مراقبہ سے استفادہ کیسے کیا جائے؟

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی




مراقبہ سے استفادہ کیسے کیا جائے؟


ایک بڑے سرکاری ادارے میں بطور ریسریچ آفسیر کام کرنے والی ایک صاحبہ نے مجھ سے رابطہ کیا اور کہا کہ میں نے سنا ہے کہ مراقبہ سے ذہنی صلاحیتوں میں بہت اضافہ ہوجاتا ہے۔  انہوں نے کہا کہ آپ مراقبہ کے بارے میں لکھتے رہتے ہیں، کئی لوگوں کو آپ نے مراقبہ سے علاج بھی تجویز کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  میں انہیں مراقبہ کے فوائد و اثرات کے بارے میں مزید  کچھ بتاؤں  اور انہیں یہ بھی بتایا جائے کہ ان کے لیے کون سا مراقبہ بہتر رہے گا۔

اس حوالے سے میں یہ عرض کرنا چاہوں گا کہ  انسان ہزاروں سال سے مراقبہ اور اس کے مفید اثرات سے واقف ہے۔ ماضی میں کئی بڑی تہذیبوں  میں ہمیں لوگ مراقبہ سے استفادہ کرتے نظر آتے ہیں۔  روحانی لحاظ سے دیکھا جائے تو کئی سلاسل طریقت میں صوفی بزرگوں نے اپنے تربیتی نصاب میں مراقبہ کو بہت اہمیت دی ہے۔ آسان الفاظ میں مراقبہ کی ایک تعریف اس طرح کی جاسکتی ہے کہ مراقبہ   ذہنی یکسوئی  Concentration،  ذہنی سکون Peace of Mind اور طبیعت میں ٹھہراؤ Calmness حاصل کرنے کی ایک مشق ہے۔

 اس مشق سے قوت برداشت میں اضافہ اور حافظے  میں بہتری  کے علاوہ مختلف ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں اضافہ بھی ممکن ہے۔ امراض سے شفاء میں بھی مراقبہ سے مدد لی جاسکتی ہے اور  ان مقاصد کے حصول کے لیے کوئی بھی شخص مراقبہ کرسکتا ہے۔ 

اعصابی دباؤ، اسٹریس، ٹینشن، ڈپریشن کے مریض شفایابی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے، زندگی سے مایوس لوگ جوش، جذبہ اور حرارت حاصل کرنے کے لیے، طلبہ و طالبات اور  فنون لطیفہ سے متعلق افراد، اساتذہ کرام، دانش ور   اپنی ذہنی صلاحیتوں اور تخلیقی ہنر میں اضافہ کے لیے اور عام لوگ ذہنی سکون اور بہتر نیند کے لیے مراقبہ سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ 

غرض روحانی تربیت کے معاملات ہوں یا ظاہری علوم کے حصول میں معاونت، علاج معالجہ ہو یا پازیٹو فکر کا حصول، مراقبہ ایک غیر محسوس طریقے سے انسان پر اثر انداز ہوتا ہے اور اس کے ذریعہ آدمی کی شخصیت میں نمایاں تبدیلی آسکتی ہے۔

میرے والد محترم خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب نے اس موضوع پر ایک کتاب‘‘مراقبہ ’’ تحریر کی ہے۔ اس کتاب میں حضرت نے مراقبہ کی مختلف اقسام اور ان کے فوائد و اثرات وضاحت سے بیان فرمائے ہیں۔  

میں (ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی )نے ذہنی یکسوئی، صلاحیتوں میں اضافے،  سکون  اور شفاء کے لیے کئی مرد و خواتین  کو مراقبہ تجویز کیا۔ اللہ کا بڑا کرم ہے کہ ان میں سے اکثر لوگوں کو فائدہ ہوا۔ 

مراقبہ سے استفادہ کے خواہش مند افراد کو ہم ابتداء میں نیلی روشنی کا مراقبہ تجویز کرتے ہیں۔ اس کا ایک طریقہ یہ ہےکہ رات سونے سے پہلے وضو کرکے آرام دہ نشست میں بیٹھ جائیں۔ 101مرتبہ درود شریف اور 101 مرتبہ اللہ تعالیٰ کے اسماء یاحی یاقیوم کا ورد کرلیں۔ اس کے بعد آنکھیں بند کرکے بیٹھے ہوئے یہ  تصور کیجیے  کہ آپ نیلی روشنی سے منور ماحول میں بیٹھے  ہوئے  ہیں۔   یعنی ہمیں  یہ دیکھنا نہیں ہے کہ کہیں سے کوئی نیلی روشنی آرہی ہے یا ہم کسی بلب کو دیکھنا شروع کردیں، بلکہ ہمیںJust یہFeel  کرنا ہے،

Just Imagine that as if we are sitting  in a Blue Atmosphere 

نیلی روشنی سے منور ماحول میں بیٹھے   رہنے کا یہ تصور تقریباً دس بارہ  منٹ تک جاری رکھیے۔  وقت کے تعین کے لیے چاہیں تو الارم لگالیں۔

چند ہفتوں تک  باقاعدگی کے ساتھ  مراقبہ کرنے سے ان شاء اللہ بہت جلد شخصیت میں نمایاں تبدیلی محسوس ہوگی۔


اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے