چلتے کاروبار پر آسیب یا نظرِ بدکے اثرات....؟

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی



Effects of Black Magic or evil eye on running business....?

چلتے کاروبار پر آسیب یا نظرِ بدکے اثرات....؟

اس  موضوع پر ویڈیو دیکھنے کے لیے کلک کیجیے 
https://youtu.be/4s91yAMhpXA

 ایک صاحب نے مجھے بتایا  کہ پہلے ان کے مالی حالات کچھ زیادہ اچھے نہ تھے،   وہ ایک جگہ ملازمت کرتے تھے،  وہاں سے اچانک ان کی  ملازمت ختم  ہوگئی ۔  وہ بہت پریشان ہو گئے ، انہوں  نے  اپنے دوستوں سے قرض لیا   کچھ رشتہ داروں سے قرض لیا اور  ایک چھوٹے سرمائے سے ، معمولی سرمائے سے اپنا ذاتی  کاروبار شروع کیا۔
اللہ تعالیٰ   نے  کرم  کیا  وہ کاروبار چل پڑا اور رفتہ رفتہ  ان کی پروڈکٹ کی ڈیمانڈ   بڑھنی شروع ہوگئی،  تو جس جگہ پر انہوں نےکام شروع کیا تھا وہ جگہ کم پڑنے لگی ۔ اب انہوں نے مزید  کچھ رقم قرض لی اور ایک بڑی جگہ خرید کر  اپنا کارخانہ وہاں  منتقل  کردیا۔ اس نئی جگہ میں منتقل ہونے کے بعد ان کے کاروبار میں رکاوٹیں آنے لگیں۔ ان کے کئی بڑے آرڈر کینسل  ہوگئے  اور   ان کی مشینیں بھی چلتے  چلتے خراب  ہونے لگیں۔ 
یہ صاحب بہت پریشان ہوئے انہوں نے کئی عاملوں کو دکھایا۔ سب نے یہ بتایا کی جس جگہ پر کارخانہ ہے وہ جگہ آسیب  زدہ ہے اور کاروبار کے لیے بھاری ہے۔   ایک صاحب نے کہا کہ آپ اپنا  کارخانہ یہاں سے شفٹ کردیں۔  اب اس پر یہ صاحب بہت پریشان ہوئے کہ  اتنا سب کچھ  جمع پونجی لگا کر  میں نے یہاں  کارخانہ بنایا ہے، قرض بھی لیا ہے۔  نئی جگہ کاروبار شفٹ کرنا تو  آسان  کام نہیں۔ 
اب انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ مجھے کیا کرنا چاہیے۔ 
میں نے  ان سے عرض کیا کہ یہ بات تو صحیح ہے کہ بعض  جگہیں کاروبار  کے لیے یا رہائش کے لیے بھاری ہوتی ہیں  اور وہاں کاروبار کرنے والوں کو یا  رہائش والوں کو کچھ مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ لیکن  کاروبار میں رکاوٹوں  یا زندگی کے بعض  دوسرے مسائل کے کچھ اوراسباب بھی ہوسکتےہیں۔
اس مسئلے پر میں نے غور کیا تو مجھے اندازہ ہوا کہ دولت آجانے کے بعد ان  صاحب کی طرف  سے دوسروں  کی حق تلفی  اور دل آزاری ہوئی ہے۔ ان کے کاروبار میں  اللہ تعالیٰ نے برکت دی،  اس پر  انہیں اللہ کا شکرگزارہونا چاہیے تھا اور  لوگوں کے ساتھ خاص طور پر اپنے غریب رشتہ داروں کے ساتھ اور اپنے سے کم مالی وسائل رکھنے والے  تعلق داروں  کے ساتھ  اچھا رویہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔ لوگوں کے ساتھ  عزت واحترام سے  اور نرم لہجے میں بات کرنی چاہیے تھی۔
میں نے ان سے کہا  کہ آپ کو اپنا محاسبہ کرنا چاہیے اور یہ جائزہ لینا چاہیے کہ پیسہ آنے کے بعد اپنے رشتہ داروں  کے ساتھ اور پرانے تعلق داروں کے ساتھ آپ لوگوں  یعنی آپ کے اور آپ کی اہلیہ کے رویے  کیسے رہے ہیں؟
غربت سے امارت کی طرف آنے کے بعدآپ کی فخریہ یا طنزیہ باتوں سے اور  حقارت آمیز سلوک سے دوسروں  کی دل آزاری تو نہیں ہوئی۔
میں نے ان سے گذارش کی ایسی خطائیں سامنے آنے  کے بعد  پہلے اپنے دل میں ان غلطیوں کو تسلیم  کیا جائے ۔  اللہ تعالیٰ سے استغفار کیا جائے معافی مانگی جائے  اورپھر اپنے ان رشتہ داروں  اور تعلق داروں کے ساتھ کھلے دل سے معافی مانگی جائے۔ اپنے غریب رشتےداروں کی بہت عزت و احترام کے ساتھ مالی مدد کی نیت بھی کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور استغفار کیاجائے۔
بطور روحانی علاج   عشاءکی نماز کے بعد 101مرتبہ سورہ انفال(8)کی  دوسری تیسری اور چوتھی  آیات


 اِنَّمَا الْمُؤْمِنُـوْنَ الَّـذِيْنَ اِذَا ذُكِـرَ اللهُ وَجِلَتْ قُلُوْبُـهُـمْ وَاِذَا تُلِيَتْ عَلَيْـهِـمْ اٰيَاتُهُ زَادَتْـهُـمْ اِيْمَانًا وَّعَلٰى رَبِّـهِـمْ يَتَوَكَّلُوْنَ O اَلَّـذِيْنَ يُقِيْمُوْنَ الصَّلَاةَ وَمِمَّا رَزَقْنَاهُـمْ يُنْفِقُوْنَ O اُولٰٓئِكَ هُـمُ الْمُؤْمِنُـوْنَ حَقًّا ۚ لَّـهُـمْ دَرَجَاتٌ عِنْدَ رَبِّـهِـمْ وَمَغْفِرَةٌ وَّرِزْقٌ كَرِيْـمٌ O

گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھ کر اﷲ تعالیٰ سے دعاکیجیے ۔
صبح اور شام  پندرہ  مرتبہ سورہ فلق، پندرہ  مرتبہ سورہ الناس اور سات مرتبہ  آیت الکرسی پڑھ کر پانی پر دم کرکے پئیں اور یہ دم کیا ہوا تھوڑا سا  پانی کار خانہ میں اپنے دفتر کے چاروں کونوں میں   چھڑک دیں۔
وضو بے وضو کثر ت سے  اللہ تعالیٰ کے اسماء  

یاھادی یارشید یاحفیظ یاسلام 
کا ورد کرتے رہیں۔
حسب استطاعت صدقہ کیجیے اور ہر جمعرات کم از کم پانچ  یا سات مستحق افراد کو کھانا کھلانے کا اہتمام کیجیے۔
اللہ تعالیٰ سے میری دعا ہے کہ آپ کو مجھ کو ہم سب کو اپنی اصلاح کی توفیق ملے،  آپ کے کاروبار میں حائل بندشوں سے نجات ملے اور آپ کے رزق میں بہت برکت ہو۔ آمین

اس  موضوع پر ویڈیو دیکھنے کے لیے کلک کیجیے 
https://youtu.be/4s91yAMhpXA

اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے