عورتیں اپنے جیون ساتھی پر شک کیوں کرتی ہیں

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی


عورتیں اپنے جیون ساتھی پر شک کیوں کرتی ہیں


سوال: 

میں گزشتہ پندرہ سال سے کراچی کے ایک علاقے میں اسٹیٹ ایجنسی چلا رہا ہوں۔  یہ کام مجھے میرے والد سے ورثے میں ملا ہے، اس کے علاوہ مجھے کوئی اور کام نہیں آتا۔ شادی کے بعد سے میرا یہ کام میرے لیے ذہنی اذیت کا سبب بن چکا ہے،  چونکہ  میں گھروں کی خرید و فروخت اور  انہیں کرائے پر دینے کے سلسلے میں مختلف گاہکوں سے رابطے میں رہتا ہوں۔  موجودہ دور میں  چونکہ تمام کاروبار موبائل فون پر منتقل ہوگیا ہے، اس لیے اکثر و بیشتر  گھر پر بھی گاہگوں کے فون آتے رہتے ہیں، ان گاہگوں میں  بڑی تعداد خواتین کی بھی ہوتی ہے جنہیں  کرائے کے مکانوں کی ضرورت ہوتی ہے یا اپنا کوئی مکان بیچنا ہوتا ہے۔ میں بہت ہی پیشہ وارانہ طریقے  اور ایمانداری سے ان سے ڈیل کرتا ہوں، اسی لیے میرے گاہک میری بہت عزت کرتے ہیں۔  اگر کوئی میری عزت نہیں کرتا تو وہ صرف میری بیوی ہے۔   شادی کے ابتدائی دنوں میں تو میری بیوی کا برتاؤ نارمل تھا، لیکن جیسے جیسے وقت گزرتا گیا اس کی طبیعت میں شک نمایاں ہوتا گیا۔  
میری بیوی کو  لگتا ہے کہ میں نے  اس کے علم میں لائے بغیر دوسری شادی کررکھی ہے اور میں فون پر اُس عورت سے باتیں کرتا رہتا ہوں۔   بعض اوقات وہ    فون کرنے والے گاہکوں کے ساتھ بد تمیزی کرنے سے بھی نہیں چوکتی۔
وہ مجھے اکثر فورس کرتی ہے کہ میں یہ کام چھوڑ کر کوئی دوسرا کام کرلوں ،  جس میں میرا خواتین سے ملنا جلنا نہ ہو۔  لیکن میں  کیسے اپنے جمے جمائے کاروبار کو بند کردوں  وہ بھی صرف اپنی بیوی کی  شک کی عادت کی وجہ سے۔  
اب اس کا شک اس قدر بڑھ چکا ہے کہ وہ بات بات  مجھ سے لڑنے لگی ہے، میرے والدین کو بھی بھلا برا کہتی ہے اور بچوں کے ساتھ بھی اس کا رویہ بہت ہی خراب ہے۔ 
بیوی کے شکوک کی وجہ سے میری زندگی  بےسکون اوربےرونق  ہوگئی ہے۔ بچوں  پرماں  کی توجہ نہ ہونا  الگ پریشانی کا  باعث  ہے۔




<!....ADVWETISE>
<!....ADVERTISE> 

جواب:

عورتوں کے اپنے شوہر، منگیتر یا پسندیدہ شخص پر شک کرنے کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ ان وجوہات میں محبت کی زیادتی، احساس ملکیت کا (Sense of Possession) شدید ہوجانا، خود پر اعتماد نہ ہونا، رشتے کے بارے میں خوف اور عدم اعتماد میں رہنا وغیرہ شامل ہیں۔  بعض عورتیں ذہنی کمزوری یا نفسیاتی عدم توازن کی وجہ سے بھی شک میں مبتلا ہوجاتی ہیں۔ بعض اوقات مردوں کے غیر ذمہ دارانہ رویے خاص طور پر غیر عورتوں سے بات چیت میں بےتکلفی یا اپنی عورت کے سامنے دوسری عورتوں کے حسن یا لباس وغیرہ کی تعریف کرنا بھی بیوی میں شک یا وسوسوں کا سبب بن جاتا ہے۔
شک ایک ذہنی کیفیت ہے اس کیفیت کا اظہار میاں بیوی یا مرد عورت کے تعلق میں زیادہ نظر آتا ہے لیکن مرد اور عورت کے شک میں اثرات کے لحاظ سے بہت فرق ہے۔ عورت کا اپنے مرد پر شک کرنا اظہار محبت کا ایک نسوانی انداز سمجھ کر درگزر کردیا جاتا ہے جبکہ مرد کا اپنی عورت پر شک کرنا اکثر اوقات کافی تلخ نتائج کا سبب بنسکتاہے۔
آپ کی بیگم کی باتوں پر غور کرنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا آپ پر شک کرنا دراصل ایک نفسیاتی عارضہ ہے۔ کمزور شخصیت (Weak Personality) کے حامل کئی مرد یا خواتین میں اس طرح کی کیفیات نمایاں ہوسکتی ہیں۔ آپ کی بیگم کو جذباتی اور نفسیاتی سہارے (Emotional & Psychological Support) کیضرورت ہے۔  
اپنی بیگم کے ساتھ اپنے برتاؤ کا جائزہ لیجیے۔ کاروباری مصروفیات یا ان کی باتوں کے رد عمل میں کہیں آپ خود انہیں نظر انداز تو نہیں کر رہے۔ آپ کی طرف سے ان کے ساتھ لاتعلقی کا اظہار تو نہیں ہورہا....؟
بیگم کی ذہنی حالت کی بہتری اور گھر کا ماحول خوش گوار بنانے کے لیے مناسب ہوگا کہ آپ اپنی بیگم کی ذات میں زیادہ دلچسپی لیجیے۔ ان کی خوب صورتی کی،  ان کے اچھے لباس کی  اور گھر میں ان کے کام کاج کی تعریف کیجیے۔ ان کے ساتھ باہر گھومنے پھرنے کے لیے وقت نکالیے، وقتاً فوقتاً انہیں تحائف دیجیے۔ ضروری نہیں کہ کوئی مہنگا تحفہ ہی دیا جائے شوہر کی جانب سے کوئی کم قیمت تحفہ بھی محبت سے پیش کیا جائے تو عورت کے لیے بہت خوشی اور بہت زیادہ اعتماد کا سبب بنتا ہے۔
بطور روحانی علاج....
رات سونے سے پہلے 101 مرتبہ سورہ العنکبوت (29) کی آیات 6-7
:
وَ مَنۡ جَاہَدَ فَاِنَّمَا یُجَاہِدُ لِنَفۡسِہٖ ؕ اِنَّ اللّٰہَ لَغَنِیٌّ عَنِ الۡعٰلَمِیۡنَ O
 وَ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ لَنُکَفِّرَنَّ عَنۡہُمۡ سَیِّاٰتِہِمۡ وَ لَنَجۡزِیَنَّہُمۡ اَحۡسَنَ الَّذِیۡ کَانُوۡا یَعۡمَلُوۡنَ 
O

 گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اپنی اہلیہ کا تصور کرکے دم کردیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور  ان کی ذہنی حالت میں بہتری کے لیےدعاکریں۔
یہ عمل کم ازکم چالیس روزتک جاری رکھیں۔

اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے