اپنے خواب اپنی مرضی کے مطابق دیکھیے - 2

مرتبہ پوسٹ دیکھی گئی



اپنے خواب اپنی مرضی کے مطابق دیکھیے 

(حصہ دوم )



سینوئی قبیلے میں خوابوں کی اہمیت کے حوالے سے اطلاعات عام ہوئیں تو خوابوں پر تحقیق کرنے والی، خواب کے موضوع پر نصف درجن سے زیادہ کتابوں  کی مصنفہ معروف  ماہر نفسیات   پٹریشیا گا رفیلڈ (Patricia Garfield)   نے سینوئی قبیلے  سے متاثر ہوکر ایک کتاب کریِ ایٹوڈریمنگ Creative Dreamingکے نام سے لکھی ہے ۔ 


   Creative Dreaming  - By: Patricia Garfield  


اس کتاب میں پیٹریشیا نے لکھا  ہے کہ سینوئی قبیلے کے افراد اپنے  خوابوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے تین اہم اصول اپنائے ہوئے ہیں۔ 


1۔خطرہ کا مقابلہ کرو اور اس پر فتح پاؤ۔ Confront and Conquer Danger
2۔خوشیوں کی جانب پیش قدمی کرو۔ Advance Towards Pleasure
3۔مثبت نتائج پاؤ  Achieve a Positive Outcome




پہلے اصول کے ذریعہ خواب دیکھنے والا ہر قسم کی مشکلات پر قابو پانا سیکھتا جاتا ہے۔ مثلاً ایک بچہ جب اپنے بڑوں کو اپنا ایک خواب جس میں وہ ایک چیتے سے ڈر کر بھاگ نکلا تھا، سناتا ہے تو اسے کہا جاتا ہے کہ اس واقعہ کو دوبارہ اپنے خواب میں لاؤ۔ جہاں کھڑے ہو وہ جگہ ہرگز نہ چھوڑو اور  چیتے پر شدت سے حملہ کردو ۔ چیتے کو اپنے اوپر حملہ نہ کرنے  دو۔ اگر ضروری سمجھو تو اپنے کسی مدد گار یا ہتھیار کو اپنی مدد کے لئے استعمال کرو لیکن  اس جگہ سے ہر گز نہ بھاگو کیونکہ چیتا موقع پاتے ہی تم پر چھلانگ لگائے گا اور تمہیں دبوچ لے گا۔  


اس طرح بچہ ایک ڈراؤ نے خواب کو ایک تعمیری سبق میں تبدیل کر کے خود پر اعتماد کرنا سیکھ لیتا ہے۔ 



<!....ADV>
<!....ADV>



دوسرے اصول کے مطابق  خوشیوں کا پیچھا کرنا ہے اور انہیں تلاش کرکے حاصل کرنا ہے۔ اس اصول کے تحت یہ سکھایا جاتا ہے کہ  ڈراؤنے اور خطرناک خوابوں سے اعلیٰ اور خوشگوار نتائج حاصل کرو مثلاً دوران ِ خواب کسی بلندی سے نیچے گرتے ہوئے سینوئی قبیلہ کے فرد کو اس  تجربہ کے ذریعہ آسانی سے فضا میں اُڑ نے کی خوشی کے حصول کا ذریعہ بنانا ہوگا۔  
اس طرح سینوئی  قبیلے کے لوگ اپنی امنگوں اور خوابوں سے اپنی خانہ بدوشی کی زندگی کو بھی بہترین  اور مسرت آمیز زندگی میں تبدیل کر دیتے تھے۔ 

تیسرے اصول کے تحت    قبیلے کا ہر فرد اتنا چاق وچوبند ہو جاتا ہے کہ وہ اچھے ، محکم اور بیّن (شبہہ سے بالا) فیصلے کر سکتا ہے . 

اس اصول کے ذریعہ خواب دیکھنے والے کو اپنے ساتھ پیش آنے والے کسی بھی غلط ، مخالفانہ اور ناموافق حالات سے درست اور کارآمد نتیجہ اخذ  کرکے سازگار اور خوشگوار ماحول تشکیل دینا سکھایا جاتا ہے۔ 
اگر کسی فرد کو خواب میں اس کا دشمن زخمی کردے تو وہ  اپنے آپ کو یوں تسلی  دے سکتاہے کہ میں نے یہ چھوٹی سی تکلیف اٹھا کر دو فائدے حاصل کئے اوّل دشمن کی طاقت کم کردی دوئم دشمن سے دفاع کا طریقہ سیکھ لیا۔ 
اس طرح سینوئی فرد مقابلے کے بہتر طریقوں سے مزین ہو کر اپنے خواب میں دوبارہ اپنے مدمقابل کو سامنے لاتا ہے اور خواب میں اس سے بچ کر اسے 
مناسب جواب دے سکتا ہے۔ 

اس کے علاوہ ایک اور چیز ہے جو سینوئی قبائل اپنے خوابوں سے حاصل کرتے  ہیں اور اسے وہ خوابوں کا تحفہ کہتےہیں۔سینوئی قبیلے   کے  مطابق 
خواب دیکھنے والے ہر شخص کو ہر خواب سے ایک تحفہ ضرور لینا چاہیے۔     خواب کا یہ تحفہ کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ مثلاً موسیقی کی کوئی دھُن، نقاشی کی گئی 
لکڑی کا ٹکڑا، کوئی پینٹنگ،  یعنی کوئی بھی نیا ہنر، نیا  خیال،  جو جاگنے کے بعد ان کی زندگی میں ان کے کام آئے۔  دوسرے لفظوں میں ہر خواب   
کے ذریعے لوگ اپنی مشکل کا حل یا اپنی کامیابیوں کا راستہ  پا سکتے ہیں۔
مغربی معاشرے میں اس طرح کے خواب کے تحفے کا ذکر آپ سن چکے ہوں گے،  سلائی مشین کے موجد الیاس  ہووےElias Howe  نے  سلائی مشین کو ایک  خواب کی مدد سے تیار کیا تھا،   رابرٹ لوئس اسٹیونسنRobert Louis Stevenso  نے اپنے مشہور زمانہ افسانے لکھنے سے پہلے اپنے خوابوں میں دیکھے تھے،  ویگنرWagner، موزارٹ Mozart  اور  بیتھوونBeethoven  اپنی موسیقی کی دھنیں خوابوں سے ہی سیکھتے تھے اور البرٹ آئن اسٹائنEinstein  کو  اپنے مشہور نظریہ اضافیت   کا خیال ایک خواب  کی مدد سے ہی  آیا تھا ۔  



آج بہت سے سائیکالوجسٹ اور سائیکاٹرسٹ انسانی دماغ ، نفسیات اور نیورولوجی کی تحقیقات کے بعد یہ کہتے ہیں کہ ہمارا اپنا دماغ  مشکلات کا بہتر حل ہمیں خواب کی صورت میں دکھلاتا ہے۔ خوابوں سے استفادہ  کرنے کے بعد لیوسڈ Lucid خواب   یعنی واضح اور روشن خواب دیکھے جاسکتے ہیں ایسے خواب تھری ڈی  فلم کی طرح بامعنی ہوتے  ہیں۔  




(جاری ہے)

[سائنس دانوں کے مطابق اپنے خوابوں کو کنٹرول کرنا ممکن ہے۔۔۔۔۔۔  کیسے یہ اگلے حصے  میں ملاحظہ کیجیے]


اپنے خواب اپنی مرضی کے مطابق دیکھیے 

اپنے پسندیدہ رسالے ماہنامہ روحانی ڈائجسٹ کے مضامین آن لائن پڑھنے کے لیے بذریعہ ای میل یا بذریعہ فیس بُک سبسکرائب کیجیے ہر ماہ روحانی ڈائجسٹ کے نئے مضامین اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر پر پڑھیے….

https://roohanidigest.online

Disqus Comments

مزید ملاحظہ کیجیے