بیٹے اور بہو پر نظر بد یا بندش
سوال:
میرے تین بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں۔ سب شادی شدہ ہیں۔ ایک بیٹے کے علاوہ سب اپنے اپنے گھروں میں خوش ہیں۔ میرا منجھلا بیٹا شدید مصیبتوں اور پریشانیوں میں مبتلا ہے۔ تعلیم مکمل کرکے اس نے پارٹنر شپ میں ایک کاروبار شروع کیا۔ تھوڑے ہی عرصہ میں اس کا کام بہت اچھا جم گیا۔ پھر ہم نے اس کی شادی کردی۔ میری یہ بہو بھی عادت و اطوار کی بہت اچھی ہے۔ میرے اس بیٹے کی شادی کو چند ماہ ہوئے تھے کہ اس کا کاروباری پارٹنر بزنس سے ایک بہت بڑی رقم لے کر خاموشی سے بیرونِ ملک چلا گیا۔ جن لوگوں کی ادائیگیاں کرنا تھیں اُنہوں نے میرے بیٹے سے تقاضہ شروع کردیا۔ اس طرح اپنے پارٹنر کی دھوکہ دہی کے باعث میرا بیٹا ایک بڑی رقم کا مقروض ہوگیا۔ کچھ قرضہ اس نے اپنا مکان ، دفتر اور گاڑی بیچ کر ادا کیا۔ کچھ اس کے بھائیوں نے مدد کی، پھر بھی اب تک پوری رقم ادا نہیں ہوسکی ہے۔ میرا بیٹا اپنے کاروبار میں سخت محنت کر رہا ہے۔ کماکر قرضہ اُتار رہا ہے۔ اپنا گھر بھی چلا رہا ہے۔ دوسری پریشانی یہ ہے کہ شادی کے چار سال گزرنے کے باوجود اب تک اس کے ہاں اولاد نہیں ہوئی ہے۔ میری بہو تین مرتبہ اُمید سے ہوئی لیکن چوتھے اور کبھی پانچویں مہینہ میں اِسے نااُمیدی کا سامنا کرنا پڑگیا۔
خوامخواہ گلے پڑجانے والے ایک بہت بڑے قرض کا بوجھ اوپر سے پے درپے یہ نااُمیدیاں۔۔۔۔۔ ان باتوں نے میرے بیٹے اور بہو کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔ میری معصوم صورت اور ہنس مکھ بہو کے چہرہ پر اب مسکراہٹوں کے بجائے ہر وقت اُداسی چھائی رہتی ہے۔ بیٹے کی صحت بھی بہت خراب ہوگئی ہے۔ دونوں زیادہ تر چُپ اور گُم سم رہنے لگے ہیں۔ اُن کی وجہ سے میں اور میرے سب بچے بہت پریشان اور فکرمند ہیں۔ ہمارے بعض رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ اسے کاروبار میں بہت جلد جو بہت زیادہ کامیابی ہوئی اس سے بہت سے لوگ جلنے لگے تھے ، ممکن ہے ان میں سے کسی کی بُری نظر لگ گئی ہو۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اولاد پر بندش کروادی گئی ہوگی۔ کوئی کہتا ہے کہ اس بے ایمان پارٹنر نے سفلی عمل کروادیا ہوگا۔ غرض مختلف لوگوں کی مختلف رائے ہے۔ برائے کرم اس مشکل سے نکلنے میں آپ ہماری مدد کریں۔
<!....ADVWETISE>
<!....ADVERTISE>
جواب:
نظرِ بد، جادو یا سحر وغیرہ بہرحال اپنے ضرر رساں اثرات رکھتے ہیں۔ اندازہ ہوتا ہے کہ ان بداثرات سے آپ کی بہو زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔ اﷲتعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ کے بیٹے بہو اور آپ سب کو ہمیشہ اپنی امان میں رکھیں۔ آمین۔۔۔۔۔ سحر سے نجات کے لئے مندرجہ ذیل عمل اپنی بہو کے لئے کرلیں۔۔۔۔۔
سر سے پیر کے انگوٹھے تک نیلے دھاگے کے گیارہ تار ناپ لیں۔ دھاگے کے سر پر ایک ڈھیلی گرہ لگائیں۔ ایک بار قل اعوذ برب الفلق پوری سورۂ پڑھ کر گرہ میں پھونک ماریں اور فوراً کس دیں یعنی پھونک کو گرہ میں بند کردیں۔ اسی طرح گیارہ بار سورۂ فلق پڑھئے اور گیارہ گرہیں لگانے کے بعد دھاگے کو دہکتے ہوئے کوئلوں پر ڈال دیں یا گیس کے چولہے پر جلادیں۔ یہ عمل کم ازکم اکیس روز تک جاری رکھیں۔ اس عمل کے لئے اپنی سہولت کے مطابق صبح، دوپہر ، شام یا رات میں کوئی بھی وقت مقرر کرلیں اور پھر اس وقت کی پابندی کیجئے، دس پندرہ منٹ آگے پیچھے ہونے میں کوئی حرج نہیں۔ اکیس روز مکمل ہونے سے پہلے دوبارہ بذاتِ خود یا پھر خط کے ذریعہ رابطہ کریں۔
آپ خودعشاء کی نماز کے بعد 101 مرتبہ سورۂ آل عمران کی آیت 37 میں سے
اِنَّ اللهَ يَرْزُقُ مَنْ يَّشَآءُ بِغَيْـرِ حِسَابٍ
گیارہ گیارہ مرتبہ درودشریف کے ساتھ پڑھ کر اپنے بیٹے کے کاروبار میں برکت و ترقی اور وسائل کی فراوانی کے لئے دعا کریں۔ آپ کی دعائوں سے انہیں بہت فیض ہوگا کیونکہ ماں کی دعا بڑی پُرتاثیر اور سریع الاثر ہوتی ہے۔