اپنے خواب اپنی مرضی کے مطابق دیکھیے - 9

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی

اپنے خواب اپنی مرضی کے مطابق دیکھیے 

(حصہ نہم)


پرسکون نیند اور  واضح خواب دِکھانے والی غذائیں 





پہلے ہم  بتاچکے ہیں کہ  کچھ غذائیں ایسی ہیں  جن کی وجہ سے پیچیدہ اور ڈراؤنے خواب نظر آتے ہیں ۔ 
اب ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ایسی غذاؤں  کے بارے میں جن کی وجہ سے خواب واضح دکھائی دیتے  ہیں۔ 
 ثقیل  غذائیں کھا کر سونے سے  جسم میں  سیروٹونن ہارمون ایکٹیو ہوجاتے ہیں اس  وجہ سے پیچیدہ اور ڈراؤنے خواب نظر آسکتے ہیں۔ 
کچھ غذائیں ایسی  ہیں  جن کے کھانے سے   جسم میں میلاٹونن ہارمون کو تحریک ملتی ہے،   اس سے نیند بھی پرسکون رہتی ہے اور  خواب بھی واضح   نظر آسکتے ہیں اور یاد رہتے  ہیں۔
میلاٹونن ہارمون  نیند اور خواب پر اثر انداز ہوتاہے،   
میلاٹونین ایک ہارمون ہے جس سے سونے اور بیدار  ہونے کے سائیکل میں  باقائدگی رہتی ہے۔ اس کی وجہ سے جسم سونے اور بیدار ہونے کے اوقات کا حساب رکھتا ہے۔ اس ہارمون کے اضافے سے نیند کے اوقات میں ترتیب  پیدا ہوتی ہے۔ پرسکون نیند    میں میگنیشم  بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جب جسم میں میگنیشم کی سطح کم ہوتی ہے تو سونا مشکل ہوجاتا ہے اور زیادہ وقت کروٹیں بدلنا  پڑتی ہیں۔     
پرسکون نیند کے لیے ماہرین وٹامن بی6  کے مناسب استعمال کا بھی مشورہ دیتے ہیں۔  مغربی ممالک میں  میلاٹونن، میگنیشیم اور وٹامن بی 6 پر مشتمل ادویات ، ٹانک اور  کیپسولز وغیرہ ملتے ہیں لیکن  نیند کی گولیوں  اور کیپسولز کے بجائے قدرتی اشیاء کا استعمال بہتر ہے۔  

ماہرین کا کہنا ہے کہ نیند لانے والی بعض دواؤں میں مصنوعی طور پر میلاٹونن کی آمیزش کی جاتی ہے۔  لہٰذا ان دواؤں سے بہتر میلاٹونن کا قدرتی ذخیرہ ہے جو غذاؤں کی شکل میں بآسانی دستیاب اور صحت بخش ہے۔ 
 اچھے خوابوں کے لیے ایسی غذائیں استعمال کرنی چاہئیں جو میلاٹونن کو تحریک  دیں۔ مثال کے طور پر سفید اور سیاہ سرسوں، بادام اور سورج مکھی کے بیج اور ان کا تیل ،  اناجوں میں اَلسی (  سَن کا بیج)، جئی،جو , مکئی،    چاول، خشخاش،  سرخ  مولی،  چیری، ٹماٹر،  کیلا، انناس،  کینو  اور  نیم گرم  دودھ وغیرہ ....  
جڑی بوٹیوں میں  بالچھڑ ایک خاص بوٹی ہے جو اچھی نیند کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔اس کے علاوہ ایسے کھانے جن میں میگنیثیم ہو، جیسے ہرے پتے والی سبزیاں، اچھی نیند کے  لیے مفید ہیں۔


وٹامن بی 6 جن غذاؤں میں وافر مقدار میں دستیاب ہے ان میں گری دارمیوے، دودھ، گوشت، مرغی، مچھلی،  کیلا،  ایواکاڈو، پالک،  گوبھی، بند گوبھی، شملہ مرچ، لہسن،  لوبیا، آلو، تربوز  شامل ہیں۔




