اپنے خواب اپنی مرضی کے مطابق دیکھیے
(حصہ ششم )
دوسرا مرحلہ: شعور کو حاوی کریں
یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ انسان دو رُخ سے مرکب ہے، ایک شعور دوسرا لاشعور۔
جب ہم خواب کی حالت میں ہوتے ہیں تو ہمارا لاشعور ایکٹیو ہوتا ہے۔ عام طور پر ہمیں محسوس نہیں ہوتا کہ ہم خواب دیکھ رہے ہیں کیونکہ ہم خواب دیکھتے وقت ہمارا شعور مغلوب ہوتا ہے۔ ایسے میں ہم بس خواب کی رو میں بہتے چلے جاتے ہیں اور ہم اسے حقیقی دنیا سمجھ رہے ہوتے ہیں۔ نیند سے جاگنے کے بعد ہمیں پتہ چلتا ہے کہ دراصل وہ تو ایک خواب تھا۔
خواب دیکھنے کے دوران اپنے شعوری حواس کو بیدار رکھنے کی کوشش کیجئے دوران خواب اپنے آپ کو یہ باور کرانے کی کوشش کریں کی آپ خواب دیکھ رہے ہیں اور ساتھ خواب میں ہونے والے تمام عمل کا بغور جائزہ لیتے ہوئے اس کی تصدیق بھی کریں۔
اگر خواب میں دیکھتے ہیں کہ ہم ہوا میں پرواز کر رہے ہیں یا آئن سٹائن کے سامنے بیٹھےہوئے ہیں تو ہمارا دماغ ہمیں فوراً بتاتا ہے کہ یہ حقیقت نہیں ہوسکتی کیونکہ انسانوں کے پر نہیں ہوتے لہٰذا ہم اڑ نہیں سکتے۔ آئن اسٹائن کو تو اس دنیا سے رخصت ہوئے برسہا برس بیت گئے۔ تو بھلاہم کیسے ان سے گفتگوکرسکتے ہیں…
اپنی سوچ کو مضبوط کرتے ہوئے خواب میں ایسی نشانیوں کو تلاش کیجیے جن سے آپ کو پتہ چل جائے کہ آپ خواب کی حالت میں ہیں، نہ کہ حقیقی دنیا
میں۔ جیسا کہ ہم نے پہلے بھی ایک مثال کے ذریعہ بتایا تھا کہ اگر کوئی ایسا خواب دیکھا جا رہا ہے جس میں آپ کے پَر لگ گئے ہیں اور آپ ہوا میں
محوپرواز ہیں تو اس موقع پر خود کو یقین دلائیے کہ آپ صرف ایک خواب دیکھ رہے ہیں کیونکہ حقیقی دنیا میں ایسا نہیں ہوتا۔
اسی طرح اگر خواب میں آپ کسی عمارت میں کھڑے ہیں ، یا خود کو دریا کے درمیان کشتی میں موجود پاتے ہیں تو یہ سوچئیے کہ اس سے قبل آپ کہاں تھے....؟ یہاں تک کیسے پہنچے....؟ اگر اس عمارت یا کشتی تک پہنچنے سے پہلے کی وجہ سمجھ میں نہ آئے تو سمجھ جائیں کہ آپ خواب میں ہیں ۔
ذیل میں ہم Dream Reality Check کے چند طریقے دے رہے ہیں ، اس سے یہ پتہ چلے گا کہ کبھی دوران خواب شعور بیدار ہو تو اس کو لاشعور پر کیسے حاوی کیا جائے کہ خواب اور حقیقت میں فرق کرنا آسان ہوجائے۔
1. پڑھنے کی کوشش کریں، خواب میں کوئی کتاب، مضمون، کاغذ، نوٹ بک، کچھ بھی ملتا ہے. اسے دو مرتبہ پڑھنے کی کوشش کریں، اگر ایک ہی سطر ایک بار پڑھنے کے بعد دوبارہ پڑھنے پر کسی طرح سے تبدیل ہو تو آپ خواب دیکھ رہے ہیں، یا اگر آپ اسے دوبارہ پڑھنے کے قابل نہیں ہیں تو آپ خواب کی دنیا میں ہیں۔ خواب میں، اکثر حروف اور اعداد و شمار پڑھنا دماغ کے لیے مشکل ہوتا ہے کیونکہ دماغ کے جو علاقے ان کاموں کے ذمہ دار ہیں وہ ایکٹیو نہیں ہوتے۔
2. اپنی ناک بند کرکے سانس لینے کی کوشش کریں ، یہ ایک اچھی تکنیک ہے، اگرچہ خواب میں آپ اپنے ناک بند کرسکتے ہیں لیکن سانس لینا روک نہیں سکتے ۔
3. اپنا ہاتھ دیوار پر رکھیں ، اگر آپ کا ہاتھ دیوار کے آر پار ہوجاتا ہے ... آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ یہ یقینی طور پر حقیقی دنیا نہیں ہے!
4.ارد گرد کی چیزوں کو دیکھیں مثلا خود کو آئینے میں دیکھنے سے اگر آپ کو خود میں ارد گرد عجیب چیزوں کو محسوس کر یں تو سمجھ جائیں کہ آپ خواب میں ہیں۔
5. اسی طرح عام چیزوں کی حرکات پر غور کریں لٹو، پہیہ، پنکھا اور گھڑی اگر نارمل انداز سے نہیں چل رہی تو آ پ خواب میں ہی ہیں۔
برکلے میں واقع سلیپ لیبارٹری کے ڈائریکٹر کے مطابق دماغ کا ایک مخصوص حصہ جو منطق کو کنٹرول کرتا ہے لیوسڈ خواب میں اہم کردار ادا کرتا
ہے۔ انہوں نے نیند کے دوران مشاہدہ کیا ہے کہ دماغ کا یہ حصہ ہمیں باور کراتا ہے کہ ہم سو رہے ہیں لیکن یہ عین ممکن ہے کہ اچانک یہ حصہ جاگ
جائے۔ لہٰذا ایسا بھی ہوتا ہے کہ منطق اور خواب باہم مل کر کام کرنے لگتے ہیں جس سے خواب دیکھنے والے شخص کو یہ احساس ہوجاتا ہے کہ وہ
حقیقت کی دنیا میں نہیں۔
یاد رکھیں!! جب تک آپ یہ نہیں جان پائیں گے کہ آپ واقعی خواب میں ہیں آپ اس پر قابو پانے کے بجائے اسی کی رو میں بہتے چلے جائیں گے۔
(جاری ہے)