منگیتر کہتی ہے سگریٹ چھوڑدو یا رشتہ توڑدو
سوال:
میری عمر ستائیس سال ہے۔ جب میں میٹرک میں تھا اس وقت چند برے دوستوں کی صحبت میں بگڑگیا۔ یہ لڑکے اکثر کلاس سے غیر حاضر رہتے اور باہر نکل کر سگریٹ پیا کرتے۔ ان لڑکوں نے مجھے بھی سگریٹ پینے کی ترغیب دی۔ شروع شروع میں میں نے انکار کیا اس پر اُنہوں نے مجھے طنز کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ تو مردوں کے شوق ہیں۔ اپنے ان دوستوں کے کہنے میں آکر میں نے بھی سگریٹ نوشی کی بری لت اپنا لی پہلے دن میں دو تین سگریٹ پیتا تھا اب روزانہ پچیس تیس سگریٹ پیتا ہوں اس خراب عادت کے اثرات میری صحت پر ظاہر ہورہے ہیں۔ مجھے اکثر کھانسی رہنے لگی ہے۔ گزشتہ تین سال سے موسم کی تبدیلی کے دنوں میں مجھے زکام اور گلا خراب ہونے کی شکایت بھی ہوجاتی ہے۔ ڈاکٹر اس شکایت کا سبب بھی سگریٹ نوشی کو قرار دیتے ہیں۔ چند ماہ بعد میری شادی ہونے والی ہے۔ میری منگیتر کے گھر کا کوئی فرد سگریٹ نہیں پیتا۔ میری منگیتر کو سگریٹ کے دھوئیں اور اس کی بدبو سے سخت بیزاری ہوتی ہے۔ کبھی کبھی تو میری اس عادت سے تنگ آکر وہ کہتی ہے کہ یا تو سگریٹ چھوڑدو یا یہ رشتہ توڑدو۔
اپنی صحت کی خاطر اور اپنی منگیتر کی خواہش پر اب میں سگریٹ چھوڑنا چاہتا ہوں لیکن کئی بار کوشش کے باوجود کامیابی نہیں ہورہی برائے کرم سگریٹ نوشی سے نجات کے لیے آپ میری مدد فرمائیں۔
<!....ADVWETISE>
<!....ADVERTISE>
جواب:
سگریٹ نوشی ایک ایسی عادت ہے جو نہ صرف سگریٹ پینے والے کی صحت کے لیے شدید نقصان دہ ہے بلکہ سگریٹ کے دھوئیں سے ان لوگوں کو بھی خطرات لاحق رہتے ہیں جو خود تو سگریٹ نہیں پیتے مگر سگریٹ یا سگریٹ نوش کے منہ سے نکلنے والے دھوئیں کی زد میں ہوتے ہیں۔ اس طرح ایک اسموکر اپنے شوق یا عادت کی وجہ سے اپنے ساتھ دوسروں کی صحت پر بھی اثر انداز ہوتا ہے۔
سگریٹ نوشی یا اس سے ملتی جلتی دوسری کوئی عادت یا طلب ہو اس سے چھٹکارے کے لیے مضبوط قوتِ ارادی کی ضرورت ہے۔ قوتِ ارادی میں اضافہ کے لیے قرآن پاک کی تلاوت، اسمائے الٰہیہ کا ذکر اور مراقبہ بہت مفید ہے۔آپ صبح اٹھ کر وضو کرلیں۔ کوشش کریں کہ سارا دن باوضو رہیں۔ تاہم وضو برقرار رکھنے کے لیے طبیعت پر جبر نہ کریں۔ ضرورت پیش آئے تو دوبارہ وضو کرلیں۔
صبح یا شام میں کسی وقت ایک ، دو یا آدھا پارہ قرآن پاک کی تلاوت کرلیں۔ چلتے پھرتے کثرت سے اسمائے الٰہیہ یَا حَیُّ یَا قَیُّوْمُ کا ورد کرتے رہا کریں۔
رات سونے سے قبل مراقبہ کریں۔ مراقبہ سے قبل ایک تسبیح درود خضری :
صَلَّى اللّٰهُ تعالیٰ عَلىٰ حَبِيْبِهٖ مُحَمَّدٍ وَّ آلِهٖ وَسَلَّمْ
اور ایک تسبیح یَا حَیُّ یَا قَیُّوْمُ کا ورد کرلیا کریں۔
یہ عمل شروع کرنے پر سگریٹ چھوڑنے کا عہد کیجیے اور سگریٹ پینا چھوڑ دیجیے۔ انشاء اﷲ چند روز بعد آپ کو سگریٹ کی طلب نہیں ہوگی۔