بےروزگار شوہر کے بیوی سے مطالبات!

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی

   




 بےروزگار شوہر کے بیوی سے مطالبات!


سوال:  میں ایک کالج میں پڑھاتی ہوں۔ تنخواہ اچھی ہے۔ میرے سب بہن بھائی شادی شدہ ہیں۔ میری عمر بیالیس سال ہوگئی تھی، شادی نہیں ہوئی تھی۔ بہن کی ایک جاننے والی کی معرفت ایک صاحب کا رشتہ آیا۔ ان کی عمر پچپن سال بتائی گئی۔ بتایا کہ ان کے سب رشتے دار دوسرے شہر میں رہتے ہیں۔ نکاح کے بعد وہ اپنی بیگم کے ساتھ  رہنے کے لیے تیار ہیں۔

خیر.... میری ان صاحب سے شادی ہوگئی۔ میرا اپنا ذاتی مکان ہے۔ ان صاحب نے کہا کہ گھر کے سب اخراجات وہ اٹھائیں گے۔ 

کراچی میں وہ ایک پرائیویٹ ملازمت کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی تنخواہ پچیس ہزار روپے ہے۔  شادی کے بعد تین ماہ تک انہوں نے گروسری اور بجلی گیس کے بل ادا کیے۔ چوتھے مہینے انہوں نے  کہا کہ انہیں اپنی ایک بہن کو کچھ رقم  بھیجنی ہے اس لیے اس ماہ  وہ صرف گروسری کے لیے رقم دیں گے۔ بجلی گیس کے بل وہ نہیں بھریں گے۔ میں نے کہا چلیں ٹھیک ہے۔  

شادی کے  چوتھے ماہ انہوں نے گروسری اور  بلز کی رقم دینا بھی بند کردی۔ انہوں نے بتایا کہ  بہن بھائیوں کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کے لیے پیسے بھیجنے ضروری ہیں۔

اب ایک سال ہوگیا ہے وہ کوئی خرچ نہیں اٹھا رہے۔ میرے گھر میں   مزے سے رہ رہے ہیں۔ صبح ناشتے پر اور رات کھانے میں انہیں پراٹھے اور تازہ روٹیاں چاہئیں۔ ہفتہ دس دن میں انہیں ازدواجی  تعلق بھی چاہیے۔

میں یہ سب کام اس لیے بخوشی کرتی رہی کہ ان کی وجہ سے  مجھے مرد کا نام ملا ہے۔ میں اب مسز کہلاتی ہوں۔ اب انہوں نے ایک نیا مطالبہ کردیا ہے۔  وہ کہتے ہیں کہ پتا نہیں ہمارے ہاں اولاد  ہو یا نہ ہو۔ اولاد نہ ہونے کی وجہ سے  ہمارا رشتہ کم زور نہیں پڑنا چاہیے۔ اس لیے تم  اس مکان میں آدھا  حصہ میرے نام کردو۔ میں بہت حیران ہوئی۔ بجائے اس کے کہ وہ میرے لیے کچھ کرنے کا سوچتے الٹا مجھ سے ہی اپنے لیے جائیداد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہ بات میں نے اپنے بھائی بہنوں کو بتائی۔ سب نے مجھے کہا ہے کہ تم ایسا ہرگز نہ کرنا۔

محترم وقار عظیمی صاحب....! میں ان دنوں بہت پریشان ہوں۔ میں ڈرتی ہوں کہ اپنی جائیداد کا نصف حصہ ان کے نام نہ کیا تو کہیں وہ مجھے چھوڑ نہ دیں۔ میری شادی چالیس سال عمر گزرنے کے بعد ہوئی۔ اپنے شوہر کا موڈ اچھا رکھنے کے لیے شادی کے بعد گھر کے اخراجات  زیادہ تر میں نے ہی اٹھائے ہیں۔  شادی کے چند سال بعد اپنا گھر ٹوٹنے کا خدشہ مجھے بہت خوف زدہ  کر رہا ہے۔ میں بہت زیادہ ذہنی دباؤ میں ہوں۔ اس وجہ سے کالج میں تدریس بھی متاثر ہو رہی ہے۔

میں سوچتی ہوں کہ اپنے شوہر کا مطالبہ مان لوں لیکن میرے بہن بھائی بار بار مجھے تاکید کرتے ہیں کہ ایسا نہ کرنا۔

محترم وقار عظیمی صاحب....! مجھے بتائیے  کہ میں کیا کروں....؟

جواب:  میری دعا ہے کہ آپ کو صحیح فیصلہ کرنے کی ہمت ملے۔ آپ کو جلد ذہنی سکون ملے۔ 

میرا خیال ہے کہ جن صاحب نے آپ سے شادی کی ہے وہ  آپ کی اچھی ملازمت، ذاتی مکان کی ملکیت سے واقف تھے۔ انہوں نے آپ سے شادی دراصل اپنے لیے سہولتیں اور آسائشیں حاصل کرنے  اور نفسانی لذتوں کے لیے کی ہے۔ وہ بحیثیت شوہر خود کوئی ذمہ داری اٹھانا نہیں چاہتے۔ ان کی آمدنی آپ سے بہت کم ہے۔  وہ اپنی تنخواہ کا زیادہ حصہ  اپنے لیے بچا کر رکھنا چاہتے ہیں۔ اپنے  بہن بھائیوں  کو پیسے بھیجنے کا کہنا میرے خیال میں ان کا صرف ایک بہانہ ہے۔

آپ کے بہن بھائی بالکل صحیح مشورہ   دے رہے ہیں۔ آپ اپنے مکان میں انہیں ہرگز حصہدار نہ بنائیے گا۔ وہ میاں بیوی کا رشتہ مضبوط کرنے کا کہہ کر جائیداد اپنے نام کروانا چاہ رہے ہیں۔ اگر آپ  نے ان کی بات مان لی تو میرے خیال میں تو اس کے بعد ان کے مطالبات مزید بڑھ جائیں گے۔ ابھی وہ اپنی تنخواہ  میں سے کچھ بھی گھر پر خرچ نہیں کر رہے بعد میں وہ آپ سے اپنے لیے اخراجات کے مطالبے کرنے لگیں گے۔ آپ مسز کہلانے کے لیے ان کے ہاتھوں جذباتی  بلیک میل نہ ہوں۔ آپ کے رویے کی ذرا سی سختی انہیں سیدھا کرنے اور آپ کے ساتھ اپنا رویہ ٹھیک رکھنے کے لیے کافی ہوگی۔

بطور روحانی علاج....

عشاء کی نماز کے بعد مصلے پربیٹھے  بیٹھے اکتالیس مرتبہ سورہ حدید(57) کی  آیت  4-5


هُوَ الَّـذِىْ خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْاَرْضَ فِىْ سِتَّةِ اَيَّامٍ ثُـمَّ اسْتَوٰى عَلَى الْعَرْشِ ۚ يَعْلَمُ مَا يَلِجُ فِى الْاَرْضِ وَمَا يَخْرُجُ مِنْـهَا وَمَا يَنْزِلُ مِنَ السَّمَآءِ وَمَا يَعْرُجُ فِيْـهَا ۖ وَهُوَ مَعَكُمْ اَيْنَ مَا كُنْتُـمْ ۚ وَاللّـٰهُ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِيْـرٌ (4)


گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور مسئلے کے  جلدازجلد حل کے لیے دعا کیجیے۔

یہ عمل کم از کم چالیس روزتک جاری رکھیں۔ 

ناغہ کے دن شمار کرکے بعد میں پورے کرلیں۔



روحانی ڈاک - نومبر 2022ء 
ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی


اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے