اپنے خواب اپنی مرضی کے مطابق دیکھیے
(حصہ دہم)
خواب اور خوشبو
غذا کی طرح خوشبویات بھی نیند اور خواب پر اثرانداز ہوتی ہیں۔ اس وقت دنیا کے مختلف ممالک میں اروما تھراپی پر کام ہورہا ہے۔ خوشبو کے ذریعے جوڑوں کے درد، سینے کے امراض، سردی، کھانسی، نزلہ و زکام، بےچینی، تھکاوٹ، بدہضمی، دمہ، ٹینشن، جلن، خارش، ایگزیما، خشکی، سوجن، سر ، پیٹ اور جسم کے درد، الرجی، دانت درد، جگر کے امراض، پتھری، بےخوابی وغیرہ میں آرام دیکھا گیا ہے۔اروتھراپی میں زیادہ تر نفسیاتی تناؤ، ڈپریشن، موڈ کی بہتری، جسمانی درد اور نیند کی کمی کا علاج کیا جاتا ہے۔
سائتا مایونیورسٹی Saitama University جاپان کے اکیونا کا مورا Akio Nakamura کے مطابق قدیم زمانے سے لوگ بعض مخصوص پودوں کی خوشبو سونگھ کر نا صرف ذہنی دباؤ اور تفکرات سے آزادی حاصل کرتے آئے ہیں بلکہ ان خوشبوؤں کی مدد سے ان کی جسمانی سوزش بھی کم ہوجاتی ہے اور وہ ڈپریشن اور اسٹریس کے چنگل سے رہائی پاجاتے ہیں، یہاں تک کہ پھولوں اور پھلوں کی خوشبو انہیں گہری نیند کی وادی بھی لے جاتی ہے ۔
اروماتھراپی میں خوشبو کو صرف سونگھا ہی نہیں جاتا بلکہ اس کے تیل مختلف طریقوں سے استعمال کئے جاتے ہیں۔ تیل لگانے، مساج کرنے یا ان کی خوشبو ناک میں داخل ہونے کے بعد اندرونی اعضاءاور نسیں متحرک ہوجاتی ہیں اور اعصابی نظام کے ذریعے دماغ تک اس کا پیغام پہنچ جاتا ہے۔
خوشبوکے مالیکیولز دماغی خلیوں میں احساسات اور جذبات پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ مثلاً ‘‘لیونڈر’’ کی خوشبو دماغ کو سکون دیتی ہے جیسے نیند کی گولی اثر کرتی ہے۔ لیونڈر آئل کا مساج سکون دیتا ہے ۔ اس سے بھی نیند آجاتی ہے رات کو کمرے میں لیونڈر کی خوشبو بھی آرام دہ نینددیتی ہے۔ لیونڈر تیل کے چند قطرے سونے سے پہلے ماتھے اور کنپٹی پہ لگانے سے پرسکون نیند آتی ہے اور خوابوں کے سائیکل میں بھی روانی آتی ہے۔ چنبیلیJasmine کے تیل کو کلائیوں پر لگانا بھی پرسکون نیند میں معاون ہے۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ رات سونے سے قبل نہانے سے جسم اور ذہن کو سکون ملتا ہے۔ سونے سے آدھا گھنٹہ قبل نہانا اچھی نیند کے لیے مفید ہے۔ اس غسل کو مزید موثر بنانے کے لیے نہانے کے پانی میں چند قطرے چنبیلی یا لیونڈر کا تیل شامل کرنامفید ہوگا۔
<!....ADVWETISE>
<!....ADVERTISE>
چنبیلی اور لیونڈر کے علاوہ بالچھڑ، گلاب، موتیا، نرگِس ،رات کی رانی، زعفران، صنوبر، نازبواور کیوڑا جیسے پھولوں کی خوشبو دل و دماغ کے لیے تازگی اور نیند کے مسائل کیلئے انتہائی موثر ہے۔ یہ خوشبویات ذہنی پریشانی کو دور کرنے کے ساتھ خون کی حرارت کو بھی کم کرتی ہیں۔
ان کے علاوہ اکلیل کوہستانی Rosemary، بابونہ Chamomile، نیل کمل Blue Lotus، کے پھول ، پودینہ Peppermint کا عرق اور پودینے کی بعض اقسام مثلا لیمن بام Lemon Balm، پنچولی Patchouli اور رادید ساج Clary sage کا عطر ، سونف اور لونگ کا تیل Clove، ولیرین سنبل Valerian اور سنبل انجلیق Angelica کی جڑ اور عُود Agarwood لوبان Frankincense کی خوشبو اور ان کے تیلوں کی مالش بھی پرسکون نیند اور واضع خواب کے لیے مفید بتائی جاتی ہے۔
ان کے علاوہ اکلیل کوہستانی Rosemary، بابونہ Chamomile، نیل کمل Blue Lotus، کے پھول ، پودینہ Peppermint کا عرق اور پودینے کی بعض اقسام مثلا لیمن بام Lemon Balm، پنچولی Patchouli اور رادید ساج Clary sage کا عطر ، سونف اور لونگ کا تیل Clove، ولیرین سنبل Valerian اور سنبل انجلیق Angelica کی جڑ اور عُود Agarwood لوبان Frankincense کی خوشبو اور ان کے تیلوں کی مالش بھی پرسکون نیند اور واضع خواب کے لیے مفید بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ ہر پھول کی خوشبو نیند کے لیے مفید نہیں مثلاً بیلا کے پھول کی خوشبو بےخوابی کا سبب بن سکتی ہے۔
کیفین، کافی، دارچینی، چائے وغیرہ بھی اعصاب کو متحرک کرکے نیند اُڑادیتی ہے۔
دماغ بہلانے کے بہانے
آج کے تیز رفتار دور میں نیند بھی ایک لکژری بن کر رہ گئی ہے۔ کئی لوگوں کے لیے ہر رات بھرپور نیند کا حصول مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔ دیر سے سونا اور کالج یونیورسٹی اور آفس جانے کے لیے صبح سویرے اٹھنے کے باعث لوگ دن بھر تھکا وٹ اور سستی محسوس کرتے ہیں۔ نیند کی بے ترتیبی و بے قائدگی کے باعث اکثر لوگ خواب یاد رکھنے سے بھی محروم ہوچکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر شخص کے نیند آنے کا وقت مختلف ہے۔ کوئی بستر پر لیٹتے ہی نیند کی گہری وادیوں میں اتر جاتا ہے۔ کسی کو اپنے دماغ کو بہلانے کی ضرورت ہوتی ہے جیسے موسیقی سننا اور کتاب پڑھنا....
آپ نے دیکھا ہوگا کہ اکثر افراد ٹی وی دیکھتے ہوئے، موسیقی سنتے ہوئے یا کوئی کتاب پڑھتے ہوئے فوراً سو جاتے ہیں، بعض لوگ نیند پانے کے لیے تصور میں میدان سے گزرتی ہوئی بھیڑیں گنتے ہیں اور بعض بچے کہانیاں سنتے ہیں۔ ان سب کی ایک ہی وجہ ہوتی ہے کہ ان کا دماغ کے اعصاب تھک کر سست ہوجائے اور انہیں جلد نیند آجائے۔ ماہرین کے مطابق غنودگی اس وقت محسوس ہوتی ہے، جب ہمارے جسم میں موجود ایڈینوسائن (Adenosine)نامی مالیکیولز دماغ کے اعصاب سے چمٹ جاتا ہے اور ان کی حرکات وسکنات کو سست کرنا شروع کردیتا ہے۔
رات سونے سے پہلے ہلکی پھلکی ورزش اور یوگا بھی اچھی نیند کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتا ہے۔ ان ورزشوں سے اعصاب کو سکون ملتا ہے۔