اگر یہ غذائیں شام یا رات سونے سے  دو تین گھنٹے قبل استعمال کرلی جائیں تو  ایک اچھی اور بھرپور نیند آسکتی ہے۔  جب نیند بھر پور ہوگی تو خواب کا سائیکل بھی بنا کسی رکاوٹ کے مکمل ہوگا۔ 





<!....ADVWETISE>
<!....ADVERTISE>




اچھی پرسکون نیند  اور واضح خواب دیکھنے کے لیے  خصوصا رات کے کھانے پر مندرجہ ذیل غذائی عادات ضرور اپنائیں


* کیلے ٹرپٹوفان نامی امینو ایسڈ سے بھرپور ہونے کے ساتھ  پوٹاشیئم اور  میگنیشم  کے حصول کا اچھا ذریعہ ہیں، یہ دونوں اجزاء عصاب اور پٹھوں کو آرام دہ اور ہلکا پھلکا کرتے ہیں اور نیند میں مدد دینے والے ہارمون میلاٹونین کو تحریک دیتے ہیں ۔ 

* سونے کے لیے لیٹنے سے قبل  ایک کھانے کا چمچ شہد استعمال کرلینا اچھی نیند میں مدد دیتا ہے۔ شہد میں بھی کیلے کی طرح امینو ایسڈ ٹرپٹوفان موجود ہوتا ہے جو کہ نیند کا معیار اچھا کرتا ہے۔ 

*نیم گرم دودھ پینے سے بھی نیند اچھی آتی ہے۔ خاص طور سے سونے سے کچھ دیر پہلے ایک گلاس نیم گرم دودھ پینا پرسکون نیند میں معاون ہے، کیونکہ اس میں بھی ٹرپٹوفان موجود ہوتا ہے ۔ دودھ سے جسم میں کیلثیم بنتا ہے جس سے جسم میں میلاٹونین کی مقدار میں اضافہ ہوتا  ہے۔  دودھ سے اعصاب کو سکون بھی پہنچتا ہے ۔ 

چیری کا جوس  یا پھل  میلاٹونین سے بھرپور ہوتا ہے۔ جو پرسکون نیند میں مدد دیتا ہے۔ ایک امریکی طبی تحقیق  کے مطابق چیری کے جوس کا ایک گلاس پینا نیند میں مدد دینے والے ہارمون میلاٹونین کی سطح بڑھاتا ہے، اس جوس کے استعمال سے بے خوابی کی شکایت میں  کمی آسکتی ہے۔


* بادام اخروٹ  اور گرے دار میوے بھی اچھی نیند کے لیے مفید ہیں۔  بادام میگنیشم سے بھرپور گری ہے۔ بادام میں موجود میگنیشیئم دماغی تناؤ کو کم کرتا ہے اور سر درد میں بھی مفید   ہے۔  

* چاول میں گلیسمیک انڈیکس کافی مقدار میں ہوتا ہے جو جلد سونے میں  مدد دیتا ہے. 

*شام میں شکر قندی کھانا رات میں اچھی نیند لانے کے لئے مفید ہے۔ 




ماہرین کا  کہنا ہے کہ شراب ، تمباکو نوشی دیگر نشہ آور چیزوں کا  استعمال خواب کو گمراہ کن اور پیچیدہ بناتا ہے اس لیے ان اشیا  سے  اجتناب 
ضروری ہے۔


[سچے اور واضح خواب دیکھنے کے لیے ، غذاؤں میں رد و بدل کے علاوہ اور کیا کیا کرنا چاہیۓ ۔۔۔۔۔۔۔ اگلے حصے میں ملاحظہ کیجیے]



اپنے خواب اپنی مرضی کے مطابق دیکھیے 

اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے