک ہی بہن ہے اور ماشاءاﷲ خوب صورت اوراعلیٰ تعلیم یافتہ ہے مگر پتہ نہیں کیوں اس کارشتہ اب تک نہیں ہوسکا۔ یہ لڑکی جو پہلے بہت خوش مزاج اورہنس مکھ ہوتی تھی اب بہت خاموش اور چڑچڑی سی ہوگئی ہے۔ اس کے سامنے اس کی شادی کا تذکرہ ہوتو بہت ناراض ہوتی ہے اورکہتی ہے اسے اس کے حال پرچھوڑدیاجائے۔
آج کل کے دور میں لڑکے والوں کے رویے بھی بہت عجیب اورناقابل فہم ہوتے جارہے ہیں۔ لڑکی کم پڑھی لکھی ہو توکہتے ہیں کہ تعلیم کم ہے،لڑکی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو تو کہتے ہیں کہ اتنی زیادہ پڑھی لکھی لڑکی نہیں چاہیے۔
اس لڑکی کے لیے رشتے لانے والی بعض خواتین کا کہنا ہے کہ ہمارے لڑکے نے توگریجویشن کیاہے۔آپ کی لڑکی کی تعلیم ہمارے لڑکے سے زیادہ ہے مگر یہ باتیں بھی تین چارسال پہلے کی ہیں۔گذشتہ تین سال سے تو رشتے کے لیے کوئی آیا ہی نہیں۔
ایک خوش حال خاندان کی خوب صورت اعلیٰ تعلیم یافتہ لڑکی کے لیے جب رشتوں کی عدم دست یابی کامسئلہ درپیش ہو تو ذہن میں طرح طرح کے وسوسے بھی ابھرتے ہیں۔ یہ شبہ ہونے لگتاہے کہ کسی نے کوئی بندش تونہیں کروادی۔ اس دنیا میں دوسروں سے جلنے اور حسد کرنے والوں کی بھی کمی نہیں ہے۔
<!....AD=>
<!....ADV=>
جواب:
آپ کی بہن صبح اوررات سونے سے پہلے گیارہ گیارہ مرتبہ درود خضری پڑھیں اس کے بعد 101مرتبہ سورہ النساء کی آیت 53-54
اَمۡ لَہُمۡ نَصِیۡبٌ مِّنَ الۡمُلۡکِ فَاِذًا لَّا یُؤۡتُوۡنَ النَّاسَ نَقِیۡرًا O
اَمۡ یَحۡسُدُوۡنَ النَّاسَ عَلٰی مَاۤ اٰتٰہُمُ اللّٰہُ مِنۡ فَضۡلِہٖ ۚ فَقَدۡ اٰتَیۡنَاۤ اٰلَ اِبۡرٰہِیۡمَ الۡکِتٰبَ وَ الۡحِکۡمَۃَ وَ اٰتَیۡنٰہُمۡ مُّلۡکًا عَظِیۡمًا O
گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر بہترجگہ رشتہ طے ہونے اورخوش وخرم ازدواجی زندگی کے لیے دعاکریں۔
یہ عمل کم ازکم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
ناغہ کے دن شمار کرکے بعد میں پورےکرلیں۔
اس کے بعدگیارہ گیارہ مرتبہ سورہ فلق پڑھیں اورآخر میں اکیس مرتبہ درودخضری پڑھ کر پانی پر دم کرکے پلادیں یاآپ کی بھانجی خود پڑھ کر پانی پر دم کرکے پئیں۔
یہ عمل کم ازکم چالیس روز تک جاری رکھیں۔
گھر میں پرندوں کے لیے دانہ پانی کا انتظام کیجیے اس کے علاوہ بھی حسب استطاعت صدقہ کرتی رہیں۔