مراقبہ ذہنی، جسمانی، روحانی فوائد کیا ہیں؟

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی
Mental, Physical, and Spiritual Benefits of Meditation?



مراقبہ ذہنی، جسمانی، روحانی فوائد کیا ہیں؟ 

مراقبہ صدیوں سے چلا آرہا ایک عمل  ہے،  چین، جاپان ، مشرق بعید کے کئی ممالک اور ہندوستان میں تو لوگ مراقبہ کو خوب سمجھتے تھے، لیکن گذشتہ چند دہائیوں میں مراقبے نے امریکہ، کینیڈا، یورپ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں بھی تیزی سے مقبولیت  حاصل کی ہے۔  دور ِ جدید میں مراقبہ سے   ذہنی  سکون اور کئی نفسیاتی و جسمانی بیماریوں سے شفا کے لیے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔  

مراقبہ سے ہر ایک فائدہ اٹھا  سکتا ہے۔ مراقبہ ایک کثیرالجہتی اور کثر الفوائد عمل ہے۔ میں نے مراقبہ سے فوائد  کے لیے تین مراحل  کا تعین کیا  ہے۔ 

1-جسمانی ،

2-ذہنی اور  

3- روحانی یا لا شعوری ….

ٹھیک طرح مراقبہ  کرنے سے سب سے پہلے جسمانی طور پر مثبت اثرات  ظاہر ہوتے ہیں۔  مراقبہ کر نے والے شخص کو اگر وہ ٹھیک طرح سے مراقبہ کر رہا ہو تو ، سب سے پہلے جو نتیجہ ملنا چائیے وہ  اُس کی نیند میں بہتری ہے۔ 

چند دنوں تک روزانہ دس  سے بیس منٹ مراقبہ کرنے سے یہ فائدہ ہو تا ہے کہ نیند بہت اچھی اور گہری ہوجاتی ہے  اور دورانِ نیند   جسم کی ریپئرنگ  Repairingاور مینٹی ننس Maintenance   کاجو قدر تی نظام ہے وہ زیادہ فعال اور متحرک ہو جا تا ہے۔ اس فعالیت کے نتیجے میں مراقبہ کرنے والا  دن بھر    بھی خود کو فریش محسوس کرتا  ہے ۔

میں نے بے خوابی یاکم خوابی کے کئی مریضوں کو مراقبہ تجویز کیا، ان میں سے اکثر افراد میں مراقبہ کے بہت اچھے نتائج سامنے آئے۔ یہاں تک کہ کچھ عرصہ بعد کئی مریضوں کی نیند کی دوائیں بتدریج کم ہونا شروع ہوگئیں۔ مراقبہ کرنے والا شخص آدھے گھنٹے کا مراقبہ کرکے دو گھنٹے تک کی نیند کے فوائد حاصل کرسکتا ہے۔ 

مراقبے کا دوسرانتیجہ ذہنی اور نفسیاتی طور پر بہتری آنا ہے، مثال کے طور پر ارتکاز توجہ میں اضافہ ہوتا  ہے، ذہنی یکسوئی  میں اضافہ ہوتا ہے اور ذہنی انتشار سے نجات ملتی ہے۔   مراقبہ کا یہ فائدہ اسے انزائٹی ،  اسٹریس ، ٹینشن  اور ڈپریشن میں مریضوں کے لیے فائدہ مند بناتا ہے۔ 

ذہنی یکسوئی میں اضا فہ ہونا آدمی کی قوتِ ارادی اور خود اعتمادی میں اضافہ کا ذریعہ بنتا ہے۔  

کسی ماہر کی رہنمائی میں مراقبہ کرنے سے تقریباً چھ  ماہ میں آدمی کی شخصیت میں نمایاں تبدیلیاں آنی چاہئیں ۔

مراقبہ کا ایک نتیجہ روحانی و باطنی ترقی ہے۔  اس کا مطلب ہے مراقبہ کے ذریعے باطنی نظر کا کھلنا …اس مقصد کے لئے کافی زیادہ مدت درکار ہے۔ 

بعض طالب علم یہ سوچتے ہیں کہ وہ صرف آنکھیں بند کر کے بیٹھیں گے اور کام ہوجائے گا…ایسا ہرگز نہیں ہے۔ اس مقصد کے لئے کسی ماہر استاد کی زیر نگرانی طویل عرصہ صحیح طور پر ریاضتوں کی ضرورت ہے۔ 

مراقبے کے جسمانی اور ذہنی  نتائج مہینے یا سال میں  مل سکتے ہیں۔ ہمیں پہلے ان نتائج کا جائزہ لینا چاہیے تاکہ ہمیں اندازہ  ہو سکے کہ ہمارا مراقبہ کس حد تک درست ہو رہا ہے۔  اس کا جائزہ لینا آسان ہے ....

ہم اپنی جسمانی عمومی صحت کو دیکھیں، پُر سکون نیند کے دورانیے کو نوٹ کرلیں۔ اسی طرح خوداعتمادی، قوتِ ارادی، ذہنی یکسوئی، قوتِ مدافعت میں اضا فہ کا جائزہ لیں۔ پابندی سے مراقبہ کرنے والے لو گوں کی ایمیونٹی Immunity اچھی ہو جا تی ہے۔ درست مراقبہ کی وجہ سے صحت بہتر ہونا چاہیے۔ذہنی ارتکاز یعنی  concentrationمیں اضا فہ ہونا چائیے۔ 

صحت بہتر رکھنے کے لیے ، ذہنی سکون اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے  کیوں نہ مراقبہ سے فائدہ اٹھایا جائے۔ 


اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے